وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

نیشنل سائنس سینٹر نے  یوگا سیشنز، لیکچرز اور تخلیقی مقابلوں کے ساتھ یوگا کا  11 واں بین الاقوامی دن 2025منایا

Posted On: 20 JUN 2025 4:29PM by PIB Delhi

نیشنل سائنس سینٹر (این ایس سی) ، دہلی، جو وزارت ثقافت کے تحت نیشنل کونسل آف سائنس میوزیمز (این سی ایس ایم) کا ایک یونٹ ہے، نے یوگا کے 11ویں بین الاقوامی دن (آئی ڈی وائی) کو اپنے احاطے میں پُرجوش انداز میں متعدد تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ منایا۔ یہ تقریب عالمی موضوع ’’یوگا فار وَن اَرتھ، وَن ہیلتھ‘‘(ایک کرۂ ارض، ایک صحت کے لیے یوگا) کے تحت منعقد کی گئی، جس میں یوگا کی جامع فلاح و بہبود اور ماحولیاتی ہم آہنگی میں اہم کردار کو اُجاگر کیا گیا۔

تقریب کا آغاز صبح 7:00 بجے یوگا آسن پریکٹس سیشن سے ہوا، جس میں شرکاء نے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں روایتی یوگا آسن انجام دیے۔ اس کے بعد صبح 9:00 بجے پینٹنگ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء نے یوگا کے مفہوم کو تخلیقی انداز میں پیش کیا۔ صبح 10:00 بجے ’’یوگا اور اس کے سائنسی فوائد‘‘ کے موضوع پر ایک شاندار لیکچر پیش کیا گیا، جس میں حاضرین کو یہ سمجھایا گیا کہ یوگا کس طرح جسمانی صحت، دماغی صحت مندی اور ذہنی سکون حاصل کرنے میں مددگار ہے۔ اس کے بعد صبح 10:30 بجے یوگا آسن مقابلہ منعقد ہوا، جس میں اسکول اور کالج کے طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سوامی وویکانند آیورویدک پنچ کرما اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر (ڈاکٹر) ستیا این ڈورنالا تھے۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر ڈورنالا نے آج کی تیز رفتار زندگی میں یوگا کی اہمیت پر زور دیا اور اس کے جسمانی، ذہنی اور ماحولیاتی صحت پر انقلابی اثرات کو اُجاگر کیا۔

تقریب کے حصے کے طور پر، نیشنل سائنس سینٹر نے تخلیقی مقابلے جیسے مضمون نویسی اور پینٹنگ بھی منعقد کیے، تاکہ نوجوان ذہنوں کو متحرک کیا جاسکے اور خوداظہاری کے ذریعے سائنسی سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ سرگرمیاں اس مقصد کے تحت ترتیب دی گئیں کہ نوجوانوں میں یوگا کی سائنسی بنیادوں اور جدید زندگی میں اس کی افادیت کے بارے میں آگاہی کو مزید وسعت دی جا سکے۔

سائنس کی تعلیم کو نئے اور مؤثر طور طریقوں سے فروغ دینے کے اپنے مشن کے تحت، نیشنل سائنس سینٹر نے طلباء، اساتذہ اور یوگا کے شوقین افراد، صحت مندی کے حامی افراد اور عام لوگوں کو کھلے دل سے شرکت کی دعوت دی۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔ اس تقریب میں یوگا کو نہ صرف ایک جسمانی مشق بلکہ صحت، ہم آہنگی، صحت مند اور پائیدار طرزِ زندگی کے لیے ایک راستہ کے طور پر اجاگر کیا گیا۔

اس تقریب میں یوگا کی تعلیم کو جامع اور قابلِ رسائی بناتے ہوئے سبھی کے لیے داخلہ مفت تھا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م ع ۔ م ر

Urdu No. 1944


(Release ID: 2138070)
Read this release in: English , Hindi