نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے جے پور میں نگراں افسران کی  83ویں کل ہند کانفرنس کا افتتاح کیا


نائب صدر جمہوریہ نے پارلیمنٹ اور قانون ساز اداروں میں شائستگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا

نائب صدر جمہوریہ نے مقننہ اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی اپیل کی

Posted On: 11 JAN 2023 3:01PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین، جناب جگدیپ دھنکڑ نے آج جے پور میں نگراں افسران کی 83ویں کل ہند کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں، انہوں نے بھارت کو ’جمہوریت کی ماں‘ قرار دیا  اور زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی روح رائے عامہ کی قدر کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مضمر ہے۔

اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ مکالمے، تبادلہ خیالات اور مباحثے پارلیمنٹ اور قانون ساز اداروں کے مؤثر کام کاج کے لیے ازحد اہم ہیں، جناب دھنکڑ نے کہا کہ منتخبہ نمائندگان ہماری آئین ساز اسمبلی سے ترغیب حاصل کرتے ہیں، جس میں تقریباً 3 برسوں پر محیط اس کے 11 اجلاسات کے دوران کسی بھی طرح کی رخنہ اندازی یا رکاوٹ کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے ایک ایسے ایکو نظام کے ارتقاء  کی اپیل کی جہاں جمہوریت کے یہ مندر شائستگی اور شاندار پارلیمانی شائستگی اور طور طریقوں کے لیے عمدگی کے مراکز بن سکیں۔

پارلیمنٹ اور مقننہ میں رخنہ اندازیوں کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب دھنکڑ نے نمائندگان سے عوام الناس کی توقعات اور امنگوں کے بارے میں بخوبی طور پر باخبر رہنے کی اپیل کی۔ نائب صدر جمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے دوران اِن مسائل کے فوری حل کے لیے راستے تلاشنے پر غور و خوض کیا جائے گا۔

ریاست کے تمام تر شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پر مبنی روابط استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جمہوریت تبھی پروان چڑھتی ہے جب مقننہ، عدلیہ اور نفاذ کاری ایجنسی، تینوں ادارے یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ، عوامی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں، رائے عامہ کی بالادستی ہی اس کے ’بنیای ڈھانچے‘ کی اساس ہے۔اس سلسلے میں مزید روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کی خودمختاری ناگزیر ہے اور اسے ہمارے آئین کے ذریعہ واضح طور پر پیش کیا جائے گا۔

بھارت کے ذریعہ جی 20 کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جناب دھنکڑ نے نگراں افسران سے اس تاریخی لمحہ کے دوران اپنے مثبت کردار پر توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کی ہمہ گیر ترقی اور مبنی بر شمولیت خوشحالی، ’’وسودھیو کٹمب کم ‘‘ کی ہمارے تہذیبی اخلاقیات سے ہم آہنگ ’’ایک کرہ ارض، ایک کنہ، ایک مستقبل‘‘ کے لیے نیا اصول پیش کیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے درمیان بھارت کو جائز مقام دلانے کے لیے مل جل کر کام کرنا وقت کی اہم ترین ضرور ت ہے۔

اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر، جناب اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین، ڈاکٹر ہری ونش، راجستھان کے وزیر اعلیٰ جناب اشوک گہلوت، راجستھان کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی اور قانون ساز اداروں کے نگراں افسران بھی موجود تھے۔

تقریر کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے –

******

ش ح۔ا ب ن۔ م ف

U-NO.357



(Release ID: 1890414) Visitor Counter : 116


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil