وزارت دفاع

حکومت نے بی آر او کے کیپیٹل بجٹ میں 40 فیصد کا اضافہ کیا


سرحدی علاقوں کی ترقی پر توجہ

Posted On: 02 FEB 2022 6:55PM by PIB Delhi

ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں برس میں بنیادی ساختیات کی ترقی پر توجہ برقرار رکھنے کے ساتھ حکومتِ ہند نے مالی سال 23-2022 کے اپنے مرکزی بجٹ میں سرحدی سڑکوں کی تنظیم (بی آر او) کے لئے بنیادی اخراجات کی رقم کو 22-2021 کے 2,500 کروڑ روپے کے مقابلے میں 40 فیصد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ  3,500 کروڑ روپے کردیا ہے۔

 

سال2021 میں بی آر او نے پھیلتی ہوئی عالمی وبا کے دوران انتہائی اونچائی پر اور شدید موسمی حالات میں ریکارڈ تعداد میں بنیادی ساختیاتی پروجیکٹوں پر کام کیا۔ 2021 میں وزیر دفاع  جناب راج ناتھ سنگھ نے ملک کی شمال مغربی اور مشرقی ریاستوں میں مختلف مقامات پر 102 سڑکوں اور پلوں کو قوم کے لئے وقف کیا۔ ان میں املنگ لا میں 19,024 فٹ کی اونچائی پر دنیا کی بلند ترین سڑک شامل ہے جس پر گاڑی چلائی جا سکتی ہے۔

 

بجٹ میں اس اضافے سے سرحدی علاقوں کی ترقی پر توجہ دینے کے حکومت کے عزم کی توثیق ہوتی ہے۔ بی آر او خطوں اور موسمی حالات سے قطع نظر دور افتادہ دور دراز علاقوں سے رابطے بڑھانے کے لئے اپنے مستقل عزم کے ساتھ نہ صرف بہتر آپریشنل تیاری میں حصہ ڈال رہا ہے بلکہ خطوں کے سماجی و اقتصادی انضمام اور ترقی کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس بجٹ محرک سے بی آر او کو پلوں، سڑکوں اور سرنگوں کی تعمیر میں مزیدسہولت ملے گی جس کا مقصد تزویراتی لحاظ سے اہم سیکٹروں میں مسلح افواج کو تیزی سے متحرک کرنے میں مدد کرنا اور سیکورٹی کے ماحول کو مزید تقویت دینا ہے۔ اس سے دور دراز کے خاص طور پر مرکزی خطہ لداخ ، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ، اروناچل پردیش اور سکم کی ریاستوں میں سرحدی علاقوں کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی اہم مدد ملے گی۔

***

ش ح۔ ع س ۔ ک ا



(Release ID: 1794905) Visitor Counter : 118


Read this release in: English , Hindi