وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

کل پارٹی وفد نے قطر کا دورہ کیا(26 مئی 2025)

Posted On: 26 MAY 2025 12:02PM by PIB Delhi
  1. بھارتی لوک سبھا کی رکن محترمہ سپریا سُولے کی قیادت میں کثیر جماعتی بھارتی وفد نے آج شام قطر کے دورے کا اختتام کیا۔ قطر اس چار ملکی دورے کا پہلا مرحلہ تھا، جو 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے، آپریشن سندور اور اس کے بعد کی پیش رفت کے تناظر میں ترتیب دیا گیا تھا۔ دوحہ میں وفد کے ارکان نے شوریٰ کونسل اور حکومتِ قطر کے اہم عہدیداران، میڈیا،تعلیمی امور کے ماہرین، تھنک ٹینکس اور قطر میں بھارتی کمیونٹی کے افراد کے ساتھ مفید ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کیا۔
  2. گزشتہ دو روز کے دوران، دورہ کرنے والے بھارتی وفد نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ جناب ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز بن صالح الخلیفی، وزیر مملکت برائے داخلہ امور جناب شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد آل ثانی، شوریٰ کونسل کی نائب اسپیکر محترمہ ڈاکٹر حمدہ بنت حسن السلیطی اور قطر کے کئی دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔وفد کے ارکان نے مشرق وسطیٰ کونسل برائے عالمی امور میں علمی اور تھنک ٹینک کمیونٹی کے ساتھ ایک گول میز مذاکرے میں بھی حصہ لیا۔وفد کے ارکان نے میڈیا سے بھی گفتگو کی، جس میں معروف اخبارات ’’الشرق‘‘ اور ’’پیننسولا‘‘ کی ادارت ٹیم سے ملاقات شامل تھی۔بھارتی کمیونٹی کے اعزاز میں 26 مئی کو ایک استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔
  3. مختلف ملاقاتوں کے دوران بھارتی وفد نے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف بھارت کی صفر برداشت کی پالیسی سے آگاہ کیا اور 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے سنگین دہشت گرد حملے کے بعد کی پیش رفت پر جانکاری دی۔وفد نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے ’’آپریشن سندور‘‘ کا ردعمل محتاط، ہدفی اور تناسب پر مبنی تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت دہشت گردی کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے، لیکن کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں اور اُن کے حمایتیوں کے درمیان فرق  کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور سرحد پار دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیاجانا چاہیے، جو کئی دہائیوں سے بھارت کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت تیار کیا گیا ہے اور استعمال کیا جارہا ہے۔
  4. قطر کی جانب سے بھی دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر زور دیا گیا اور اس بات پر تائید کی گئی کہ دہشت گردی کی ہر صورت مذمت ہونی چاہیے۔وفد نے پہلگام حملے کی مذمت پر حکومتِ قطر کا شکریہ ادا کیا اور قطری قیادت کی حمایت کو سراہا۔
  5. یاد رہے کہ قطر کی وزارت خارجہ نے 23 اپریل کو پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا تھا۔6 مئی کو ریاستِ قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔7 مئی کو قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ، عزت مآب شیخ محمد بن جاسم آل ثانی اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان بھی بات چیت ہوئی۔
  6. میڈیا سے بات چیت کے دوران، بھارتی ارکان پارلیمنٹ نے قطر میں ہونے والی ملاقاتوں اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے صحافیوں کی جانب سے حالیہ حالات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیے۔بھارتی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے، وفد کے ارکان نے ان کی اس بات پر تعریف کی کہ وہ رواداری، تکثیریت اور یکجہتی جیسے اقدار کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، اور ان کوششوں کی مزاحمت کر رہے ہیں جو بھارت کے سماجی تانے بانے کو کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
  7. وفد کے اراکین میں محترمہ سپریا سُولے (رکن پارلیمنٹ)، جناب راجیور پرتاپ روڈی (رکن پارلیمنٹ)، جناب وکرم جیت سنگھ ساہنی (رکن پارلیمنٹ)، جناب منیش تیواری (رکن پارلیمنٹ)، جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر (رکن پارلیمنٹ)، جناب لاوو سری کرشنا دیوریالو (رکن پارلیمنٹ)، جناب آنند شرما (سابق وزیر برائے تجارت و صنعت)، جناب وی. مرلی دھرن (سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ) اور جناب سید اکبرالدین (اقوام متحدہ میں بھارت کے سابق مستقل نمائندے) شامل ہیں۔یہ وفد اپنے چار ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں 27 مئی کو قطر سے جنوبی افریقہ کےلیے روانہ ہوگا۔

********

ش ح۔ت ف۔ ش ہ ب

U-1214


(Release ID: 2132235)
Read this release in: English , Hindi