امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

امورِ داخلہ اور تعاون کے مركزی وزیر جناب امت شاہ كا آج نئی دہلی میں جن نائک کرپوری ٹھاکر جی کی 100ویں یوم پیدائش کی تقریبات سے خطاب


مودی جی نے 22 جنوری کو ’’رام کاج‘‘ اور 23 جنوری کو ’’غریب کاج‘‘ کیا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے جنہوں نے خود بھی کرپوری ٹھاکر جی جیسے غریب گھرانے میں پرورش پائی، انہیں بھارت رتن دینے کا فیصلہ کیا

کرپوری ٹھاکر جی کی عزت اس ملک کے کروڑوں غریبوں اور محروموں کی عزت ہے

کرپوری ٹھاکر جی کی شخصیت میں گاندھی جی، امبیڈکر جی اور لوہیا جی کی اچھی خوبیاں جھلکتی ہیں

جن نائک کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن کرپوری ٹھاکر بننے میں کافی وقت لگا

کرپوری ٹھاکر جی کو بھارت رتن دینے کا فیصلہ کر کے مودی جی نے کروڑوں غریب نوجوانوں کے ذہنوں میں امید پیدا کی کہ کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے

مودی جی نے کرپوری ٹھاکر جی کے خیالات کو صحیح معنوں میں عملی جامہ پہنایا

پہلے صرف خاندان کے قریبی لیڈروں کی عزت کی جاتی تھی، مودی جی نے عوامی لیڈروں کی عزت بخشی

Posted On: 24 JAN 2024 7:21PM by PIB Delhi

امور داخلہ اور تعاون کے مركزی وزیر جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں جن نائک کرپوری ٹھاکر کی 100ویں یوم پیدائش کی تقریبات سے خطاب کیا۔

اس موقع پر جناب امت شاہ نے کہا کہ کرپوری ٹھاکر اپنی فطرت، اعمال، اصولوں، سادگی اور غریبوں اور محرومین کے تئیں دردمندی کی وجہ سے عوامی لیڈر بن گئے تھے لیکن اس عوامی لیڈر کو بھارت رتن کرپوری ٹھاکر بننے میں کافی وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ کئی حکومتیں آئیں لیکن کسی نے کرپوری ٹھاکر کو ملک کا سب سے بڑے اعزاز سے نوازنے کا سوچا تک نہیں۔ آج ان کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جو خود بھی ان جیسے غریب گھرانے میں پلے بڑھے ہیں، کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن سے سرفراز كیا۔

جناب شاہ نے کہا کہ یہ ایک اتفاق ہے کہ 22 تاریخ کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بھگوان رام کی تقدیس كی اور 23 تاریخ کو انہوں نے غریبوں کی عزت کرکے رام اور سماج کے غریب طبقے کو جوڑنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ 22 تاریخ کو تمام رام بھکتوں کا وہ خواب پورا ہوا جس کا 500 سال سے انتظار تھا اور 23 تاریخ کو کروڑوں غریبوں، دلتوں، پسماندہ، محروموں اور قبائلیوں کی برسوں سے خواہش کو پورا کرتے ہوئے کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دیا گیا جنہوں نے سماجی انصاف کو مجسم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے نہ صرف جن نائک کرپوری ٹھاکر کی عزت بخشی ہے بلکہ اس ملک کے کروڑوں غریبوں کو بھی نوازا ہے۔

امور داخلہ اور تعاون کے مركزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دے کر ہمارے آئین کے سب كے لیے انصاف اور مساوی حقوق کے بنیادی منتر کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناب نریندر مودی نے ملک کے کروڑوں غریب نوجوانوں کے ذہنوں میں یہ امید پیدا کی ہے کہ کچھ بھی حصل كیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپوری ٹھاکر کو اعزاز دے کر وزیر اعظم مودی نے ایک طرح سے سادگی، صداقت، مساوات کے اصولوں، دیانتداری، اخلاقیات اور خود اعتمادی کے ساتھ سیاست میں جدوجہد کرنے والے کروڑوں نوجوانوں کو علامتی طور پر اعزاز بخشا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جناب کرپوری ٹھاکر نے ایک بے لوث کرم یوگی کی طرح اپنے کام کے ذریعے زندگی کی اعلیٰ اقدار کو  پیش کیا۔ وہ ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے ایک مثال قائم کی اور اصولی زندگی گزاری۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کی تاریخ کا ایک بہت اہم دن ہے کیونکہ آج کرپوری ٹھاکر کی یوم پیدائش ہے۔ اسی روز قومی ترانہ جن گن من كو ہماری دستور ساز اسمبلی نے اپنایا تھا۔ بھارت رتن ڈاکٹر راجندر پرساد کو دستور ساز اسمبلی کے اسپیکر اور پہلے صدر كے طور پر منتخب کیا گیا اور یہ دن ڈاکٹر ہومی جہانگیر بھابھا اور پنڈت بھیم سین جوشی کے ساتھ بھی منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ایک نئی سیاست کا آغاز ہو رہا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ رام منوہر لوہیا اور مہاتما گاندھی نے مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں کے ساتھ ساتھ سادگی اور اصولوں کی سیاست پر زور دیا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے اسے اپنی زندگی میں عملاً اپنایا اور آج کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دے کر مودی جی نے ان کی تعریف کی ہے۔ ان اصولوں کو اعزاز بخشا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے اس فیصلے سے ان لوگوں کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے جو ملک میں اصول اور کردار کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1924 سے اپنی آخری سانس تک کرپوری ٹھاکر کی زندگی کا ہر لمحہ غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف تھا۔

امور داخلہ اور تعاون کے مركزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی جی کے گزشتہ 10 سالوں کو دیکھنے کے بعد یہ واضح ہو جاتا ہے کہ انہوں نے کرپوری ٹھاکر جی کے اصولوں کو عمل میں لانے کے لیے کام کیا ہے۔ ان 10 سالوں میں 23 کروڑ ہندوستانی عوام خط غریبی كی سطح سے اوپر آئے ہیں۔ 4 کروڑ سے زیادہ کو گھر ملے ہیں۔ 3 کروڑ سے زیادہ کو بجلی ملی ہے اور مودی جی نے 10 کروڑ لوگوں کے گھروں میں گیس سلنڈر پہنچانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کے 75 سال بعد بھی 14 کروڑ لوگوں کے گھروں میں نل کا پانی نہیں تھا۔ مودی جی نے ان کے گھروں میں نل کا پانی پہنچانے کا کام کیا ہے اور 80 کروڑ غریبوں کو ہر ماہ 5 کلو مفت اناج مل رہا ہے۔ ہر عوامی فلاحی اسکیم غریبوں کی بہبود کے تئیں وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور ان کی حکومت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ کرپوری ٹھاکر کی زندگی میں مہاتما گاندھی جی کی سادگی، انتہائی پسماندہ طبقے کے تئیں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جی کی محبت اور سماجی انصاف کے فارمولے کو نافذ کرنے کے لیے رام منوہر لوہیا جی کی کوششوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ کرپوری ٹھاکر جی عوامی نمائندوں کے لیے سادہ اور قابل رسائی رہ کر عوام کا اعتماد جیتنے کی ایک بہترین مثال تھے۔ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے کرپوری ٹھاکر جی نے اپنے اصولوں کی سیاست پر قائم رہنے کا کام کیا اور ہمیشہ عوام کی حمایت حاصل کی۔ جن نائک نے گاندھی جی اور لوہیا جی کے اس اصول کو زمین پر لانے کا کام کیا کہ جب ملک اپنی زبان میں چلے گا تبھی غلامی کی ذہنیت سے باہر آئے گا۔ ہندی کو ایک نئی زندگی اور قبولیت اسی وقت ملی جب کرپوری ٹھاکر جی نے تمام سرکاری کاموں کے لیے ہندی کے استعمال کو لازمی قرار دیا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہندی کے ساتھ ساتھ ملک کی تمام مقامی زبانوں کو طاقت عطا کر كے اپنی زبان میں تعلیم پانے والی نئی نسل کو آگے لے جانے کا کام کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی جی کی نئی تعلیمی پالیسی میں ہندوستانی زبانوں پر بھی بہت زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے اب ہندوستانی زبانوں میں میڈیکل اور ٹیکنیکل تعلیم شروع کرکے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ مودی جی نے خواتین، معاشی طور پر پسماندہ اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے بہت سے فلاحی کام کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1978 میں کرپوری ٹھاکر جی نے بہار میں او بی سی، خواتین اور اقتصادی طور پر پسماندہ اونچی ذات کو ریزرویشن دینا شروع کیا تھا۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ آج وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے او بی سی کا احترام کرنے، خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دینے کا کام کیا ہے۔ خود وزیر اعظم مودی اور ان کی وزارتی کونسل میں 27 وزراء او بی سی زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ مودی جی نے او بی سی کمیشن کو آئینی درجہ دیا ہے اور ریاستوں کو او بی سی کی فہرست میں ترمیم کرنے کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے پہلی بار حکومت ہند کے تمام تعلیمی اداروں میں او بی سی کو بھی ریزرویشن دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی جی نے بھی ہمارے آئین کے اصولوں کو بغیر کسی تنازعہ کے بنیادی طور پر نافذ العمل کیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کرپوری ٹھاکر نے کہا تھا کہ حقیقی آزادی تب ممکن ہوگی جب ہر شخص کے ہاتھ میں روٹی ہوگی۔ وزیر اعظم مودی نے غریبوں کی بہتری کے لیے بہت سے کام کیے ہیں، ان میں سب سے بڑا کام 70 کروڑ غریبوں کو ہر ماہ 5 کلو گرام مفت اناج فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے عہد کیا ہے کہ 2027 تک ملک کے ہر غریب کو ایک پکا مکان ملنا چاہیے۔ جناب شاہ نے کہا کہ کرپوری ٹھاکر نے ہماری نئی نسل کے لیے سیاست میں بے مثال صداقت کی مثال قائم کی تھی۔ کرپوری ٹھاکر ایمرجنسی کے سخت مخالف تھے اور جمہوریت پر گہرا اعتماد رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی حکومتوں نے ایسے عوامی لیڈروں اور عوامی زندگی میں سرگرم قائدین کو عزت بخشنے کی روایت قائم کی تھی جو ان کے خاندان کے قریب ہوا كرتے تھے لیکن وزیر اعظم مودی نے اس روایت کو توڑتے ہوئے کئی عوامی لیڈروں کو عزت افزائی كی۔

******

 

U.No:4014

ش ح۔رف۔س ا


(Release ID: 1999771) Visitor Counter : 104


Read this release in: English , Assamese