قبائیلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شفافیت، شمولیت اور کارکردگی وہ بنیادی پیمانے ہیں جن پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے قبائلی فلاح و بہبود کے پروگرام نافذ کیے جا رہے ہیں: مرکزی وزیر جوال اورم

Posted On: 17 JUN 2025 10:37PM by PIB Delhi

آج نئی دہلی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، قبائلی امور کے مرکزی وزیر جناب جوال اورم نے ملک میں قبائلی برادری کی مجموعی ترقی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا وژن اس وقت تک ادھورا رہے گا جب تک کہ ملک کی قبائلی برادریوں کو بااختیار، خود کفیل نہیں بنایا جاتا اور ان کی عزت نہیں کی جاتی۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کی طرف سے منعقدہ بھارت نِرمان کنکلیو 2025 میں شرکت کرتے ہوئے قبائلی امور کے مرکزی وزیر جناب جوال اورم نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ 11 برسوں میں مودی حکومت نے نہ صرف جامع پالیسیاں وضع کی ہیں بلکہ زمینی سطح پر ان کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا ہے، جس سے لاکھوں قبائلی کنبوں کی زندگی میں واضح تبدیلیاں آئیں۔ جناب اورم نے کہا کہ اگرچہ قبائلی امور کی وزارت کی بنیاد 1999 میں اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی قیادت میں رکھی گئی تھی لیکن وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں اس نےحقیقی توسیع اور اثر انگیز عمل کا مشاہدہ کیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ آج قبائلی برادری کی آواز کو پالیسی سازی میں مرکزی توجہ حاصل ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ایک طبقہ جو کبھی سیاسی طور پر پسماندہ تھا اب ملک کی ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تعلیم کے میدان میں اپنی وزارت کی کامیابی کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25,000 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ 700 سے زیادہ ای ایم آر ایس قائم کیے گئے ہیں تاکہ ملک بھر کے لاکھوں قبائلی بچوں کے لئے معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ جناب اورم نے بتایا کہ حکومت کے موثر مالیاتی اقدامات کی وجہ سے قبائلی کاریگروں اور صنعت کاروں کو بااختیار بنایا گیا ہے اور وہ اپنی مصنوعات کے لیے مرکزی دھارے کے بازاروں کی راہیں حاصل کر رہے ہیں جس سے انہیں قومی اور عالمی سطح پر پہچان ملی ہے۔

ملک کی معیشت کو تقویت دینے کے لیے قبائلی برادری کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے جناب اورم نے کہا کہ قبائلی برادریاں بھیک مانگنے میں یقین نہیں رکھتیں۔ وہ عزت کے ساتھ رہتے ہیں اور اپنی محنت سے زندہ رہتے ہیں اور یہی ان کی حقیقی طاقت ہے۔ حاضرین کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران، جناب اورم نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت، شمولیت اور کارکردگی وہ بنیادی پیمانے ہیں جن پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے قبائلی بہبود کے پروگرام لاگو کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی کہ وہ ایک حقیقی خیر خواہ اور قبائلی ترقی کے بڑے حامی ہیں۔

****

ش ح۔ک ح ۔ع د

UNO-1840


(Release ID: 2137149)
Read this release in: English