وزارتِ تعلیم
میزورم نےمکمل فعّال خواندگی حاصل کر لی
Posted On:
20 MAY 2025 8:52PM by PIB Delhi
میزورم کے عزت مآب وزیر اعلیٰ جناب لالدُھوما نے 20 مئی 2025 بروز منگل کو میزورم کو باضابطہ طور پر مکمل خواندہ ریاست ہونے کا اعلان کیا، جو ریاست کے تعلیمی سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ اس اہم کامیابی کے ساتھ میزورم مکمل خواندگی حاصل کرنے والی ہندوستان کی پہلی ریاست بن گئی ہے ۔
ریاستی دارالحکومت آئیزول میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران یہ اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر عزت مآب وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے وزارتِ ہنر مندی ترقی و کاروبار اور وزیر مملکت برائے تعلیم، حکومت ہند جناب جینت چودھری، معزز وزیر برائے اسکول ایجوکیشن، اعلیٰ و تکنیکی تعلیم میزورم، ڈاکٹر وانلالتھلانا، چیف سکریٹری حکومتِ میزورم جناب کھلی رام مینا (آئی اے ایس)، اسپیشل سکریٹری برائے محکمہ تعلیم حکومتِ میزورم جناب ڈیوڈ لالتھنت لونگا، ریاست کے معززین، افسران اور میزورم یونیورسٹی کے طلباء بھی موجود تھے۔
میزورم، جسے 20 فروری 1987 کو ریاست کا درجہ حاصل ہوا،اس کا رقبہ 21,081 مربع کلومیٹر (8,139 مربع میل)پھیلا ہوا ہے۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق میزورم کی شرح خواندگی 91.33 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے تحت یہ ہندوستان کی تیسری سب سے زیادہ خواندہ ریاست قرار پائی۔ اس مضبوط تعلیمی بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے یو ایل ایل ایس(یولاس) –نو بھارت ساکشرتا کاریہ کرم (نئے ہندوستان کا تعلیم پروگرام )کے تحت باقی غیر خواندہ افراد کی شناخت اور تعلیم پر کام کیا گیا۔
اگست تا ستمبر 2023 کے دوران ریاست بھر میں کلسٹر ریسورس سینٹر کوآرڈینیٹرز(سی آر سی سی ایز) کی جانب سے گھر گھر جا کر سروے کیا گیا، جس میں 3,026 غیر خواندہ افراد کی شناخت کی گئی۔ ان میں سے 1,692 سیکھنے کے خواہشمندوں نے تدریسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ اس بنیاد پر میزورم نے مکمل خواندگی کا سنگ میل عبور کر لیا، یعنی 95 فیصد سے زائد شرح خواندگی حاصل کی، جسےحکومت ہند کی وزارت تعلیم کے ذریعہ ‘مکمل خواندگی’ تسلیم کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ 24-2023 کے لیے کیے گئے پی ایف ایل ایس سروے کے مطابق بھی میزورم کی شرح خواندگی 98.20 فیصد ہے۔
ایک شاندار کمیونٹی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے 292 رضاکار اساتذہ—جن میں طلباء، معلمین، ماہرین تعلیم اور سی آر سی سی ایز شامل ہیں،اس اقدام کی قیادت کے لیے سامنے آئے۔ اپنے عہدے کے تئیں گہرے جذبے وذمہ داری (کرتویہ بدھ) اور میزورم کی ثقافتی اقدار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ان رضاکاروں نے مکمل خواندگی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ جشن کی تقریب، جو آئیزول میں میزورم یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، میزورم کے عوام اور حکومت کی مشترکہ کوششوں کا شاندار مظہر ہے، جس کا مقصد جامع تعلیم کو آگے بڑھانا اور ہر شہری کو خواندگی کے ذریعے بااختیار بنانا تھا۔
یو ایل ایل اے ایس- نوبھارت ساکشرتا کاریہ کرم (New India Literacy Programme - NILP) ایک مرکزی امداد یافتہ اسکیم ہے جو 2022 سے 2027 تک کے لیےنافذ کی گئی ہے۔ یہ اسکیم NEP 2020 کے مطابق ہے، ان بالغ افراد (15 سال اور اس سے زائد عمر کے) کی نشاندہی کرتی ہے جو اسکول نہیں جا سکے۔ اس اسکیم کے پانچ اجزاء میں بنیادی خواندگی اور عددیاتی صلاحیت، زندگی کی اہم مہارتیں، بنیادی تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتیں اور عام تعلیم شامل ہیں۔
یو ایل ایل ایس(یولاس) اسکیم کا وژن ہے‘بھارت – جن جن ساکھشر’ اور یہ‘ کرتویہ بدھ ’کے جذبے پر مبنی ہے اور رضاکارانہ طور پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔یو ایل ایل ایس اسکیم کے تحت اب تک پورے ملک میں 1.77 کروڑ سے زائد سیکھنےکے خواہش مند(نیو لٹریٹس) افرادنے بنیادی خواندگی اور عددیاتی صلاحیت کے اسسمنٹ ٹیسٹ(ایف ایل این اے ٹی) میں شرکت کی ہے۔ اس کے علاوہ، 2.37 کروڑ سے زائد سیکھنے والے اور 40.84 لاکھ رضاکار اساتذہی یو ایل ایل اے ایس موبائل ایپ پر رجسٹرڈ ہیں۔اس سے پہلے 24 جون 2024 کو لداخ مکمل خواندگی کا اعلان کرنے والی پہلی انتظامی اکائی بنی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –م ع ن -ع ن)
U. No.965
(Release ID: 2130157)