لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر، وزیراعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر نے پارلیمنٹ حملے کےشہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی


ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملے کی برسی پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا

Posted On: 13 DEC 2024 4:22PM by PIB Delhi

آج نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب جگدیپ دھنکھر، وزیراعظم جناب نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر کئی مرکزی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، سابق اراکین پارلیمنٹ، شہداء کے اہل خانہ اور دیگر معزز شخصیات نے پھولوں کی چادر چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لوک سبھا کے سیکریٹری جنرل جناب اُتپال کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سیکریٹری جنرل جناب پی۔ سی۔ موڈی نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب جگدیپ دھنکھر، وزیراعظم جناب نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا اور دیگر معزز شخصیات نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقدہ خون عطیہ کیمپ کا بھی دورہ کیا اور عطیہ کنندگان اور طبی عملے کے ارکان سے ملاقات کی۔

بعد ازاں، جناب اوم برلا نے لوک سبھا میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا، "ہمارے چاک و چوبند سیکیورٹی فورسز جنہیں پارلیمنٹ ہاؤس کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا تھا، نے بے مثال حوصلے اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا۔ دہشت گردوں کے اس حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ سیکیورٹی سروس، دہلی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے آٹھ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ اس حملے میں ایک سی پی ڈبلیو ڈی کے ملازم بھی شہید ہوئے۔ یہ ایوان 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کا مرتبہ پانے والے تمام عظیم شہداء کی قربانی کو نہایت احترام سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اس موقع پر ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور اپنی مادر وطن کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کے عہد کو دوبارہ پختہ کرتے ہیں۔"

اس موقع پر، لوک سبھا کے اسپیکر نے اپنے پیغام میں ایکس پر لکھا، "پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملے کی سالگرہ کے موقع پر، میں ان سیکیورٹی اور پارلیمانی عملے کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جمہوریت کے مندر کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کی سب سے بڑی قربانی دی۔ ان کی بے مثال حوصلے اور فرض کے تئیں لگن قابلِ ستائش ہے؛ ان کی عظیم قربانی ہمیشہ قوم کو تحریک دیتی رہے گی۔"

یاد رہے کہ 2001 میں آج کے دن جناب جگدیش پرساد یادو اور جناب متبار سنگھ نیگی، دونوں راجیہ سبھا سیکرٹریٹ کے سیکیورٹی اسسٹنٹس؛ محترمہ کملیش کماری، کانسٹبل، سی آر پی ایف؛ جناب نانک چند اور جناب رامپال، اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز، دہلی پولیس؛ جناب اوم پرکاش، جناب بی جندر سنگھ اور جناب گھانشام، ہیڈ کانسٹبلز، دہلی پولیس؛ اور جناب دیش راج، گارڈنر، سی پی ڈبلیو ڈی نے دہشت گرد حملے کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دی تھی۔

ان کی بے لوث قربانیوں کی پہچان کے طور پر، سرواشری جگدیش پرساد یادو، متبار سنگھ نیگی اور محترمہ  کملیش کماری کو بعد از مرگ اشوک چکر سے نوازا گیا۔ سرواشری نانک چند، رامپال، اوم پرکاش، بی جندر سنگھ اور گھانشام کو بعد از مرگ کرتی چکر سے نوازا گیا۔

***********

(ش ح۔اس ک۔ج)

U:3993


(Release ID: 2084241) Visitor Counter : 25


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Gujarati