خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت

این سی ڈبلیو  نے 6 ریاستوں کی خواتین ارکانِ اسمبلی کے لئے صنفی جوابدہ حکمرانی پر ورکشاپ کا انعقاد کیا


این سی ڈبلیو کی چیئرپرسن نے کہا ہے کہ ورکشاپ خاتون لیڈروں کے لئے صلاحیت سازی کو فروغ دینے کے مقصد سے تیار کی گئی ہے

Posted On: 21 SEP 2022 7:18PM by PIB Delhi

قومی کمیشن برائے خواتین ( این سی ڈبلیو ) نے ہر سطح پر خاتون نمائندوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے کمیشن کے ملک گیر صلاحیت سازی کے پروگرام ’’ شی اِز اے چینج میکر ‘‘ پروجیکٹ کے تحت چھ ریاستوں کی خاتون نمائندوں ( ارکانِ اسمبلی ) کے لئے صنفی ذمہ دارانہ حکمرانی پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔

افتتاحی تقریب میں تلنگانہ کی گورنر اور پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سندر راجن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئر پرسن محترمہ ریکھا شرما اور لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن ( ایل بی ایس این اے اے ) کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ دیشا پنو بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

اپنے افتتاحی خطاب میں، گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سندر راجن نے خواتین ارکان اسمبلی کی اپنے قیمتی تجربات سے حوصلہ افزائی کی اور قوم اور عوام کے تئیں ان کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہوم میکر بننے سے لے کر چینج میکر بننے تک کا طویل فاصلہ طے کیا ہے اور اگرچہ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن خواتین نے اپنی زندگی ملک اور انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کردی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی نمائندہ بننا کوئی آسان کام نہیں ہے اور چاہے وہ کتنے ہی چیلنجز کیوں نہ ہوں لیکن خواتین کو اپنی محنت میں پراعتماد اور مستقل مزاج ہونا چاہیے اور وہ اپنے مقاصد حاصل کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مردوں کو مضبوط خواتین کے ساتھ رہنے کے لئے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا افتتاحی خطاب میں  این سی ڈبلیو کی چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ اس ورکشاپ کو خاتون لیڈروں کی صلاحیت سازی  کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر عورت ایک لیڈر ہے اور انہیں صرف اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کی ضرورت ہے۔

 

تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام راجستھان کے ادے پور میں نیشنل جینڈر اینڈ چائلڈ سنٹر، لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن ( ایل بی ایس این اے اے ) کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ ورکشاپ کے دوران، خواتین ایم ایل ایز کو مختلف اجلاس میں ، جیسے ’ موثر قیادت ‘ ، ’ شمولیت والی حکمرانی ‘ ، ’ جنس پر مبنی تشدد کی فہم ‘ ، ’ صنف کے لئے حساس اور شمولیت والی مواصلات ‘ ، ’ قانون سازیہ کی روایات کو مستحکم کرنا ‘ اور ’ ڈجیٹل خواندگی اور سوشل میڈیا تربیت ‘ وغیرہ پر  تربیت دی جائے گی ۔  اس ورک شاپ میں  راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، مہاراشٹر اور اڈیشہ کی ریاستوں سے 25 شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد منتخب خواتین نمائندوں کو ، ان کی قوت کے بارے میں آگاہ کرنے اور  اس طریقے سے خود آگاہی کی سطح میں اضافہ کرنے ہے ، جس سے انہیں  ’ شی اِز اے چینج میکر ‘ پروگرام کے مجموعی خطوط پر  آگے بڑھتے ہوئے مختلف چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔

کمیشن نے ’ شی اِز اے چینج میکر ‘ پروجیکٹ کے تحت خاتون نمائندوں کو ، ان کی فیصلہ سازی ، مواصلاتی صلاحیتوں اور موثر بندوبست کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے الگ الگ خطوں میں تربیتی اداروں کے ساتھ مل کر صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد  کر رہا ہے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) ( 21-09-2022 )

U. No. 10529

 



(Release ID: 1861355) Visitor Counter : 95


Read this release in: English , Hindi