وزارت اطلاعات ونشریات
اِفّی – 52 میں جرمن فلم ’ نائٹ فوریسٹ ‘ کا پریمیر ، فلم کا مرکزی موضوع دوستی اور وفاداری
ہم ایک حقیقی ایڈونچر قائم کرنا چاہتے تھے : اِفّی – 52 میں ڈائریکٹر کیٹرن ملہان کا بیان
نئی دلّی ،27 نومبر/ آج گوا میں بھارت کے 52 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران فلم ’ نائٹ فوریسٹ ‘ کی ڈائریکٹر کیٹرن ملہان نے کہا کہ ’ نائٹ فوریسٹ ‘ ایک بچوں کی فلم ہے لیکن بالغ لوگ بھی ، اِس فلم سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔ یہ ایک تفریحی فلم ہے ، جو فیملی کے سب لوگ ایک ساتھ مل کر دیکھ سکتے ہیں ۔
فلم کا ایشیائی پریمیر اِفّی – 52 میں منعقد کیا گیا ۔ یہ فلم اِفّی – 52 میں آئی سی ایف ٹی یونیسکو گاندھی میڈل کے لئے بھی مقابلے میں ہے ۔ فلم کے دوسرے فلم ساز اینڈی ہورمین ہیں ۔
یہ فلم دو بہترین دوستوں کی زندگی کی عکاسی کرتی ہے کہ کس طرح وہ اپنی زندگی میں گرمیوں میں ایک ایڈونچر کے لئے گئے ۔ اِس فلم میں ، انہیں آزادی کے ساتھ ساتھ بہت سے خطرات اور رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
فلم ساز کٹرین ملہان ایک معروف مصنف ہیں اور انہوں نے ’’ وی وَر جَسٹ پلیئنگ ‘‘ ، ’’ لِٹل مِس ڈولِٹل ‘‘ جیسی کئی فلموں اور ٹی وی سیریل کا اسکرپٹ لکھا ہے ۔
ملہان نے وضاحت کی کہ ہم ایک حقیقی ایڈونچر تشکیل دینا چاہتے تھے ۔ یہ ایک بیٹے کی کہانی ہے ، جس نے اپنا باپ کھو دیا ہے اور وہ سکون پانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ یہ فلم دوستی اور وفاداری کے بارے میں ہے اور اُن خوابوں کے بارے میں ہے ، جن کے بارے میں سماج کچھ نہیں کہتا ۔
انہوں نے کہا کہ فلم بنانے کے دوران بہت سے چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ، ہم نے عالمی وباء کے دور میں شوٹنگ کی ۔ اس لئے ادا کاروں کا انتخاب بہت مشکل تھا ۔ جرمنی میں ادا کار بچوں سے متعلق قانون بہت سخت تھے اور انہیں صرف چار گھنٹے تک سیٹ پر رہنے کی اجازت تھی۔ ہم خوش قسمت تھے کہ ہمیں دو لڑکے مل گئے اور انہوں نے شاندار کام کیا اور ہم اپنا کام کم وقت میں ہی پورا کرنے میں کامیاب رہے ۔
کانفرنس میں فلم کا ٹریلر دکھاتے ہوئے ، ملہان نے کہا کہ ابتداء میں ہم اِس میں کوئی میوزک رکھنا نہیں چاہتے تھے لیکن اس کے بعد ہم نے اس میں دو گانے رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ میوزک سے فلم کو نئی جہت ملی ہے ۔
ڈائریکٹر نے ، جنہوں نے اپنا کیریئر اسکرین رائٹر کے طور پر شروع کیا ہے ، کہا کہ کسی فلم کی مصنف کے طور پر آپ کو ، اِس عمل کے کچھ حصوں میں شامل نہیں کیا جاتا ۔ اس لئے میں نے فیصلہ کیا کہ میں خود ہی فلم بناؤں اور مجھے خوشی ہے کہ میں اِس کے ساتھ انصاف کر سکی ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) (27-11-2021)
U. No. 13376
(Release ID: 1775843)
Visitor Counter : 207