وزارت دفاع
ہندوستانی فوج کےزیر اہتمام ‘‘ جنگ اور سلحہ جات کے بدلتے کردار’’ موضوع پر افتتاحی جنرل ایس ایف روڈرکس میموریل لیکچر کا انعقاد
Posted On:
19 SEP 2023 5:59PM by PIB Delhi
ہندوستانی فوج نے آج مانک شاہ سنٹر میں افتتاحی جنرل ایس ایف روڈرکس میموریل لیکچر کا انعقاد کیا، جو سابق چیف آف دی آرمی اسٹاف اور پنجاب کے گورنر آنجہانی جنرل سونیت فرانسس روڈرکس کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی یاد میں کیا گیا۔ لیکچر میں چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے نے شرکت کی اور کلیدی خطبہ دیا۔ انڈین آرمی کے سابق اور موجودہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سابق سی او اے ایس کی یادداشتوں کے ساتھ فورم کا آغاز ہوااور اس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل راج شکلا (ریٹائرڈ)، سابق جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف، آرمی ٹریننگ کمانڈ (اے آرٹی آر اے سی) نے جنگ اور اسلحہ جات کے بدلتے منظر نامے کے موضوع پر لیکچر دیا۔
جنرل ایس ایف روڈرکس کی پیدائش 1933 میں ممبئی میں ہوئی تھی اور سینٹ زیورس اسکول میں انہوں نے تعلیم حاصل کی۔ 1949 میں انہوں نے جوائنٹ سروسز ونگ میں فرسٹ کورس جوائن کیا تھا اور 28 دسمبر 1952 کو وہ رجمنٹ آف آرٹلری (9فیلڈ رجمنٹ) میں شامل ہوئے۔ جنرل نے کئی فیلڈ اور آرٹلری یونٹوں میں خدمات انجام دیں۔ 1960 میں وہ آرٹلری ایوی ایشن پائلٹ بنے، جہاں انہوں نے 1962 اور 1965 کی جنگوں میں عملی طور سے حصہ لیا۔ سی او اے ایس کے طور پر عہدہ سنبھالنے سے پہلے وہ وائس چیف آف دی آرمی اسٹاف، جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف آف سنٹرل اینڈ ویسٹرن کمانڈ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے یکم جولائی 1990 سے 30 جون 1993تک سی او اے ایس کے عہدے پر فرائض انجام دیئے تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے حاضرین کو فوج کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل روڈرکس کے اہم اقدمات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین افسران کو میڈیکل کور کے علاوہ دیگر شعبوں میں لانے کا کام پہلی مرتبہ 1992 میں جنرل روڈرکس کی سربراہی میں ہوا، جب وہ سی او اے ایس تھے۔ اب خواتین افسران کی تعداد 1700 سے زیادہ ہے، جن میں سے 740 کو مستقل کمیشن دیا گیا اور 114 کو کمانڈ ذمہ داریوں کے لئے منظوری دی گئی۔ دیگر صفوں میں ملٹری پولیس کور میں 100 سے زیادہ خواتین ہیں اور 100 خواتین نے حال ہی میں اگنی ویر کے طور پر جوائن کیا ہے۔
جنرل منوج پانڈے نے اس بات کو بھی یاد کیا کہ کس طرح جنرل روڈرکس نے اقوام متحدہ کے تحت مختلف کاموں میں ہندوستانی فوجی عملے کی موجودگی کو بڑھایا۔ ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اقوام متحدہ مشنوں میں ہندوستانی فوجیوں کی تعداد جو کہ 1991 میں محض 8 تھی، 1992 میں بڑھ کر ایک ہزار اور 1993 میں 6300 ہوگئی۔ فی الحال 11 مشنوں میں تقریباً 6000 ہندوستانی اہلکار ہیں ۔
جنرل روڈرکس ایک بے مثال فوجی لیڈر تھے اور مدبر اور مفکر تھے۔ جنہوں نے فوجی اقدار اور اصلاحات کو ہمیشہ عمل میں رکھا۔ انہوں نے ہندوستانی فوج کی جدکاری میں بھی سرگرم کوششیں کیں۔ آج کا پروگرام ہندوستانی فوج اور قوم کے لئے جنرل روڈرکس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اعتراف کا موقع ہے۔
***
ش ح۔ ع س۔ ک ا
(Release ID: 1958889)
Visitor Counter : 132