وزارت دفاع

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے چشول، لداخ میں تجدید شدہ ریزانگ لا میموریل قوم کو وقف کیا


اسے ملک کے بہادر سپاہیوں کے جنون، عزم اور خوف سے پاک جذبے کی علامت قرار دیا

Posted On: 18 NOV 2021 6:03PM by PIB Delhi

وزیر دفاع کی تقریر کی جھلکیاں:

 

  • 1962 میں ریزانگ لا اور ارد گرد کے علاقوں کا دفاع کرنے والے فوجیوں کی ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی
  • یہ یادگار ہماری بہادر مسلح افواج کو خراج عقیدت اور ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہماری تیاریوں کی علامت ہے
  • جو بھی ہماری خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈالے گا ہم اسے منہ توڑ جواب دیں گے
  • یادگار قوم پرستی کے جذبے کو تقویت دے گی اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کرے گی
  • ہم مسلح افواج کے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی بھلائی کے لیے پر عزم ہیں

 

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 18 نومبر 2021 کو چشول، لداخ میں ایک شاندار تقریب میں تجدید شدہ ریزانگ لا میموریل کو قوم کے نام وقف کیا۔ یادگار 1963 میں چشول کے میدانوں میں 15,000 فٹ سے زیادہ کی بلندی پر ہند-چین سرحد پر 13 کماؤن رجمنٹ کی چارلی کمپنی کے سپاہیوں کے اعزاز میں تعمیر کی گئی تھی، جنھوں نے 18 نومبر 1962 کو مشرقی لداخ میں کیلاش رینج پر 16,500 فٹ سے زیادہ کی اونچائی پر ریزانگ لا اور ارد گرد کے علاقوں کی حفاظت کی تھی۔

وزیر دفاع نے ریزانگ لا کی جنگ لڑنے والے بہادر ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ چارلی کمپنی کی ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ انھوں نے ریزانگ لا کی یادگار کو قوم کے بہادروں کے جنون، عزم اور بے خوف جذبے کی علامت قرار دیا۔

جناب راجناتھ سنگھ نے کہا، ”یادگار کی تجدید نہ صرف ہماری بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین ہے، بلکہ یہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ ہم ملک کی سالمیت کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ یہ یادگار ہماری خود مختاری اور سالمیت کی علامت ہے۔“

وزیر دفاع نے ہندوستانی فوجیوں کی بھی تعریف کی جو شہید ہیروز کی بہادری اور حب الوطنی کی روایت کو آگے بڑھاتے ہیں اور بے خوف ہو کر ملک کا دفاع کرتے ہیں۔ مسلح افواج کے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات کی ستائش کی کہ اس یادگار کی بنیادی ساخت اور روح پر سمجھوتہ کیے بغیر قومی سطح کی یادگار کی طرز پر تجدید کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تجدید شدہ یادگار ملک اور بیرون ملک سے لوگوں کو راغب کرے گی؛ قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دے گی اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انھوں نے ان تمام لوگوں کو مبارکباد دی جنہوں نے یادگار کی بحالی کے لیے سخت حالات میں انتھک محنت کی۔

مرمت شدہ کمپلیکس میں دو منزلہ میوزیم، جنگ پر خصوصی دستاویزی فلم دکھانے کے لیے ایک منی تھیٹر، ایک بڑا ہیلی پیڈ اور کئی دیگر سیاحتی سہولیات شامل ہیں۔ لداخ میں پینگونگ جھیل کے بالکل قریب واقع، ریزانگ لا میموریل آنے والے سالوں میں سیاحوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔

لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جناب آر کے ماتھر، لداخ سے ممبر پارلیمنٹ جناب جمیانگ سیرنگ نامگیال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، آرمی کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سی پی موہنتی، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی فوج، لیفٹیننٹ جنرل وائی کے جوشی اور دیگر فوجی حکام تجدید شدہ ریزانگ لا میموریل کے افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔

 

 

 

 

 

 

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع- ف ک   

U: 13020



(Release ID: 1773136) Visitor Counter : 168


Read this release in: English , Hindi