وزارت دفاع
ملن 22 - افتتاحی تقریب
Posted On:
27 FEB 2022 3:11PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 27 فروری دو سالہ کثیرجہتی بحری مشق، ملن 22 کی افتتاحی تقریب بروز ہفتہ، 26 فروری 2022 کو وشاکھاپٹنم کے نیول آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ دفاعی امور کے وزیر مملکت جناب اجے بھٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار کے علاوہ غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنروں، بحریہ کے سربراہان، شریک ممالک کے وفود کے سربراہان اور تمام شریک جہازوں کے کمانڈنگ افسران اور عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے ذریعہ ملن مشق پر ایک خصوصی ڈے کور اور ایک فلم ریلیز کی گئی۔
بحریہ کی مشرقی کمان پہلی بار سٹی آف ڈسٹنی، وشاکھاپٹنم میں ملن مشق کے گیارہویں ایڈیشن کی میزبانی کر رہی ہے۔ پچھلے تمام ایڈیشن پورٹ بلیئر میں ٹرائی سروس انڈمان اور نکوبار کمانڈ کے زیراہتمام منعقد ہوئے ہیں۔ اس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ 13 بحری جہاز، 39 وفود اورسمندری نگرانی پر مامور ایک ایئر کرافٹ نے شرکت کی ۔ یہ جم غفیر لفظ 'ملن' جس کا مطلب ہندی میں "ملاقات" یا "سنگم" ہے، کی اہمیت اورصلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔
'ملن ' ہم خیال بحریہ کے درمیان "ہمدردی، ہم آہنگی، تعاون" کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔ یہ بندرگاہ پر پیشہ ورانہ تعامل اور تجربے کے اشتراک نیز سمندر میں کثیرجہتی آپریشن سمیت باہمی سرگرمی بڑھانے سے حاصل ہوتا ہے۔ مشق کے بندرگاہ کا مرحلہ 28 فروری 2022کو اختتام پذیر ہوگا، اس کے بعد یکم مارچ سے 04 مارچ 2022تک سمندری مرحلہ ہوگا۔
ملن کا یہ ایڈیشن پچھلے تمام ایڈیشنوں سے بڑا اور زیادہ پیچیدہ ہے، جو کہ بحری علاقے میں ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے، جو عالمی سطح پر میری ٹائم سیکورٹی کے تئیں ہندوستانی بحریہ کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
ملن کے اہداف جناب وزیر اعظم کے وژن ساگر - خطے میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ ملن 22 تعاون اور اشتراک کے ذریعہ امن و خوشحالی کے حصول کے لیے علاقائی ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
بندرگاہ کے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر، ترنگ نیول انسٹی ٹیوٹ میں ایک ملن گاؤں کا قیام عمل میں آیا ہے۔ یہ گاؤں مہمانوں کو ہندوستانی ثقافت کی جھلک فراہم کرے گا، خاص طور پر ریاست آندھرا پردیش سے ہندوستانی دستکاری، کھانوں اور فنون کی نمائش کی جائے گی۔ یہ گاؤں شرکت کرنے والی بحریہ کے درمیان سماجی میل جول اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک مقام بھی فراہم کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
U-2051
(Release ID: 1801626)
Visitor Counter : 168