وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر شری کانت ایکناتھ شندے ، رکن پارلیمنٹ کی قیادت میں آل پارٹی وفد کا ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کا دورہ (25 تا 27 مئی 2025(

Posted On: 26 MAY 2025 11:54AM by PIB Delhi

ڈاکٹر شری کانت ایک ناتھ شندے، معزز رکن پارلیمنٹ، کی قیادت میں تمام جماعتوں کے وفد نے آج جمہوریہ کانگو کی سیاسی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ یہ دورہ 25 سے 27 مئی 2025 کے درمیان انجام پایا۔

وفد نے جناب ژاں پیئر بیمبا گومبو، معزز نائب وزیر اعظم و وزیر برائے نقل و حمل، محترمہ تھیریز کائی کووامبا ویگنر، معزز وزیر مملکت برائے امور خارجہ، بین الاقوامی تعاون و فرانکوفونی، جناب وائیٹل کامرہے لوا کانیگینی نکنگی، معزز اسپیکر قومی اسمبلی، اور جناب ژاں میشل سما لوکونڈے کیینگے، معزز صدر سینیٹ سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے دوران، جمہوریہ کانگو کے معزز رہنماؤں نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسی کارروائیوں کا کسی بھی صورت میں جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے دہشت گردی کے عالمی خطرے سے نمٹنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور بھارت کے ساتھ قریبی اشتراک میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ محترمہ تھیریز نے بھارت کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور رابطہ قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ جمہوریہ کانگو اُن تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر، جن کا وہ رکن ہے، بھارت کے پیغام کی حمایت کرے گا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر جناب وائیٹل کامرہے نے بھارت کے خلاف دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ کانگو کے عوام، بھارت کے عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے بھارتی وفد کی کوششوں کے لیے قومی اسمبلی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

سینیٹ کے صدر جناب ژاں میشل نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کی خواہش، جمہوریہ کانگو اور بھارت کے مشترکہ مقاصد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک آواز میں بات کرنی چاہیے۔

ڈاکٹر شری کانت شندے نے جمہوریہ کانگو کی قیادت کی جانب سے بھارت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کیا اور کہا کہ "آپریشن سندور" کے ذریعے بھارت کا ردِعمل ذمہ دارانہ، محتاط، درست اور مناسب تھا۔ انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کی تمام اشکال اور مظاہر کے خلاف بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بھارت کی اولین ترجیح ہے۔

وفد نے اپنے دن کا اختتام جمہوریہ کانگو میں بھارتی برادری کے ساتھ ملاقات سے کیا۔ اس موقع پر بھارت کی سرحد پار دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی اور "آپریشن سندور" کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وفد نے جمہوریہ کانگو میں بھارتی برادری کی اہم خدمات کو سراہا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون رہی ہیں۔

27 مئی کو وفد جناب برتھولڈ اُلونگو ایکوندا لوکاتا، صدر خارجہ امور کمیشن، قومی اسمبلی کے ساتھ تفصیلی ملاقات کرے گا، اور مقامی میڈیا اداروں سے بھی بات چیت کرے گا تاکہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کا متحدہ مؤقف پیش کیا جا سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –اس ک۔ م ش)

U. No.1216


(Release ID: 2132234)
Read this release in: English , Hindi