نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر نے عاملہ، مقننہ اور عدلیہ کی ایک دوسرے کے دائرے میں مداخلت کے خلاف خبردار کیا ہے


نائب صدر نے زور دے کر کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا منبع ہے

آئی پی سی، سی آر پی سی اور قانون شہادت کی جگہ لینے والے مجوزہ قوانین کے تحت کرمنل جسٹس سسٹم کا جامع طور سے احاطہ کیا گیا ہے

نائب صدر نے کہا کہ ناری شکتی وندن ابھیان کایا پلٹ کرنے والا ہے

نائب صدر نے ٹھوس بحث اور اختلاف رائے کا احترام کرنے کو کہا

نوجوانوں کی طاقت جمہوریت میں سب سے بڑی طاقت ہے:نائب صدر

نائب صدر نے نیشنل لا یونیورسٹی ، جودھپور میں طلبا اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی

Posted On: 27 SEP 2023 10:30PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب جگدیپ دھنکھڑ نے آج اختیارات کی علیحدہ رکھنے کے نظریئے کو اجاگر کیا اور عاملہ، مقننہ اور علدیہ کی ایک دوسرے کے دائرے میں مداخلت سے خبردار رہنے کو کہا۔ پارلیمنٹ کو عوام کی امنگوں کا منبع قرار دیتے ہوئے انھوں نے جمہوریت میں مقننہ کے حتمی فیصلہ ساز کے طور پر غیر متنازعہ اور حتمی اقتدار اعلیٰ کو اجاگر کیا۔

نیشنل لا یونیورسٹی جودھپور (این ایل یو) میں طلبا اور اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ملک میں قانون فوجداری طویل عرصے سے چلا آرہا ہے اور اس کی جڑیں نوآبادیاتی ذہنیت میں پیوست ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تعزیرات ہند، ضابطہ فوجداری اور شہادت سے متعلق قانون کی جگہ جو قوانین لائے جارہے ہیں وہ کرمنل جسٹس سسٹم کا مجموعی طور سے از سرنو جائزہ لے کر وضع کئے گئے ہیں۔

پارلیمنٹ میں حالیہ رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے جناب دھنکڑ نے زور دے کر کہا کہ ارکان پارلیمنٹ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے تعمیری تبادلہ خیال اور بحث ومباحثہ کریں۔ مختلف نظریات وآرا کا احترام کرنے کے بارے میں نائب صدر نے اپیل کی اور کہا کہ کسی بھی نظریاتی اختلاف پر کھل کر بات نہ کرنے سے مثبت کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور یہ عقل ودانائی کے بنیادی جذبے کی نفی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

ناری شکتی وندن ابھیان کو ایک کایا پلٹ بل سے تعبیر کرتے ہوئے نائب صدر نے اس بل پر مباحثے کے دوران ہوئے تاریخی واقعات کا ذکر کیا۔ جناب دھنکڑ نے کہا کہ سترہ خاتون ارکان پارلیمنٹ کو راجیہ سبھا میں نائب چیئرپرسن کے پینل میں مقرر کیا گیا تاکہ ان کی مہارات اور قائدانہ صلاحیت بل کی منظوری کے عمل میں کام آسکے۔

نوجوانوں کی طاقت کو جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے جناب دھنکڑ نے طلبا کو 2047 میں ملک کی آزادی کے سو برس مکمل ہونے تک بھارت کو بام عروج پر لے جانے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ جمہوری اقدار کی پاسداری کے ساتھ محنت کو اپنی عادت بنا کر اور ہندوستان کی تہذیبی وراثت کو سربلند رکھتے ہوئے بھارت کو بام عروج پر پہنچانا ہے۔

ہندوستان کے مضبوط وفعال عدلیہ نظام کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر نے اس بنیادی اصول کااعادہ کیا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں ہے اور کہا کہ جمہوری سوسائٹی میں قانونی عمل پر مکمل یقین تمام لوگوں کے لئے لازمی ہے۔

نائب صدر نے یونیورسٹی سے کہا کہ آنے والے سرمایہ پارلیمانی اجلاس کے دوران راجیہ سبھا صدر نشیں کی حثیت سے ان کی مدد کرنے کے لئے پانچ طلبا کو انٹرن کے طور پر بھیجا جائے۔

این ایل یو جودھپور کی وائس چانسلر ڈاکٹر ہرپیت کور اور دیگر اہم ہستیاں اس موقع پر موجود تھیں۔

******

U.No:10064

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1961622) Visitor Counter : 85


Read this release in: English