امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں آریہ سماج کے 148ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی


وزیر اعظم جناب نریندر مودی قوم کے جذبے کو دوبارہ بیدار کرنے کی سمت کام کر رہے ہیں، اور اس کا بنیادی تصور مہارشی دیانند کی زندگی اور خدمات سے لیا گیا ہے

مہارشی دیانند نے آریہ سماج قائم کرکے قوم کی روح کو بیدار کیا اور ویدوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے کو یقینی بنایا

اس زمانے میں جب سوراج، سوبھاشا اور سودھرم کے بارے میں بات کرنا گناہ سمجھا جاتا تھا، مہارشی دیانند نے بے خوف ہو کر نظریات کا پرچار کیا اور لوگوں سے رابطہ قائم کیا

آریہ سماج شمال مشرق کے جنگلات والے علاقوں میں تعلیم میں انقلاب لانے کے لیے مہارشی دیانند کے نظریات کو فروغ دے رہا ہے اور آریہ سماج کے علاوہ کوئی اور تنظیم قبائلی علاقوں میں ’’گلے لگائیے، دوری مٹائیے‘‘ جیسے جامع پروگرام کو کامیابی سے چلانے کا انتظام نہیں کر سکتی

آریہ سماج قدرتی کھیتی کو فروغ دے رہا ہے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ملک بھر کے کسانوں کو اسے اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے

آریہ سماج نے نوآبادیاتی دور میں لوگوں کو آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونے اور برطانوی راج کے خلاف لڑنے کی ترغیب دی

ہندوستان کی آزادی کی تاریخ مہارشی

Posted On: 21 MAR 2023 9:30PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں آریہ سماج کے 148ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 

 

اپنے خطاب میں ،  جناب امت شاہ نے کہا کہ مہارشی دیانند نے آریہ سماج کا قیام کرکے قوم کی روح کو بیدار کیا اور ویدوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے کے عمل کو یقینی بنایا، جیسا کہ وید ویاس نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہارشی دیانند نے ملک کی ثقافتی اور فکری بیداری کو تیز کرنے میں مدد کی، بہت سے انقلابیوں کو متاثر کیا اور ملک میں کئی سماجی اصلاحات کے بانی تھے۔ آریہ سماج کے قیام اور ان کے خیالات اور کارناموں کو  حقیقی طور  پر عملی جامہ پہنانے کے لیے قوم اور دنیا ہمیشہ مہارشی دیانند کی مقروض رہے گی۔

 

 

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ ملک اب آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے اور یہ مہارشی دیانند ہی تھے جنہوں نے آزادی کا پہلا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مہارشی دیانند نے سوراج، سوبھاشا اور سودھرم کے نظریات کے ذریعے لوگوں کے سا تھ اپنےآپ کو جوڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے مہارشی دیانند کے 200ویں یوم پیدائش کاجشن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی قوم کے جذبے کو دوبارہ بیدار کرنے کی سمت کام کر رہے ہیں، اور اس کا بنیادی تصور مہارشی دیانند کی زندگی اوران کے کارناموں سے لیا گیا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ مہارشی دیانند نے اندھی عقیدت  کے جال میں پھنسے ہوئے ملک کے عوام  کو خواب غفلت سے جھنجھوڑکربیدار کیا، بہت سی برائیوں سے نجات دلائی اور ستیارتھ پرکاش کے ذریعہ دنیا کو سچائی کے نور سے منور کیا۔ انہوں نے بہت سے لوگوں کی برطانوی راج کے خلاف ہندوستانی آزادی کے لیے بے خوف ہوکر لڑنے کے لئے ہمت افزائی کی ۔ آریہ سماج کی شکل میں مہارشی دیانند نے ایک روایت قائم کی جو آنے والے برسہابرس تک ہندوستان کی ترقی اور دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے تحریک فراہم کرتی رہے گی۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ مہارشی دیانند کے 200ویں یوم پیدائش کی یاد میں آنے والے دو برسوں میں کئی دوسرے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اور جیسا کہ آریہ سماج کے 150 سال بھی اسی وقت مکمل ہوں گے، یہ لمحہ واقعی پوری دنیا کے ہندوستانیوں کے لیے قابل فخر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اگر قدرتی کاشتکاری زمین اور مٹی کے لیے فائدہ مند ہے تو دوسری طرف گائے کے تحفظ اور فروغ سے پوری دنیا مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی کھیتی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے لاکھوں کسانوں کو یوریا اور ڈی اے پی سے پاک کرنے، زمین کی طاقت کو پھر سے بحال کرنے اور بیماریوں سے آزادی کو یقینی بنانے کی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف آریہ سماج کی مہم مناسب وقت پر ہے اور اس کے علاوہ آریہ سماج کے علاوہ کوئی اور تنظیم قبائلی علاقوں میں ’’گلے لگائیے، دوری مٹائیے ‘‘ جیسے جامع پروگرام کو کامیابی سے چلانے کا انتظام نہیں کر سکتی۔

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ سچ کی تلاش  میں سرگرداں رہنے والا بچہ بڑا ہو کر مہارشی دیانند بن گیا اور دنیا کے لیے ایک عظیم وراثت چھوڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہارشی دیانند پہلے شخص تھے جنہوں نے سودیشی اور مادری زبان کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے بے خوف ہو کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہارشی دیانند کا ماننا تھا کہ ہندوستان کی ترقی کے لیے ویدوں کا علم ضروری ہے، اور اسی لیے انہوں نے ویدوں کی طرف واپس لوٹنے کا منتر دیا، جو آج بھی لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ سوامی شردھانند، مہاتما ہنسراج، پنڈت گرو دت اور لالہ لاجپت رائے نے اس دور میں ملک کے نوجوانوں اور وطن پرستوں کو حب الوطنی، مادری زبان سے محبت اور اپنے مذہب پر فخر کی اقدارسے روسناش کرایا ۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ آریہ سماج کے تعاون کا ذکر کیے بغیر نہیں لکھی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آریہ سماج کے درسگاہوں میں بہت سے انقلابیوں کو تربیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آریہ سماج نے بنگال کی تقسیم کی سخت مخالفت کی تھی اور حیدرآباد کی جنگ آزادی اور گوا کی آزادی کی جنگ میں  یہ سب سے آگے تھا۔ جناب شاہ نے کہا کہ 1857 میں ہندوستانی آزادی کی پہلی جنگ کے بعد، پورا ملک خوفزدہ ہو گیا تھا اور مہارشی دیانند نے ملک کو متحد کرنے کے لیے رابطہ زبان کی اہمیت کو محسوس کیا اور اس کے بعد ہندی کے فروغ کے لیے زندگی میں زبان اور قلم دونوں سے زبردست کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم ہندوستانی نمستے کہتے ہیں، ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہ لازوال اور ہندوستانی  طریقہ اظہار تہنیت مہارشی دیانند کا تحفہ ہے۔

 

 

مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ ہندو مذہب اور آریہ سماج کے پیروکار کبھی تنگ نظر نہیں ہو سکتے کیونکہ ہم پوری کائنات کو اپنا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آریہ سماج نے تعلیم، محروم طبقات کے بچوں کے لیے اسکولوں کی تعمیر، یتیم خانے کی تعمیر، خواتین کی تعلیم اور بیوہ عورتوں  کی دوبارہ شادی کے لیے بھی کام کیا ہے۔ یہ تصور کرنا بھی ناممکن ہے کہ ایک شخص نے اتنے سارے مقاصد کے لیے کام کیا اور ایسے سرشار پیروکاروں کی تنظیم قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ آریہ سماج کے پیروکاروں کی کوششوں سے یہ تنظیم دنیا کے 34 ممالک میں پھیل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آریہ سماج کے کام کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، اورپیش رفت کی  سمت میں کسی قسم کی تبدیلی کئےبغیر ، ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آریہ سماج ضرورت کے مطابق مختلف مسائل پر کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے تمام اقدامات کی جڑیں بھی آریہ سماج میں دیکھی جاسکتی ہیں ۔ مادری زبان پر فخر کے مسائل، ایک خوشحال قوم کا وژن، عالمی سطح پر قومی وقار کو بڑھانا، یوگا اور آیوروید کو زندہ کرنا، ہماری ثقافت کو بحال کرنا آریہ سماج کے بھی بنیادی عناصر ہیں ۔ جناب شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت بہت ساری چیزوں اور کامیابیوں کو حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو تیزرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

 

**********

ش ح۔ س ب۔ ف ر

U. No.3091



(Release ID: 1909375) Visitor Counter : 168


Read this release in: English , Kannada