بجلی کی وزارت
توانائی کی منتقلی کے سلسلے میں مہارت کے مرکز کے قیام کی خاطرتوانائی کے موثر استعمال سے متعلق (بی ای ای)اورتوانائی اور وسائل کے ادارے(ٹی ای آر آئی) نے حیدرآباد میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے
Posted On:
24 JAN 2025 6:27PM by PIB Delhi
توانائی کے موثر استعمال کے بیورو (بی ای ای)، وزارت برائے توانائی، حکومت ہند، اورتوانائی اور وسائل کے ادارے (ٹی ای آر آئی)نے توانائی کی منتقلی کے لیےمشترکہ طور پر ایک مہارت کامرکز(سی او ای ای ٹی)قائم کرنے کی خاطر ایک تاریخی مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ سی او ای ای ٹی،ٹی ای آر آئی کے انسٹی ٹیوٹ آف انرجی ٹرانزیشن (IoET) کے کیمپس حیدرآباد میں قائم کیا جائے گا۔
مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب حیدرآباد میں منعقد ہوئی، جس میں معزز مرکزی وزیر برائے توانائی، وزیر مکانات اور شہری امورجناب منوہر لال اور جناب اے ریونت ریڈی، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ موجود تھے۔ وزارت توانائی،بی ای ای،ٹی ای آر آئی اور تلنگانہ حکومت کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مرکزی وزیر برائے توانائی، جناب منوہر لال نے فرمایا، "توانائی کی منتقلی کے لیے مہارت کا مرکز ایک جرات مندانہ اور انقلابی اقدام ہے جو ہندوستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ اس مرکز کے ذریعے جدید تحقیق، تعاون اور اختراع کو فروغ ملے گا، اور یہ صاف ستھری توانائی کے اپنانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا، جس سے ہمیں عالمی سطح پر کم کاربن کے اخراج والی معیشت کی منتقلی کی قیادت کا موقع ملے گا۔بی ای ای اورٹی ای آر آئی کے درمیان یہ شراکت داری توانائی کے شعبے میں مستقبل کی شراکت داریوں کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔"
یہ شراکت داری ہندوستان کی توانائی کی منتقلی کی کوششوں کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ توانائی کی منتقلی کے لیے مہارت کا مرکز ایک عالمی معیار کا علم کا مرکز ہے جو توانائی کی منتقلی کی ٹیکنالوجیز اور پالیسیوں میں تحقیق، اختراع اور صلاحیت سازی کو فروغ دے گا۔ اس کا مقصد صنعتوں، کاروباری اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کی بنیاد پر ٹیکنالوجی کی ترقی، تشخیص اور اپنانے میں اہم پیش رفت کو فروغ دینا ہے۔ بین الاقوامی اور قومی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے، اس مرکز کا مقصد ہندوستان کی توانائی کی منتقلی سے متعلق چیلنجز کو حل کرنے اور عالمی پائیداری کے اہداف سے ہم آہنگ حل تیار کرنے میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔
سی او ای ای ٹی مختلف شعبوں میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے، توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے، اور کم کاربن والی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے لیے جامع تحقیق اور مطالعے کرے گا۔ اس کی حدود میں صنعتوں، ایم ایس ایم ایز، عمارات، نقل و حمل، توانائی، اور کان کنی کے شعبوں میں اخراج میں کمی کے لیے جدید حل تلاش کرنا شامل ہوگا۔ اس مرکز کا مقصد توانائی کی کارکردگی کے لیے موٹرز، ایچ وی اے سی سسٹمز، جدید بوائیلر، اسمارٹ مینوفیکچرنگ اور ویسٹ ہیٹ ریکوری سسٹمز جیسی ٹیکنالوجیز کو بھی فروغ دینا ہے۔ مزید برآں، مرکز عمارات کے ضوابط، توانائی کی کارکردگی کے معیار، اور آلات کی درجہ بندی کے لیے پالیسی اور ضابطے کی سفارشات کی تشکیل میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ سرکولر اکانومی کے طریقوں کو فروغ دے گا اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور حقیقی وقت میں توانائی کی مانیٹرنگ کو بھی مربوط کرے گا۔
اس کے علاوہ، مرکز توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بجلی کی پیداوار، منتقلی اور تقسیم کے نظام میں مدد کرے گا تاکہ نقصانات کو کم کیا جا سکے اور ہندوستان کے توانائی کی یقینی فراہمی کے اہداف میں مدد فراہم کی جا سکے۔ٹی ای آر آئی کے انسٹی ٹیوٹ آف انرجی ٹرانزیشن اس مرکز کے آپریشنل انتظامات کی نگرانی کرے گا، جبکہ اس کی حکمرانی کے لیے ایک بورڈ تشکیل دیا جائے گا جس میں ٹی ای آر آئی ،بی ای ای، اور وزارت توانائی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ بیورو آف انرجی ایفیشنسی اس مرکز کے قیام اور اس کے عمل کے لیے مالی مدد فراہم کرنے کا عہد کر چکا ہے۔ ٹی ای آر آئی اپنے حیدرآباد کیمپس میں موجودہ بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا اور مرکز کے مقاصد کے حصول کے لیے آپریشنل سرگرمیوں کی قیادت کرے گا۔
سی او ای ای ٹی حکومت کے اداروں اور تحقیقی اداروں کے درمیان شراکت داری کی طاقت کا غماز ہے جو عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ معلومات میں پیش رفت، اختراع کے فروغ، اور صلاحیت سازی کے ذریعے، یہ مرکز ہندوستان کی پائیدار اور لچکدار مستقبل کی جانب منتقلی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
****
ش ح۔ا ع خ ۔ش ا
UNO-5701
(Release ID: 2096661)