نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ نے کمبوڈیا میں 19ویں آسیان-ہندچوٹی کانفرنس میں وفد کی قیادت کی
نائب صدر جمہوریہ نے آسیان-ہندتہذیبی تعلقات کو سراہا۔ ہند بحرالکاہل میں آسیان کی مرکزیت کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا
آسیان اور ہندوستان نے ایک مشترکہ بیان میں موجودہ منصوبہ جاتی شراکت داری کو جامع منصوبہ جاتی شراکت داری تک بڑھانے کا اعلان کیا
نائب صدرجمہوریہ نے کمبوڈیا کے بادشاہ اور وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات کی
نائب صدر جمہوریہ نےآسیان-ہندچوٹی کانفرنس سے الگ ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن سے ملاقات کی
Posted On:
12 NOV 2022 7:04PM by PIB Delhi
کمبوڈیا کے تین روزہ دورے پر گئے نائب صدرجمہوریہ جناب جگدیپ دھنکھرنے آج کمبوڈیا کے نوم پن میں 19ویں آسیان-ہند چوٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سمیت ہندوستانی وفد کی قیادت کی۔
اپنے ابتدائی کلمات میں نائب صدر جمہوریہ نے ان گہرے ثقافتی، اقتصادی اور تہذیبی تعلقات کی ستائش کی جو ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان قدیم زمانے سے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہند-آسیان تعلقات بھارت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا مرکزی ستون ہیں۔ انہوں نے ہند بحرالکاہل میں آسیان کی مرکزیت کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
سربراہی اجلاس میں، آسیان اور ہندوستان نے ایک مشترکہ بیان میں موجودہ منصوبہ جاتی شراکت داری کو جامع منصوبہ بندی شراکت داری تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ دونوں فریقوں نے ہند-بحرالکاہل کے خطے میں امن، استحکام، سمندری حفاظت اور سلامتی، نیویگیشن کی آزادی اور اوور فلائٹ کو برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
مشترکہ بیان میں بحری سرگرمیوں، انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی جرائم، سائبر سیکورٹی، ڈیجیٹل معیشت، علاقائی رابطہ، اسمارٹ زراعت، ماحولیات، سائنس و ٹیکنالوجی اور سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں ہندوستان-آسیان تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ مشترکہ بیان میں آسیان اورہندوستان کے مابین سامان کی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے) کے جائزے کو تیز کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ اسے مزید صارف دوست، آسان بنا کر تجارتی سہولت فراہم کی جا سکے۔
بعد ازاں دن میں، نائب صدر جمہوریہ نے شاہی محل میں کمبوڈیا کے بادشاہ کنگ نورووم سیہامونی سے ملاقات کی اور ثقافتی تعاون کو تیز کرنے کے طریقوں سمیت ہندوستان اور کمبوڈیا کے مابین تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ کمبوڈیا کے وزیر اعظم مسٹر ہن سین سےملاقات کی۔ نائب صدر جمہوریہ نے انسانی وسائل، ڈی مائننگ اور ترقیاتی پروجیکٹوں سمیت دو طرفہ تعلقات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ اس کے نتیجے میں، ثقافت، جنگلی حیات اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی چار یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین،نائب صدر جمہوریہ نے بعد میں سینیٹ کے صدر، کنگڈم آف کمبوڈیا، مسٹر سی چھم سے ملاقات کی اور تربیتی پروگراموں کے ذریعہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
جناب دھنکھر نے نیشنل میوزیم، نوم پن کا دورہ کیا اور خمیر آرٹ کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔ ایک پیغام میں، انہوں نے اس آرٹ ورک کی تعریف کی جس میں 'پرانے زمانے سے ہندوستان اور کمبوڈیا کے درمیان قریبی تہذیبی روابط کو دکھایا گیا ہے'۔ نائب صدر جمہوریہ، ان کی شریک حیات ڈاکٹر سدیش دھنکھر، ڈاکٹر ایس جے شنکر اور دیگر نے کمبوڈیا کے وزیر اعظم کی جانب سے دیے گئے عشائیہ اور ثقافتی پروگرام میں شرکت کی۔
آسیان-ہند چوٹی کانفرنس سے الگ ، نائب صدر جمہوریہ نےویتنام کے وزیر اعظم مسٹر فام من چن سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے بین الاقوامی سطح پر تجارت، معیشت، سلامتی، ثقافت اور ہم آہنگی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
12460
(Release ID: 1875512)
Visitor Counter : 198