تعاون کی وزارت
کوآپریٹو سوسائٹیز کی صحت
Posted On:
20 DEC 2022 5:53PM by PIB Delhi
امداد باہمی کے وزیر، جناب امت شاہ نے آج لوک سبھا میں ’کوآپریٹو سوسائٹیز کی صحت‘ سے متعلق ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوآپریٹو تحریک کو مضبوط کرنے اور کوآپریٹو پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل کو فروغ دینے کے لیے امداد باہمی کی وزارت کے مینڈیٹ کے مطابق حکومت کوآپریٹیو زکو متحرک معاشی اداروں میں تبدیل کرنے اور انہیں استفادہ کنندگان اور شرکا کے طور پر دیگر معاشی اداروں کے برابر لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ہندوستان کے آئین کے حصہ IX بی کے مطابق، کثیر ریاستی کوآپریٹو سوسائٹیوں کے قیام ، ریگولیشن اور انہیں ختم کرنے کا کام مرکزی حکومت کے دائرہ کار میں آتا ہے جب کہ آئین کے ساتویں شیڈول کی فہرست – II کے مطابق، ریاستی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کوآپریٹو سوسائٹیز کے قیام ، ریگولیشن اور ختم کرنے کا کام متعلقہ ریاستی حکومتوں/مرکز کے زیر انتظام خطوں کی انتظامیہ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ لہذا، ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ، 2002 کے تحت رجسٹرڈ کوآپریٹو سوسائٹیز کی تعداد کا ڈیٹا امداد باہمی کی وزارت میں نہیں رکھا جاتا ہے۔ تاہم، جہاں تک ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹیز کا تعلق ہے، پچھلے تین برسوں میں 27 سوسائیٹیاں ختم کئے جانے کے عمل میں ہیں۔
جناب شاہ نے مزید کہا کہ ان کی وزارت نے ملک میں کوآپریٹو سوسائٹیوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں درج ذیل شامل ہیں:
- اگلے تین برسوں میں 63,000 فعال پرائمری ایگریکلچر کریڈٹ سوسائٹیز (پی اے سی ایس) کے کمپیوٹرائزیشن کا پروجیکٹ، جس کی کل مالیاتی لاگت 2,516 کروڑ روپے ہے ،اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی نے 29 جون 2022 کے اپنے فیصلے کے ذریعے منظور کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد تمام فعال پی اے سی ایس کو ای آر پی (انٹرپرائز ریسورس پلاننگ) پر مبنی مشترکہ سافٹ ویئر پر لانا، انہیں ریاستی کوآپریٹو بینکوں (ایس ٹی سی بیز) اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینکوں (ڈی سی سی بیز) کے ذریعے نابارڈ سے جوڑنا ہے۔
- پی اے سی ایس کے لیے ماڈل بائی لاز متعلقہ ریاستی کوآپریٹیو سوسائٹیز ایکٹ کے مطابق پی اے سی ایس کو اپنانے کے لیے متعلقہ تمام ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام خطوں کے متعلقین وزارتوں سے تفصیلی صلاح ومشورے کےبعد تیار کیے گئے ہیں۔ پی اے سی ایس کے ان ماڈل بائی لاز سے 25 سے زیادہ کاروباری سرگرمیاں مثلاً ڈیری، ماہی پروری، فلوری کلچر، گوداموں کا قیام، اناج کی خریداری، کھاد، بیج، ایل پی جی/ پٹرول/ گرین انرجی ڈسٹری بیوشن ایجنسی، بینکنگ کرسپانڈنٹ، کامن سروس سینٹرز وغیرہ شروع کی جاسکتی ہیں۔
- یکم جون، 2022 کو، مرکزی کابینہ نے ایک فیصلہ لیا ہے جس سے کوآپریٹیو کو سرکاری ای-مارکیٹنگ پلیٹ فارم پر بطور ’خریدار‘ رجسٹر کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے وہ ملک بھر میں جی ای ایم پورٹل پر رجسٹرڈ تقریباً 40 لاکھ دکانداروں سے سامان اور خدمات حاصل کر سکیں گے۔ اس سے کوآپریٹیو کو اپنے حصولیابی کے نظام میں بچت کرنے اور شفافیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
- کوآپریٹو سوسائٹیز اور اس کے ممبران کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زیادہ اور 10 کروڑ روپے تک کی آمدنی والی کو آپریٹو سوسائیٹیوں پر سرچارج 12فیصد سے کم کر کے 7فیصد کر دیا گیا ہے۔
- کوآپریٹیو کو کارپوریٹس کے برابر کے مواقع فراہم کرانے کے لئے کم از کم متبادل ٹیکس (ایم اے ٹی) کی شرح 18.5فیصد سے کم کر کے 15فیصد کر دی گئی ہے۔
- کوآپریٹو پر مبنی اقتصادی ترقی کے ماڈل کو فروغ دینے کے لیے کوآپریٹو اداروں کو مناسب، سستے اور بروقت قرض فراہم کرنے کے واسطے، غیر شیڈول اربن کوآپریٹو بینک، اسٹیٹ کوآپریٹو بینک اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹو بینکوں کو 3 فروری 2022 کے سرکلر کے ذریعے گارنٹی فنڈ ٹرسٹ (سی جی ٹی ایم ایس ای) اسکیم میں قرض دینے والے ممبر اداروں کے طور پر نوٹی فائی کیا گیا ہے۔
- حکومت نے 25 اکتوبر 2021 کے اپنے نوٹیفکیشن کے ذریعے کوآپریٹو شوگر ملوں کو یہ واضح کراتے ہوئے ایک بڑی راحت فراہم کرائی ہے کہ شوگر کوآپریٹو ملوں پر کسانوں کو گنے کی مناسب اور منافع بخش قیمت (ایف آر پی ) یا اسٹیٹ ایڈوائزڈ پرائس (ایس اے پی ) جیسا کہ معاملہ ہو ، کی ادا ئیگی پر اضافی انکم ٹیکس نہیں دینا ہو گا ۔
- امداد باہمی کی وزارت کے تحت کام کرنے والا ایک قانونی ادارہ نیشنل کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این سی ڈی سی) ، کوآپریٹو سیکٹر کو مالی امداد فراہم کرتا ہے اور مختلف سرگرمیاں انجام دیتا ہے جیسے پرائمری/ڈسٹرکٹ کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹیوں کے شیئر کیپٹل بیس کو مضبوط کرنا، پروسیسنگ سینٹرز ، اسٹوریج کی سہولیات کا قیام، کولڈ چین کا قیام اور جدید کاری، کوآپریٹو بینکنگ یونٹس کی تخلیق، زرعی خدمات، مربوط کوآپریٹو ڈیولپمنٹ پروجیکٹس، کوآپریٹیو کے کمپیوٹرائزیشن کے لیے مدد، کوآپریٹو انٹرپرائز سپورٹ اور اختراع کے لیے ’یووا سہکار‘، ’ایوشمان سہکار‘ جو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کا احاطہ کرتا ہے، ’نندنی سہکار‘ خواتین کوآپریٹیو وغیرہ کی مدد کرتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ا گ۔ ن ا۔
U-14122
(Release ID: 1885302)
Visitor Counter : 187