ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
مرکزی وزیر جناب جینت چودھری نے سی سی ایس این آئی اے ایم، جے پور کا دورہ کیا؛ ہنر مندی مرکز (اسکل سینٹر) کا افتتاح کیا اور تاریخ ساز سبز مہم کی قیادت کی
دنیا کی سب سے بڑی غذائی اجناس ذخیرہ کرنے کی اسکیم بھارت میں شروع کیے جانے کے ساتھ ہی، نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کی ترقی کو پہلی ترجیح بنانا اور انہیں پائیدار اور مارکیٹ کے مطابق کیریئر کے راستے فراہم کرنا بے حد ضروری ہے: مرکزی وزیر جناب جے سنت چودھری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 JUL 2025 8:56PM by PIB Delhi
پنک سٹی (جے پور) کے ایک اہم دورے کے دوران، مہارت ترقی اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور تعلیم کے وزیر مملکت جناب جینت چودھری نے آج جے پور میں واقع چودھری چرن سنگھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل مارکیٹنگ (سی سی ایس این آئی اے ایم) میں ایک ہنر مندی مرکز (اسکل سینٹر) کا افتتاح کیا۔ اس جدید سہولت سے آراستہ مرکز کو زرعی کاروباری انتظام، گودام کے کام کاز، ویلیو چین کی ترقی اور ڈیجیٹل زراعت میں عملی تربیت کے ایک مخصوص مرکز کے طور پر تصور کیا گیا ہے، جس کا مقصد زرعی صنعت کاروں، امداد باہمی انجمنوں اور مارکیٹنگ کے پیشہ ور افراد کی نئی نسل کو تیار کرنا ہے۔
موجودہ پیشہ وارانہ افراد کی مہارتوں کو تسلیم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے، مرکزی وزیر نے ویئرہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈبلیو ڈی آر اے) کے ساتھ شراکت میں نافذ کیے گئے "پہلے سے حاصل شدہ علم کی پہچان (آر پی ایل)" پروگرام کے تحت سند یافتہ زیر تربیت افراد کو اعزاز سے نوازا۔ آر پی ایل سرٹیفیکیشن کا مقصد گودام کے معائنہ کاروں (Assayers) کے سابقہ تجربے کو تسلیم کرنا اور ان کی مہارت کو قومی معیار کے مطابق بنانا ہے، جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور زرعی لاجسٹکس سے متعلق افرادی قوت کو باضابطہ شکل دی جا سکے گی۔
اس دورے کے دوران طلباء، اساتذہ اورشعبہ جاتی ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے جناب چودھری نے کہا:’’یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ مہارت ترقی و صنعت کاری کی وزارت کے تحت اس موقر ادارے میں بامقصد ہنر مندی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چونکہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی غذائی اجناس ذخیرہ کرنے کی اسکیم شروع کر رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کی ترقی کو پہلی ترجیح بنانا اور انہیں پائیدار، منڈی کے مطابق کیریئر کے راستے فراہم کرنا بہت اہم ہے۔’’
اپنے دورے کے ایک حصے کے طور پر، جناب چودھری نے سی سی ایس این آئی اے ایم کیمپس کے اندر زرعی خود کے کاروبار سے منسلک باغ میں ایک پودا بھی لگایا، جس سے ادارے کے پائیدار ترقی کے عزم کو تقویت ملی۔ انہوں نے بھارت رتن، سابق وزیر اعظم اور عظیم کسان رہنما جناب چودھری چرن سنگھ کو گلہائے عقیدت پیش کیے، جن کے پائیدار وژن نے بھارت کی دیہی پالیسی اور ترقی کی سمت طے کی ہے۔
بعد ازاں، ماحولیاتی تحفظ کی سمت ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے، جناب جینت چودھری نے جے پور دیہی علاقے کی نیوتا گرام پنچایت میں ’’چودھری چرن سنگھ پاریوارک وانیکی مشن‘‘ کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا۔ یہ شجرکاری مہم چودھری چرن سنگھ جی کی 125ویں جینتی (یوم پیدائش) کے موقع پر ایک قومی سطح کی تحریک ہے۔ اس مشن کا ہدف 2027 تک 1.25 کروڑ درخت لگانا اور ملک بھر میں 125 ’’سمرتی ون‘‘ (یادگاری جنگلات) قائم کرنا ہے۔ اس پہل کی قیادت اساتذہ، طلباء، والدین، نوجوانوں اور گرام پنچایتوں کے ذریعے کی جا رہی ہے، جسے راجستھان ٹیچرز ایسوسی ایشن شیکھاوت کا بھرپور تعاون حاصل ہے، جس نے اکیلے اس سال 10 لاکھ پودے لگانے کا عزم کیا ہے۔
راجستھان میں ایک ہی دن میں 500 سے زائد مقامات پر ایک لاکھ سے زیادہ پودے لگائے گئے، جو ریاست میں سماجی برادری کی قیادت میں کیے جانے والے سب سے بڑے سبز اقدامات میں سے ایک ہے۔ وزیر موصوف نے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ اور وراثت سازی کا ایک حسین امتزاج قرار دیا اور کہا،’’یہ مشن صرف درختوں کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ یہ چودھری چرن سنگھ کی کسان دوست سوچ کو ماحولیاتی انصاف اور خاندانی ذمے داری سے جوڑنے کی کوشش ہے۔ جس طرح انہوں نے ہر کسان کو خود کفیل بننے کی ترغیب دی، اسی طرح اس مہم کا مقصد ہر خاندان اور ہر برادری کو ماحول کا نگہبان بنانا ہے۔‘‘
طویل مدتی اثرات کو یقینی بنانے کے لیے، اس مہم میں پودوں کی جیو-ٹیگنگ، بیداری مہمات اور کمیونٹی نگرانی کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد شجرکاری کو پروان چڑھاتے ہوئے ایک مکمل ماحولیاتی نظام میں تبدیل کرنا ہے، جہاں تعلیم، سماج اور حکومت ایک سرسبز اور ماحولیاتی طور پر مضبوط بھارت کی تشکیل میں برابر کے شریک ہوں گے۔
مرکزی وزیر (آزادانہ چارج) کے ساتھ مقامی نمائندے بھی موجود تھے، جن میں جناب لال چند کٹاریہ (سابق وزیر زراعت، اتر پردیش)، جناب چندن چوہان (رکن پارلیمنٹ)، ڈاکٹر سُبهاش گرگ (ایم ایل اے)، جناب کیلاش ورما (ایم ایل اے) اور محترمہ رما دیوی (ضلعی سربراہ) شامل تھے۔
دن کا اختتام وزیر موصوف کے ایک عوامی جلسے سے خطاب پر ہوا، جہاں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی طور پر اقدام کریں اور ماحولیاتی وابستگی کے ذریعے چودھری چرن سنگھ جی کی وراثت کو آگے بڑھائیں۔
********
ش ح۔ش ب۔ش ا
U NO-2716
(ریلیز آئی ڈی: 2144450)
وزیٹر کاؤنٹر : 16