کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

جناب پیوش گوئل نے برقی صنعت کے تمام شعبوں میں کوالٹی کنٹرول آرڈرز(کیوسی او ز) جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کیو سی اوز صنعت کو غیر شفاف معیشتوں سے غیر منصفانہ مقابلے سے بچانے میں مدد کریں گے


وزیرموصوف نے بڑی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ کوالٹی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے چھوٹی کمپنیوں کو سپورٹ کریں اور ان کا ہاتھ بٹائیں

جناب گوئل نے صنعتی برادری  پر زور دیا کہ وہ ہمارے عالمی  سطح کے معیارات کو اجاگر کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک، خاص طور پر ہندوستان کے ایف ٹی اے شراکت داروں میں نمائشیں منعقد کرے

توانائی کی کارکردگی اور پائیداری کو عوامی تحریک بنانے کے لیے تحفظ کے جذبے کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے: جناب پیوش گوئل

جناب پیوش گوئل نے برقی صنعت سے الیکٹریکل گاڑیوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کو کہا،  تاکہ برقی نقل و حرکت کو پائیداری کا راستہ بنانے میں مدد کی جاسکے

وزیر موصوف نے 10 بلین امریکی ڈالر کی برآمدات حاصل کرنے پر برقی صنعت کی تعریف کی

Posted On: 21 FEB 2023 6:39PM by PIB Delhi

کامرس اور صنعت، امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بجلی کی صنعت کے تمام شعبوں میں کوالٹی کنٹرول آرڈرز(کیو سی اوز) جاری کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ آج گریٹر نوئیڈا میں انڈین الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (آئی ای ای ایم اے) کے زیر اہتمام ای ایل ای سی آر اے ایم اے (الیکراما) کے 15 ویں ایڈیشن میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جس کا موضوع ’پائیدار مستقبل کے لیے توانائی کو کا  بہتر بنانے کاعمل  تھا۔ الیکراما  ہندوستانی الیکٹریکل انڈسٹری کے ماحولیاتی نظام کا  اہم ترین  نمائشی پروگرام  ہے اور برقی اور اس سے منسلک آلات کے میدان میں سب سے بڑا اسٹینڈ شو ہے۔

انہوں نے کیو سی اوز  کو لاگو کرنے کے سلسلے  میں صنعتی برادری  سے تعاون طلب کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ  معیارکوکنٹرول کرنےوالے احکامات صنعت کو غیر شفاف معیشتوں سے غیر منصفانہ مقابلے سے بچانے میں ہماری مدد کریں گے جو ملک میں کم معیار کی اشیا اور  دوسرے درجے کا  سامان سپلائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بڑی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ چھوٹی کمپنیوں کو سپورٹ کریں اور ان کا ہاتھ بٹائیں تاکہ وہ یہ سمجھ سکیں کہ معیار ان کی ترقی، بہتر مارکیٹ اور بہتر قیمتیں حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے آئی ای ای ایم اے سے لوگوں کو معیاری مصنوعات کی اہمیت اور پائیداری، توانائی کی کارکردگی اور تحفظ کو بڑھانے میں ان کے کردار کو سمجھنے میں مدد کرنے کے لیے مہم چلانے کو بھی کہا۔

وفاقی وزیر نے 10 بلین امریکی ڈالر مالیت کی برآمدات حاصل کرنے اور اگلے پانچ سالوں میں 25 بلین ڈالر کی برآمدات حاصل کرنے کا ہدف حاصل کرنے پر برقی صنعت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ ’لیکن ہمیں مزید حاصل کرنا ہے‘،انہوں نے  آئی ای ای ایم اے  سے کہا کہ وہ الیکراما  کو ایک  ایسی نمائش بنانے کی کوشش کرے جس پر کوئی سبقت حاصل نہ کرسکے۔

جناب گوئل نے کہا کہ برقی صنعت نے یقینی طور پر عالمی سطح پر ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف ترقی پذیر ممالک بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ حصوں میں بھی نمائشیں منعقد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا کے ساتھ ایف ٹی اے کو ان ممالک تک لے جانے کے لیے ان سے فائدہ اٹھا یا جانا چاہیے اور تجویز دی کہ نمائشیں یورپ اور امریکا میں بھی منعقد کی جائیں۔ ’’ہمیں براہ راست بڑی منڈیوں میں جانا چاہیے اور عالمی سطح پر اپنی موجودگی اور عالمی معیار کے معیار کو ظاہر کرنا چاہیے اور یہ بتانا چاہیے کہ ہندوستان اپنی توانائی کی تمام ضروریات اور توانائی کی کارکردگی اور منتقلی کے پروگراموں میں ایک قابل بھروسہ اور  قابل اعتماد  شراکت دار بن سکتا ہے‘‘۔ وزیر موصوف نے آئی ای ای ایم اے  سے  الیکراما  کے چھوٹے ایڈیشنوں کو ریاستی اور علاقائی سطحوں پر لے جانے کو بھی کہا۔

جناب گوئل نے اس بات پر زور دیا کہ وبائی مرض کے بعد دنیا نے بھروسہ مند شراکت داروں اور قابل اعتماد سپلائی چینز کے ساتھ کام کرنے کی اہمیت کو سمجھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے شفافیت، دیانتداری، ایمانداری اور قانون کی حکمرانی کی پیشکش کی جس کی دنیا کو تلاش ہے۔ انہو ں نے کہا  ’ہمیں اس سنہری موقع کو استعمال کرنا چاہیے اور اسے شمار کرنا چاہیے‘۔

وزیر موصوف نے کہا کہ پوری دنیا اب ہندوستان اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 میں ہندوستان کی قیادت نے ہمیں بی20، اسٹارٹ اپ 20 اور تجارت اور سرمایہ کاری کے ورکنگ گروپس جیسے فورمز کے ذریعے پوری دنیا کے کاروباروں کے ساتھ سرگرم عمل ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کے امرت کال میں ایک قوم کے طور پر جرأتمندانہ اہداف ہیں، جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بیان کیا ہے۔ ایک ترقی یافتہ قوم بننے کے لیے، ترقی اور خوشحالی کو ملک کے ہر شہری تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے میں برقی صنعت کا بہت اہم کردار ہے۔

اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہر ہندوستانی کے پاس اچھا گھر ہو اس بات کو یقینی بنانے کی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں 35 ملین سے زیادہ مکانات کی تعمیر ہوئی ہے، وزیر  موصوف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے زندگی کی ان بنیادی ضروریات کی تکمیل نے لوگوں کی امنگوں کو مؤثر طریقے سے بڑھایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ٹی وی یا اسمارٹ فون  کوئی پر تعیش سامان  نہیں بلکہ ضرورت  کی چیزیں ہیں ۔ انہوں نے کہا، ’ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے ہمارے نوجوانوں کو زندگی کی بہتر چیزوں سے روشناس کرایا، اس طرح ملک اور برقی صنعت دونوں کے لیے بڑے مواقع کھلے‘۔

جناب گوئل نے ملک کے دور دراز علاقوں  تک بجلی کنکشن پہنچانے میں حکومت کی کامیابی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’بجلی زندگیوں کو بدل دیتی ہے، اسے آسان اور زیادہ موثر بناتی ہے اور یہ ایک ایسی صنعت ہے جہاں ہمارے پاس گھریلو معیار کی طاقت ہے‘۔

وزیر موصوف نے گھریلو ایل ای ڈی لائٹنگ انڈسٹری کو پروان چڑھانے اور حدت کے ذریعہ روشنی  سے ایل ای ڈی بلبوں کی طرف تیزی سے تبدیلی حاصل کرنے میں ہندوستان کی بڑی کامیابی کے بارے میں بات کی اور کہا کہ ہندوستان نے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی پیدا کی  ہے، جس سے 2070 تک ہندوستان کے خالص صفر اخراج کے ہدف میں  واضح طور پر تعاون حاصل ہوا  ہے اور 2030 تک آنے والے دنوں میں 500 گیگا واٹ صاف اور قابل تجدید توانائی کے سلسلے میں ہماری کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ’یہ کوششیں بجلی کی صنعت کے لیے بڑے مواقع  کے دروازے کھولتی ہیں اور بجلی کا شعبہ ایسا  شعبہ ہے کہ  جس میں پوری ویلیو چین میں بہت سارے مختلف عناصر ہیں کہ  جن کی بنا پر ہر کمپنی  آگے بڑھنے کی بڑی صلاحیت  رکھتی ہے‘۔

جناب گوئل نے ن اس بات کا ذکر کیا کہ امرت کال بجٹ نے ماحول دوست  اہداف اور مدور معیشت کو بڑا فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ماحول دوست اور پائیدار مصنوعات اور طریقوں کی طرف منتقلی کا مقصد  ’سپترشی‘ یا امرت کال بجٹ کے سات مقاصد میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کی کارکردگی اور پائیداری کو ایک تحریک بنانے اور اپنے بچوں کو توانائی کے تحفظ کے لیے تحریک دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر  موصوف نے کہا کہ ہمیں نہ صرف ہندوستان بلکہ بڑے پیمانے پر پوری دنیا کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر موصوف  نے کہا کہ شمسی توانائی ہندوستان کو دستیاب صاف اور پائیدار توانائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے برقی صنعت سے کہا کہ وہ اسے بہترین ممکنہ حد تک استعمال کرنے کی کوشش کرے اور ذخیرہ کرنے کی ایک بڑی گنجائش پیدا کرے جس کے نتیجے میں ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال  کو مقبول بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ برقی گاڑیوں کے لیے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام  کے نتیجہ کے طور  پرشمسی توانائی کے اقدامات کو فروغ  حاصل ہوگا۔ انہوں نے برقی صنعت سے  تعلق رکھنے والے ماہرین سے کہا کہ وہ برقی گاڑیوں میں سرمایہ کاری کریں، برقی نقل و حرکت کو پائیداری کا راستہ بنانے میں مدد کریں، حجری ایندھن پر انحصار کم کریں جو معیشت کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے لیے بھی  نقصان دہ  ہے۔ انہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ بہتر برقی مصنوعات اور توانائی کی موثر ترسیل اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے کے لیے کام کریں۔

**********

ش ح۔ س ب۔ ف ر

U. No.1925


(Release ID: 1901223) Visitor Counter : 149


Read this release in: English , Hindi