صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

ایف ایس ایس اے آئی کی مرکزی مشاورتی کمیٹی نے اینٹی مائکروبیل مزاحمت پر ایکشن پلان جاری کیا


لائیو اسٹاک، ایکوا کلچر اور پولٹری میں اینٹی بائیوٹکس کے منصفانہ استعمال کے بارے میں کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے پر بات چیت کی گئی

ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا گیا کہ وہ فورٹیفائڈ چاول کی اہمیت اور فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کریں

فوڈ سیفٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہاسٹلوں کی کینٹینوں میں فوڈ ہینڈلرز کی تربیت کے لیے رہنما دستاویز کا اجراء

Posted On: 15 MAR 2024 6:34PM by PIB Delhi

فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کی مرکزی مشاورتی کمیٹی (سی اے سی) نے آج تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں 43ویں سی اے سی) میٹنگ کے دوران اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس (اے ایم آر) پر اتھارٹی کا ایکشن پلان جاری کیا۔

میٹنگ کے دوران اے ایم آر قومی ایکشن پلان-II کے تحت ایف ایس ایس اے آئی کی ذمہ داریوں کے ایک حصے کے طور پر مویشی، ایکوا کلچر، پولٹری وغیرہ میں اینٹی بائیوٹکس کے منصفانہ استعمال کے بارے میں کسانوں میں بیداری پیدا کرنے پر غور کیا گیا۔ صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ میٹرکس میں اینٹی مائکروبیل حساسیت پر نگرانی کرنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے فوڈ سیفٹی کے کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 100 فوڈ اسٹریٹس کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے تندہی سے کام کریں جس کو صحت مند اور صحت بخش فوڈ اسٹریٹس کے طور پر تیار کیا جائے گا۔

بات چیت کے دوران نگرانی کے نمونے لینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے نگرانی کے منصوبے تیار کریں اور ریاستی لیبز اور ان کے عہدیداروں کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کریں۔

نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے مقامی زبانوں میں ایپ پر مبنی ماڈلز اور لٹریچر تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ریاستی اور مرکزی سرکاری اسکولوں میں صاف بازار مقامات کی ضرورت اور ہیلتھ کلبوں کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ فورٹیفائڈ چاول کی اہمیت اور فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ فورٹیفائیڈ رائس کرنل (ایف آر کے) کے باقاعدگی سے نمونے لینے اور ایف ایس ایس (فورٹیفیکیشن آف فوڈس) ضوابط 2018 کے مطابق اس کی سختی سے تعمیل پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس کے دوران فوڈ سیفٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہاسٹلوں کی کینٹینوں میں فوڈ ہینڈلرز کی تربیت کے لیے ایک رہنما دستاویز کو بھی جاری کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد اگلے دو سال میں یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہاسٹلوں کے کینٹینوں میں کام کرنے والے تقریباً 11 لاکھ فوڈ ہینڈلرز کو تربیت فراہم کرنا ہے۔

جناب اوما شنکر دھیانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر (انسانی وسائل اور مالیات)، ایف ایس ایس اے آئی اور محترمہ انوشی شرما، ایگزیکٹو ڈائریکٹر (تعمیل حکمت عملی)، ایف ایس ایس اے آئی، میٹنگ کے دوران موجود تھے، جس میں فوڈ سیفٹی کے کمشنروں سمیت 50 سے زائد عہدیداروں، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندے، ایف ایس ایس اے آئی اور نوڈل وزارتوں کے دیگر حکام اور فوڈ انڈسٹری، صارفین، زراعت، لیبارٹریوں اور تحقیقی اداروں کی نمائندگی کرنے والے اراکین نے شرکت کی۔

*****

(ش ح - اع - ر ا)   

U.No.6171



(Release ID: 2015137) Visitor Counter : 42


Read this release in: English , Hindi