وزارت اطلاعات ونشریات
بھارت کے عزت مآب رکنِ پارلیمنٹ جناب سنجے کمار جھا کی قیادت میں کل پارٹی وفد نے سنگاپور کی عزت مآب سینئر وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ و امورداخلہ محترمہ سم این سے (27 مئی 2025) کو ملاقات کی
Posted On:
27 MAY 2025 11:33AM by PIB Delhi
- کل پارٹی پارلیمانی وفد، جس کی قیادت عزت مآب رکنِ پارلیمنٹ جناب سنجے کمار جھا کر رہے تھے، نے آج سنگاپور میں محترمہ سم این، سینئر وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ و داخلہ امور، سے ملاقات کی۔
- جناب سنجے کمار جھا نے سنگاپور کے فریق کو پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد کے واقعات، آپریشن سندور اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کی نئی حکمتِ عملی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے اس بات کو اُجاگر کیا کہ یہ وفد مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ہے، جو دہشت گردی کے خلاف بھارت کے متحدہ عزم کا اظہار کرتا ہے۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گرد حملہ، مرکز کے زیرِ انتظام علاقے جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور معمولاتِ زندگی کے سفر کو متاثر کرنے کی کوشش تھی۔ حکومتِ ہند نے 22 اپریل کو ہوئےاس حملے کے منصوبہ سازوں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ناگزیر سمجھا۔ اس سنگین دہشت گرد کارروائی کے جواب میں بھارت نے ’’آپریشن سندور‘‘ کا آغاز کیا، جو خاص طور پر دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ بھارت کا یہ ردِ عمل نپا تُلا، غیر اشتعال انگیز، مناسب اور ذمہ دارانہ تھا۔
- وفد کے ارکان نے مزید کہا کہ ’’آپریشن سندور‘‘ نے بھارت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اگر بھارت پر کوئی دہشت گرد حملہ کیا گیا تو بھارت اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔ بھارت کسی بھی قسم کی جوہری دھمکیوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ جوہری دھمکی کی آڑ میں تیار کیے جانے والے دہشت گرد ٹھکانوں کو بھارت ٹھیک نشانے پر اور فیصلہ کن انداز میں نشانہ بنائے گا۔ بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والی حکومت اور دہشت گردی کے منصوبہ سازوں میں کوئی فرق نہیں کرے گا۔ دونوں کو یکساں طور پر ذمہ دار سمجھا جائے گا۔
- وفد کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں، خصوصاً اقوام متحدہ (یو این) اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) جیسے کثیرالطرفہ پلیٹ فارمز پر، سنگاپور کی حمایت کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور سنگاپور قریبی دوست اور شراکت دار ہونے کے ناطے علاقائی اور عالمی امور، بشمول دہشت گردی کے مسئلے پر، باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔
- سینئر وزیر مملکت محترمہ سم این نے کہا کہ سنگاپور دہشت گردی کے تمام اقدامات کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور اور بھارت قریبی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
********
ش ح۔ت ف۔ ش ہ ب
U-1185
(Release ID: 2131964)