صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے قومی کمیشن برائے خواتین کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی


خواتین کو با اختیار بنانا صرف سماجی انصاف کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہم ہے: صدر مرمو

Posted On: 31 JAN 2023 6:54PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج (31 جنوری 2023) نئی دہلی میں قومی کمیشن برائے خواتین کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر مضبوط اور صحت مند معاشرے کا تصور بھی ممکن نہیں۔ ہمیں مل کر ایک ایسا ماحول بنانے کے لیے کام کرنا ہے جہاں تمام خواتین مکمل طور پر حصہ لے سکیں اور سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں نمایاں طور پر اپنا تعاون کر سکیں۔ خواتین کو با اختیار بنانا صرف سماجی انصاف کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ معاشی ترقی کے لیے بھی اہم ہے۔ افرادی قوت میں خواتین کی کم شرکت ہمارے ملک کی مجموعی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے اور اب پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خواتین کا زیادہ فعال کردار اس مقصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

صنفی امتیاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج بھی ملک کے کئی حصوں میں صنفی تناسب کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ملک کے پڑھے لکھے حصوں میں بھی لڑکیوں کے قتل کی افسوسناک مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس صورتحال کو بدلنا نہ صرف حکومت بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی انصاف کو یقینی بناتے ہوئے ہمیں اپنی ترقی کو مساوی بنانا ہے۔ ہماری ترقی حقیقی معنوں میں اسی وقت ترقی کہلائے گی جب خواتین کا درجہ مردوں کے برابر ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صرف خواتین کے لیے الگ کمیشن بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ جواب یہ ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری بہنیں اور بیٹیاں ایک طرف خلا میں پرواز کر رہی ہیں، مسلح افواج میں قیادت کر رہی ہیں تو دوسری طرف وہ گھریلو تشدد کا شکار ہو رہی ہیں اور کام کی جگہ پر امتیازی سلوک اور ہراساں کیے جانے کا سامنا کر رہی ہیں۔

محترمہ صدر نے کہا کہ خواتین کے قومی کمیشن کا مشن خواتین کے خلاف امتیازی سلوک اور مظالم سے پیدا ہونے والے مخصوص مسائل کو حل کرنا اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی کے لیے علیحدہ کمیشن بنانے کی ضرورت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ خواتین کو ان کا جائز احترام اور حقوق ابھی تک نہیں مل سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خواتین کی حیثیت کو بہتر بنا کر ہی ملک مجموعی طور پر ترقی کر سکے گا۔

صدر کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ خواتین کا قومی کمیشن اپنی مسلسل کوششوں کے ذریعے صنفی مساوات اور عطائے اختیار کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے تمام خواتین سے زور دے کر کہا کہ وہ ہر قسم کی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی زوبن ایرانی سے کتاب ’سشکت ناری، سشکت بھارت‘ – قومی کمیشن برائے خواتین کے سفر کی کتاب کی پہلی کاپی حاصل کی۔

 

براہ کرم صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 1052


(Release ID: 1895170) Visitor Counter : 533


Read this release in: English , Hindi , Punjabi , Tamil