وزارت اطلاعات ونشریات
بھارت کے آل پارٹی وفد کا کویت کا دورہ (26-27 مئی 2025)
Posted On:
26 MAY 2025 11:59AM by PIB Delhi
معزز رکن پارلیمنٹ جناب بیجے پانڈا کی قیادت میں اعلیٰ سطحی آل پارٹی وفد آج کویت پہنچا۔ کویت بحرین کے بعد چار ممالک کے سفارتی دورے کا دوسرا مقام ہے، جو بھارت کی اہم بین الاقوامی شراکت داروں بشمول کویت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
کویت نے خطے کے ابتدائی ممالک میں سے ایک ہونے کے ناطے پہلگام دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی تھی۔ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد کویت کی قیادت کی طرف سے بھارت کے معزز صدر اور وزیر اعظم کو مذمت اور تعزیتی پیغامات بھیجے گئے جن میں شامل ہیں: عالی مقام امیر شیخ مشعل الأحمد الجابر الصباح، عالی مقام ولی عہد شیخ صباح الخالد الحماد المبارک الصباح، اور عالی مقام وزیر اعظم شیخ احمد العبد اللہ الأحمد الصباح۔ کویت کے وزیر خارجہ محترم عبداللہ علی اليحییٰ نے بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر سے گفتگو کرتے ہوئے کویت کی بھارت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
آج وفد نے کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے کابینہ امور عزت مآب شیریدا عبداللہ سعد الموشرجی کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ وفد نے بھارت کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے جاری حملوں، بشمول حالیہ پہلگام دہشت گرد حملے کو اجاگر کیا، جس کا مقصد جموں و کشمیر میں امن و ترقی کو متاثر کرنا ہے جو بھارت کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں بھارت کے ردعمل کو درست، ہدف پر مبنی، متناسب اور غیر اشتعالی قرار دیا۔ وفد نے بھارت کی 'زیرو ٹالرنس' پالیسی اور دہشت گردی کے خلاف 'نیو نارمل' حکمت عملی پر زور دیا جو دہشت گردوں اور ان کے حمایتیوں میں کوئی فرق نہیں کرتی۔ نائب وزیر اعظم نے حالیہ واقعات پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کرنے پر بھارتی وفد کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کی ہر صورت میں سخت مذمت کی۔ دونوں فریقوں نے دہشت گردی کے تمام اقسام اور صورتوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وفد نے کویت میں موجود بھارتی کمیونٹی کے مختلف طبقوں سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے قومی اتفاق رائے کا پیغام دیا۔ بھارت کی دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، خاص طور پر آپریشن سندور، کو بھارتی کمیونٹی کی طرف سے بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔
شام کے وقت کویت میں قائم تحقیقی ادارے ریکانائسنس ریسرچ کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک خاص دیوانیہ طرز کی نشست منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں کویت کی سول سوسائٹی کی معروف شخصیات بشمول شاہی خاندان کے اراکین، سابق وزراء، سینئر مدیران، تحقیقی ماہرین، رائے ساز اور اثر و رسوخ رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ بھارت-کویت کے مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری پر گفتگو کے دوران بھارتی برصغیر کی حالیہ صورتحال اور بھارت کی 'نیو نارمل' حکمت عملی جو سرحد پار دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اپنائی گئی ہے، پر توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکاء کا اتفاق تھا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ہے اور اسے ہر ممکن طریقے سے روکنا چاہیے۔
کل وفد کویت میں دیگر اہم نمائندگان سے ملاقات کرے گا۔ وہ بھارت-کویت جاری نمائش کا بھی دورہ کریں گے، جو 250 سالہ گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –اس ک۔ م ش)
U. No.1219
(Release ID: 2132244)