سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے کولکاتا میں علاقائی کانفرنس کے ساتھ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ منایا

Posted On: 17 MAY 2022 4:56PM by PIB Delhi

'آزادی کا امرت مہوتسو' مناتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی چیئرپرسن محترمہ الکا اپادھیائے نے کولکتہ میں علاقائی افسران کی دو روزہ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس کے تحت نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں اور مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور آسام کے علاقائی ذمہ داروں کو معلومات ، کامیابیوں اور چیلنجوں کا اشتراک کرنے کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا۔

پروجیکٹ کے جائزوں کے علاوہ اس کانفرنس میں چیئرپرسن کے ساتھ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا  کے علاقائی افسروں اور پروجیکٹ ڈائریکٹروں کی آزادانہ گفتگو کے لئے ایک 'اوپن ہاؤس' کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ’’پل کی تعمیر کے بہترین طریقے‘‘ کے موضوع پر ایک دوسرے کے معلومات سے استفادہ کرنے کے ایک سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔

آزادی کا امرت مہوتسو کے زیراہتمام اس طرح کی مزید کانفرنسیں ملک کے مختلف علاقوں میں منعقد کی جائیں گی جو کہ آزادی کے 75 سال اور ملک کے عوام، ملکی ثقافت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ کا جشن  منانے اور اس کی یاد منانے کے لئے حکومت ہند کی پہل ہے۔

مجموعی طور پر، مالی سال 2022-2021 میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا  نے تمام شعبوں میں ریکارڈ ترقی کی ہے۔ اس مالی سال کے دوران نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے ملک کو مجموعی طور پر 6,306 کلومیٹر کے پروجیکٹوں سے نوازا جو کہ گزشتہ تین برسوں میں اتھارٹی کی طرف سے کی جانے والی سب سے زیادہ لمبائی کی پیشکش ہے۔ تعمیر کے شعبے میں بھی نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نے مجموعی طور پر 4,325 کلومیٹر کی لمبائی کی تعمیر کی اور پچھلے تین برسوں میں ایک مالی سال کے اندر تعمیر کئے جانے والے پروجیکٹوں کی سب سے زیادہ لمبائی کا کارنامہ کر دکھایا۔ ہائی وے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی طرف سے مالی سال 22-21 کے دوران  بنیادی اخراجات 1,68,770 کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا 5.35 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری  سے 34,800 کلومیٹر نیشنل ہائی وے کوریڈورز کی ترقی کے ساتھ بھارت مالا پریوجنا کو بھی نافذ کر رہا ہے جو ہندوستان کا اب تک کا سب سے بڑا ہائی وے انفراسٹرکچر پروگرام ہے۔ بھارت مالا پریوجنا کے حصے کے طور پر 3.6 لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے 8,400 کلومیٹر کی لمبائی کے ساتھ 22 گرین فیلڈ ایکسپریس ویز اور ایکسیس کنٹرول کوریڈور تیار کیے جائیں گے۔

مقصد  ہائی ویز کی ترقی سے آگے دیکھنا ہے اور اس میں بنیادی ڈھانچے کے فریم ورک کی مجموعی اور مربوط ترقی شامل ہے۔ ملٹی ماڈل کنیکٹیویٹی کے لئے قومی ماسٹر پلان  ’پی ایم گتی شکتی‘ جیسے اقدامات سے مختلف وزارتوں اور ریاستی حکومتوں کی بنیادی ڈھانچے کی اسکیمیں یکجا ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے لاجسٹک انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے ذریعے  35 ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک تیار کئے جا رہے ہیں، جو نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی صد فیصد ایس پی وی ملکیت  ہوگی۔

پروتمالا جو قومی روپ ویز ڈیولپمنٹ پروگرام ہے، آخری میل تک رابطے کی سہولت فراہم کرے گا اور ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر اور شمال مشرق کے پہاڑی علاقوں میں سیاحت اور نقل و حمل کو فروغ دے گا۔

ریاست مغربی بنگال میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا  نے اب تک مجموعی طور پر 1,201 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک تیار کیا ہے۔ اس وقت 356 کلومیٹر کے منصوبوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جاری منصوبوں کی کل لاگت 13,570 کروڑ روپے ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا مالی سال 2022-23 میں مغربی بنگال میں 25,000 کروڑروپے کی لاگت سے 270 کلومیٹر کے پروجیکٹوں  کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف ریاست کے اندر رابطے میں بہتری آئے گی بلکہ معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا نہ صرف عالمی معیار کی قومی شاہراہیں تعمیر کر رہا ہے بلکہ حادثات سے پاک قومی شاہراہوں کی تعمیر میں بھی گہری دلچسپی لے رہا ہے۔

ہائی وے حادثات کو کم کرنے کی خاطر جن اسٹریچز کو زیرو فیٹلٹی کوریڈور کے طور پر مخصوص گیا ہے ان میں سے ایک مغربی بنگال کی قومی شاہ راہ نمبر 2 کا براکر تا پانا گڑھ سیکشن ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا حکومت مغربی بنگال کے محکمہ پولیس کے ساتھ تعمیر میں بلیک اسپاٹس (زیادہ حادثے کی جگہ) کی بھی نشاندہی کر رہا ہے اور 459 ایسی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے زیادہ حادثات والی 301 جگہوں کو طویل مدتی اصلاحی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ زیادہ حادثات والی 146 جگہوں پر کام جاری ہے۔ باقی ایسی جگہوں پر بھی اصلاح کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا قومی شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو تیز رفتار سے تیار کرنے کا پرعزم ارادی رکھتا ہے تاکہ لوگ قومی شاہراہوں پر محفوظ، ہموار اور بے خلل سفر کر سکیں۔

****

 

 

 

U.No:5461

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1826090) Visitor Counter : 108


Read this release in: English , Urdu , Hindi , Bengali