سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سماجی انصاف اور عطائے اختیار کے مرکزی وزیر نے نئی دہلی میں معذوروں کی بحالی اور خصوصی تعلیم میں قومی سطح پر اول آنے والوں کو اعزاز سے نوازا


جسمانی چیلنج تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہیں: ڈاکٹر وریندر کمار

Posted On: 01 OCT 2024 6:16PM by PIB Delhi

خصوصی تعلیم اور معذوری کی بحالی کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو آج ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی میں منعقدہ کانووکیشن تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ہندوستان کی بحالی کونسل (آر سی آئی) اور قومی بحالی امتحان بورڈ نے کیا تھا۔ سماجی انصاف اور عطائے اختیار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار مہمان خصوصی تھے، جب کہ وزیر مملکت (ایس جے ای) جناب بی ایل ورما نے مہمان اعزازی کے طور پر اس موقع پر شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وریندر کمار نے کہا کہ کانووکیشن کی تقریب ہر طالب علم کی زندگی کا ایک اہم لمحہ ہے۔ ان کورسز کے ذریعے ہمارے طلبا نہ صرف تعلیم حاصل کر رہے ہیں بلکہ معاشرے کی خدمت کے لیے بھی تیار ہو رہے ہیں۔ معذور طلبا کی شرکت ایک تحریک کا کام کرتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تعلیم کے حصول میں جسمانی چیلنج کوئی رکاوٹ نہیں ہیں۔ وزیر موصوف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستانی بحالی کونسل معذوری اور تعلیم کے میدان میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اور تعلیمی شعبوں میں معذور بچوں کے دوست کے طور پر کام کر رہی ہے۔

ریاستی وزیر جناب بی ایل ورما نے اپنے خطاب میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبا کو مبارکباد دی اور کہا کہ تعلیم سماجی طور سے با اختیار بنانے کا سنگ بنیاد ہے۔ ہمارے معذور طلبہ تعلیمی میدان میں نئے سنگ میل طے کر رہے ہیں جو معاشرے کے لیے باعث فخر ہے۔

معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے کے سکریٹری جناب راجیش اگروال نے معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اساتذہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طالب علم کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاتے ہیں۔ انہوں نے طلبا کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ وہ خصوصی تعلیم اور معذوری کی بحالی میں اپنی تعلیم کو تندہی سے جاری رکھیں اور انہیں اس شعبے میں بہترین کیریئر کے امکانات کا یقین دلایا۔

تعلیمی نظام پر بات کرتے ہوئے، مسٹر اگروال نے خصوصی تعلیم اور معذوری کی بحالی میں دستیاب کتابوں کو جدید بنانے اور ہندوستانی مصنفین کے کاموں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے انگریزی اور ہندی دونوں میڈیم میں کتابیں دستیاب کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کانووکیشن کی تقریب میں 3 معذور طلبا سمیت 16 طلبا کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر آر سی آئی نے دو نئے کورسز – آئی ایس آئی ٹی ای پی اور کلینیکل سائیکالوجی میں بی ایس سی (آنرز) کا بھی آغاز کیا۔ تقریب میں ممبر سکریٹری، جناب وکاس ترویدی، اور معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے کے افسران، طلباء، فیکلٹی ممبران، اور مختلف اداروں کے ماہرین کے ساتھ آر سی آئی کی چیئرپرسن محترمہ شرنجیت کور نے شرکت کی۔

****

ش ح۔ ف ش ع- م ر

U: 717



(Release ID: 2060969) Visitor Counter : 11


Read this release in: English , Hindi