امور داخلہ کی وزارت
آگ بجھانے والے عملے کی جدید کاری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 DEC 2023 4:13PM by PIB Delhi
امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب نتیا نند رائے نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ آگ بجھانے والا عملہ متعدد خدمات فراہم کرتا ہے، اس میں تلاش اور بچاؤ، انخلاء اور فوری طبی امداد وغیرہ امور شامل ہیں ۔ میٹروپولیٹن اور چھوٹے شہروں میں آتشزدگی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ مزید برآں، پندرہویں مالیاتی کمیشن نے یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ ملک میں فائر سروسز کے پاس وسائل کی کمی ہے اور وہ آبادی کو مناسب فائر سیفٹی کور فراہم کرنے کے لیے لیس نہیں ہیں ۔ لہٰذا، فائر سروسز کی توسیع اور جدید کاری کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، پندرہویں مالیاتی کمیشن نے ریاستی سطح پر فائر سروسز کو مضبوط بنانے کے لیے 5,000 کروڑ روپے کی فراہمی کی سفارش کی ہے ۔
لہذا، مرکزی حکومت نے ریاستوں میں فائر سروسز کو مضبوط بنانے کے لیے 4 جولائی ، 2023 کو ‘‘ریاستوں میں فائر سروسز کی توسیع اور جدید کاری کی اسکیم’’ شروع کی ہے ۔
اس اسکیم میں شامل اقدامات میں آگ بجھانے والے نئے اسٹیشنوں کا قیام، ریاستی تربیتی مراکز کی مضبوطی اور استعداد کار میں اضافہ، آگ بجھانے کے جدید آلات کی فراہمی، ریاستی ہیڈکوارٹرز اور اربن فائر اسٹیشنوں کی مضبوطی، تکنیکی اپ گریڈیشن اور آن لائن سسٹم کی تنصیب اور اضافہ وغیرہ شامل ہیں ۔ تفصیلی اسکیم https://www.mha.gov.in/en/commoncontent/policies-guidelines پر دستیاب ہے ۔
اسکیم کے تحت فنڈ مختص لاگت کی تقسیم کی بنیاد پر ہے ۔ جہاں مرکز شناخت شدہ سرگرمیوں کے لیے ریاستوں کو 5000 کروڑ روپے فراہم کرے گا، وہیں ریاستوں کا تعاون 1387.99 کروڑ روپے کا ہوگا ۔ اس کے علاوہ، 500 کروڑ روپے کی رقم، 5000 کروڑ روپے کے کل مرکزی اخراجات میں سے ریاستوں کو قانونی اور بنیادی ڈھانچے پر مبنی اصلاحات کو اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے دستیاب ہے ۔
فائر سروس ایک ریاستی معاملہ ہے اور اسے آرٹیکل 243 (ڈبلیو) کے تحت آئین ہند کے بارہویں شیڈول میں میونسپل فنکشن کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومتوں کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ضروریات کے مطابق فائر سروسز کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے وسائل مختص کریں اور آگ کے خطرات سے اپنے دائرہ اختیار کے علاقے میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے درکار مختلف اقدامات کریں ۔ جہاں تک مرکزی حکومت کا تعلق ہے، 22-2021 سے26 – 2025 تک کی مدت کے لیے، جیسا کہ پندرہویں مالیاتی کمیشن نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے قومی فورس (این ڈی آر ایف) کے تحت سفارش کی ہے، ریاستی سطح پر فائر سروسز کو مضبوط بنانے کے لیے 5,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
*************
ش ح ۔ م ع ۔ ت ح
U. No. 1885
(ریلیز آئی ڈی: 1983281)
وزیٹر کاؤنٹر : 100