وزارت خزانہ
سکریٹری اخراجات جناب وی۔ وولنم کی آج نئی دہلی میں انڈین کاسٹ اکاؤنٹس سروس (آئی سی او اے ایس) ڈے 2025 کے یومِ تاسیس کی تقریب کی صدارت
Posted On:
09 AUG 2025 8:09PM by PIB Delhi
وزارت خزانہ میں محکمہ اخراجات (ڈی او ای) جناب وی۔ وولنم نے آج نئی دہلی میں محکمہ اخراجات کے تحت انڈین کاسٹ اکاؤنٹس سروس کے یومِ تاسیس کی صدارت کی۔ اس سال کی تقریبات کا موضوع تھا ’’آئی سی او اے ایس اِن SAM@₹TH بھارت‘‘، جو ترقی یافتہ بھارت کے ویژن کی تکمیل میں آئی سی او اے ایس افسران کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
اپنے کلیدی خطاب میں جناب وولنم نے بھارت کے معاشی منظرنامے کو تشکیل دینے میں آئی سی او اے ایس افسران کی لگن، مہارت اور عزم کی تعریف کی اور ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول میں آئی سی او اے ایس افسران کے اہم کردار پر زور دیا۔
جناب وولنم نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مالیاتی انتظام کے مؤثر اور کارگر نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی اور اختراع کو اپنائیں۔ انہوں نے آئی سی او اے ایس کیڈر کی جانب سے متعارف کرائے گئے استعداد کار میں اضافے کے لیے ہفتہ وار تربیتی پروگرام کی بھی تعریف کی اور آئی سی او اے ایس افسران کو اس میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی۔
جناب وولنم نے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کے لیے آئی گوٹ کرم یوگی کے کردار کو اجاگر کیا اور یہ بھی تجویز پیش کی کہ افسران اپنے تجربے اور علم کی بنیاد پر مختصر کیپسول کورسز تیار کریں، جو مختلف وزارتوں اور محکموں میں آئی سی او اے ایس افسران کے کردار کی وضاحت کریں اور ان کورسز کو آئی گوٹ پورٹل سے منسلک کریں۔
اس موقع پر، انہوں نے آئی سی او اے ایس کا ای بُروشر جاری کیا، جس میں اس کے ارتقاء، اہم کاموں، کامیابیوں اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔
اس سے قبل، جناب پون کمار، چیف ایڈوائزر (کاسٹ) اور آئی سی او اے ایس کے سربراہ نے گزشتہ سال کے دوران آئی سی او اے ایس میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ اس تقریب میں آئی سی او اے ایس کے سفر، ارتقاء اور اثرات پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
جناب وولنم نے تین نوجوان آئی سی او اے ایس افسران کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ’سرووتم‘، ’اتی اُتم‘ اور ’اُتم‘ توصیفی اسناد سے نوازا۔
افتتاحی اجلاس کے بعد سکریٹری اخراجات اور چیف ایڈوائزر (کاسٹ) کی موجودگی میں تین تکنیکی سیشنز منعقد ہوئے۔
سفیر دیپک وہرا (آئی ایف ایس ریٹائرڈ) نے ’’دی جمونت ایفیکٹ: انڈیا بِکمز بھارت‘‘ کے عنوان سے ایک مؤثر کلیدی خطاب پیش کیا، جس میں انہوں نے ورثے اور جدت کے امتزاج کے ذریعے بھارت کی ثقافتی بحالی اور عالمی عروج پر زور دیا۔
دوسرے سیشن میں، نیتی آیوگ کے سینئر ایڈوائزر جناب انوراگ گوئل نے انفراسٹرکچر تجاویز کے جائزے پر گفتگو کی اور مؤثر منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے مضبوط تشخیصی فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔
تیسرے سیشن کی قیادت سائبر سکیورٹی کے ماہر جناب گوتَم کپور نے کی، جس میں حکمرانی میں ڈیجیٹل سکیورٹی کے اہم کردار پر توجہ مرکوز کی گئی اور سرکاری نظام میں سائبر لچک کو مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی پیش کی گئی۔
تقریب میں مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران نے بھرپور شرکت کی، جس سے پالیسی سازی، لاگت کے انتظام اور مؤثر عوامی اخراجات میں آئی سی او اے ایس کے اہم کردار کی توثیق ہوئی۔
آئی سی او اے ایس ڈے2025 کی تقریبات نے استعداد کار میں اضافے، علم کے تبادلے اور حکمتِ عملی پر مبنی مکالمے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا، جس سے ایک مضبوط، زیادہ لچکدار اور معاشی طور پر بااختیار بھارت کی تعمیر کے لیے اس سروس کے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت ملی۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4453
(Release ID: 2154802)