وزارت سیاحت
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے من کی بات کے تازہ ترین ایڈیشن میں، لوگوں کو متحد کرنے اور ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے مختلف تہواروں، تقریبات اور کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا
Posted On:
01 NOV 2022 4:55PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 30 اکتوبر 2022 کو ’من کی بات‘ کے 94 ویں ایڈیشن میں لوگوں کو متحد کرنے اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو پروان چڑھانے میں مختلف تہواروں، تقریبات اور کھیلوں جیسے چھٹھ، قومی یوم اتحاد، جن جاتیہ گورو دوس، گروپورب، نوراتری اور نیشنل گیمز کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سورج کی پوجا کا عظیم تہوار ’چھٹھ‘ ملک کے کئی حصوں میں منایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چھٹھ کا تہوار ’ایک بھارت- شریشٹھ بھارت‘ کی ایک مثال ہے۔ آج بہار اور پوروانچل کے لوگ ملک کے کسی بھی کونے میں ہوتے ہیں تو چھٹھ کا تہوار بڑے دھوم دھام سے مناتے ہیں۔ دہلی، ممبئی اور گجرات کے کئی حصوں کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں اب چھٹھ بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ گجرات میں پہلے اس پیمانے پر چھٹھ پوجا نہیں کی جاتی تھی۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تقریباً پورے گجرات میں چھٹھ پوجا کے رنگ گھلنے لگے ہیں۔ آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ چھٹھ پوجا کی کتنی بڑی تصویریں بیرون ملک سے بھی آتی ہیں۔ یعنی ہندوستان کا شاندار ورثہ، ہمارا عقیدہ، دنیا کے کونے کونے میں اپنی شناخت کو دوبالا کر رہا ہے۔
قومی یوم اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر ملک کے کونے کونے میں رن فار یونٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ دوڑ ملک میں اتحاد کے دھاگے کو مضبوط کرتی ہے اور ہمارے نوجوانوں کو تحریک دیتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے نیشنل گیمز کے دوران بھی یہی جذبہ دیکھا گیا ہے۔ ’جڑے گا انڈیا سے تو جیتے گا انڈیا‘ کے تھیم کے ساتھ، نیشنل گیمز نے جہاں ایک طرف اتحاد کا مضبوط پیغام دیا ہے، وہیں دوسری طرف ہندوستان کے کھیلوں کے کلچر کو بھی فروغ دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس بار ہندوستان میں اب تک کے سب سے بڑے پیمانے پر نیشنل گیمز کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں 36 کھیلوں کو شامل کیا گیا جن میں 7 نئے اور دو دیسی مقابلے یوگ آسن اور ملکھمب بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گجرات میں نیشنل گیمز نوراتری کے دوران منعقد ہوئے تھے۔ جبکہ کھلاڑی بھی دن کے وقت کھیلوں میں حصہ لیتے تھے۔ شام کو وہ گربا اور ڈانڈیا کے رنگوں میں ڈوب جاتے تھے۔ احمد آباد میں نیشنل گیمز کے دوران جس طرح سے آرٹ، کھیل اور ثقافت ایک ساتھ آئے، اس نے سب کو خوشی سے بھر دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گجراتی کھانے اور نوراتری کی بہت سی تصاویر بھی شیئر کیں۔ مجموعی طور پر ایسے کھیلوں سے ہندوستان کی متنوع ثقافتوں کا پتہ چلتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ’ایک بھارت-شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو یکساں طور پر مضبوط کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 15 نومبر کو ہمارا ملک جن جاتیہ گورو دوس منائے گا۔ ملک نے اس کی شروعات پچھلے سال بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر قبائلی ورثے اور شان کا جشن منانے کے لیے کی تھی۔ بھگوان برسا منڈا نے اپنی مختصر زندگی میں لاکھوں لوگوں کو برطانوی راج کے خلاف متحد کیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی آزادی اور قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ بہت کچھ ایسا ہے جو ہم دھرتی ابا برسا منڈا سے سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا تھا کہ ہمیں اپنی قبائلی ثقافت کو بھولنا نہیں چاہیے، ہمیں اس سے ذرا بھی دور نہیں جانا چاہیے۔ آج بھی ہم ملک کے قبائلی سماجوں سے فطرت اور ماحولیات کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پچھلے سال بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں رانچی میں بھگوان برسا منڈا میوزیم کا افتتاح کرنے کا موقع ملا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 8 نومبر کو گروپورب ہے۔ گرو نانک جی کا پرکاش پرو ہمارے عقیدے کے لیے جتنا اہم ہے، ہمیں اس سے اتنا ہی سیکھنے کو ملتا ہے۔ گرو نانک دیو جی نے زندگی بھر نوع انسانی کی بہبود کے لئے روشنی پھیلانے کا کام کیا۔ پچھلے کچھ برسوں میں، ملک نے گرووں کی روشنی کو عوام تک پہنچانے کی بہت کوششیں کی ہیں۔ ہمیں گرو نانک دیو جی کے 550 ویں پرکاش پرو کو ملک میں اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر منانے کا شرف حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گرووں کی تعلیمات سے مسلسل سیکھنا ہے اور ان کے لیے وقف رہنا ہے۔ یہ دن کارتک پورنیما کا بھی ہے۔ اس دن تیرتھ استھانوں پر ہم اسنان کرتے ہیں اور سیوا اور دان کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ان تہواروں پر سبھی کو دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے من کی بات کے مختلف ایڈیشنوں میں ایک بھارت شریسٹھ بھارت کو فخر کا مقام دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا گ۔ن ا۔
U- 12099
(Release ID: 1872827)
Visitor Counter : 111