قومی انسانی حقوق کمیشن
این ایچ آر سی، بھارت نے دہلی کے دوارکا نارتھ تھانے میں پولیس حراست کے دوران مبینہ جسمانی تشدد کے بعد ایک شخص کی خودکشی کی خبروں کا از خود نوٹس لیا
دہلی پولیس کمشنر کو نوٹس جاری، دو ہفتوں کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی
Posted On:
18 JUL 2025 4:29PM by PIB Delhi
قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی)، بھارت نے دہلی کے دوارکا نارتھ پولیس اسٹیشن میں پولیس کے مبینہ جسمانی تشدد کے بعد ایک شخص کی خودکشی کی میڈیا رپورٹ پر از خود نوٹس لیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، مذکورہ شخص نے 11 جولائی 2025 کو خودکشی کر لی، جبکہ اسے 10 جولائی 2025 کو ایک خاتون سپروائزر کی جانب سے چوری کی شکایت کے سلسلے میں تفتیش کے لیے پولیس حراست میں لیا گیا تھا۔ متاثرہ شخص دہلی کے ننگلی وہار علاقے کا رہائشی تھا اور آئی پی یونیورسٹی میں کنٹریکٹ ملازم کے طور پر کام کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر میڈیا رپورٹ میں بیان کردہ تفصیلات درست ہیں تو یہ متاثرہ شخص کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ چنانچہ، کمیشن نے دہلی کے پولیس کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر واقعے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا رپورٹ، جو 12 جولائی 2025 کو شائع ہوئی، کے مطابق متاثرہ شخص کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ اسے مبینہ طور پر بجلی کے جھٹکے بھی دیے گئے، جس کے باعث اس کے کان میں سوجن ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق، متاثرہ شخص کو اس کے اہل خانہ اسپتال لے گئے، جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے اندرا گاندھی اسپتال بھیج دیا گیا۔ اگلے ہی دن، اسے اپنے کمرے میں لٹکا ہوا پایا گیا۔
****
ش ح۔ ش ت ۔ م ذ
(U N.2881)
(Release ID: 2145807)