قانون اور انصاف کی وزارت

عدالتوں میں علاقائی زبانوں کا فروغ

Posted On: 23 MAR 2023 4:28PM by PIB Delhi

قانون و انصاف  کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں  بتایا کہ ہندوستان کے آئین کی دفعہ 348(1)(اے ) میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہر ہائی کورٹ میں تمام کارروائی انگریزی زبان میں ہوگی۔ آئین کی دفعہ  348 کی شق (2) یہ فراہم کرتی ہے کہ شق (1) کی ذیلی شق ( اے ) میں موجود کسی بھی چیز کے باوجود، کسی ریاست کا گورنر، صدر کی پیشگی رضامندی کے ساتھ، ریاست کے کسی سرکاری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ہندی زبان یا کسی بھی زبان کے استعمال کی اجازت دے سکتا ہے۔

21.05.1965 کے کابینہ کمیٹی کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ہائی کورٹ میں انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان کے استعمال سے متعلق کسی بھی تجویز کے لیے چیف جسٹس آف انڈیا کی رضامندی لی جانی  ضروری ہے ۔

راجستھان ہائی کورٹ کی کارروائی میں ہندی کے استعمال کی اجازت آئین کے آرٹیکل 348 کی شق (2) کے تحت 1950 میں دی گئی تھی۔ مورخہ 21.05.1965 کے کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے، چیف جسٹس آف انڈیا کی مشاورت سے اتر پردیش (1969)، مدھیہ پردیش (1971) اور بہار (1972) کی ہائی کورٹس میں ہندی کے استعمال کی اجازت دی گئی۔

حکومت ہند کو تمل ناڈو، گجرات، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور کرناٹک کی حکومتوں سے بالترتیب مدراس ہائی کورٹ، گجرات ہائی کورٹ، چھتیس گڑھ ہائی کورٹ، کلکتہ ہائی کورٹ اور کرناٹک ہائی کورٹ کی کارروائیوں میں تمل، گجراتی، ہندی، بنگالی اور کنڑ کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے تجاویز موصول ہوئی تھیں۔ ان تجاویز پر چیف جسٹس آف انڈیا سے مشورہ طلب کیا گیا اور عندیہ دیا گیا کہ سپریم کورٹ کے  مکمل بنچ نے مناسب غور و خوض کے بعد ان تجاویز کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تمل ناڈو حکومت کی ایک اور درخواست کی بنیاد پر حکومت نے چیف جسٹس آف انڈیا سے درخواست کی تھی کہ وہ اس سلسلے میں پہلے کے فیصلوں پر نظرثانی کریں اور سپریم کورٹ کی رضامندی دیں۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ فل کورٹ نے وسیع بحث کے بعد تحریک منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور عدالت کے سابقہ فیصلوں کو دوہرایا۔

قانون و انصاف کی  وزارت کی سرپرستی میں بار کونسل آف انڈیا نے سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ایس۔ اے۔ بوبڈے کی صدارت میں ایک  ’بھارتیہ بھاشا سمیتی ‘ قائم کی گئی ہے۔ یہ کمیٹی قانونی معلومات کا علاقائی زبانوں میں ترجمہ کرنے کے مقصد سے تمام ہندوستانی زبانوں کے لیے ایک مشترکہ بنیادی الفاظ تیار کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، قانون و انصاف کی وزارت کے قانون ساز محکمے نے ہندی میں 65 ہزار الفاظ پر مشتمل ایک قانونی لغت ڈیجیٹائزیشن کے لیے تیار کی ہے اور اسے پبلک ڈومین میں تلاش کے قابل فارمیٹ میں سب کے استعمال کے لیے دستیاب کرایا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ع ح۔

U- 7201



(Release ID: 1940932) Visitor Counter : 88


Read this release in: English , Marathi , Tamil