وزارات ثقافت
جناب جی کشن ریڈی نے کئی مرکزی اور ریاستی وزرا کی موجودگی میں رسمی طور پر دیوی اناپورنا کی مورتی اتر پردیش حکومت کو سونپی
کینیڈا سے حاصل کی گئی دیوی اناپورنا کی مورتی 15 نومبر 2021 کو اتر پردیش کے کاشی وشوناتھ مندر وارانسی میں اس کے اصل مقام پر رکھی جائے گی
اناپورنا دیوی کے فضل سے ہمارے ہندوستانی کسانوں نے اضافی اناج اگایا ہے، جس نے کووڈ-19 کی وبا کے دوران وزیر اعظم کی غریب انّ کلیان یوجنا کی رہنمائی کی ہے: جناب جی کشن ریڈی
سال 2014 سے پہلے ہندوستان کو صرف 13 مورتیاں اور ورثے کی چیزیں واپس کی گئی تھیں۔ 2014 سے وزیر اعظم کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں مختلف ممالک سے 42 مورتیوں کو واپس لایا گیا ہے: جناب جی کشن ریڈی
Posted On:
11 NOV 2021 6:54PM by PIB Delhi
اہم جھلکیاں:
- دیوی اناپورنا کی 18ویں صدی کی مورتی 100 سال پہلے چوری کر کے ملک سے باہر لے جائی گئی تھی
- ہندو مذہب، بدھ مذہب اور جین مذہب سے متعلق 157 نوادرات اور مجسمے جلد ہی ہندوستان واپس آئیں گے جنھیں حال ہی میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران حکومت امریکہ نے حکومت ہند کے حوالے کیا تھا
- محترمہ میناکشی لیکھی نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کھوئے ہوئے خزانوں کو اب ہندوستان واپس لایا جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر برائے ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی علاقہ کی ترقی (DoNER)، جناب جی کشن ریڈی نے مرکزی وزرا محترمہ میناکشی لیکھی، جناب ارجن رام میگھوال، محترمہ اسمرتی ایرانی، جناب ہردیپ پوری، جناب دھرمیندر پردھان، جناب مہندر ناتھ پانڈے، جناب بی ایل ورما، جنرل وی کے سنگھ، جناب ایس ایس بگھیل، جناب بھانو پرتاپ، محترمہ انوپریہ سنگھ پٹیل کی موجودگی میں آج نئی دہلی میں نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) میں دیوی اناپورنا کی مورتی حکومت اتر پردیش کے حوالے کی۔ اتر پردیش حکومت کی نمائندگی جناب بھوپیندر سنگھ چودھری، جناب بلدیو سنگھ، محترمہ گلابو دیوی، جناب سریش رانا، جناب کپل دیو اگروال، ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی، جناب اتل گرگ، ڈاکٹر سنجیو کمار بالیان، جنرل وجے کمار سنگھ، جناب دنیش کھٹک اور جناب انیل شرما نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت غریبوں کی خدمت کے لیے پرعزم ہے، اور بتایا کہ حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت 80 کروڑ مستحقین کو مفت اناج فراہم کیا ہے۔ انھوں نے کہا، ”انا پورنا دیوی کے فضل نے ہمارے ہندوستانی کسانوں کے لیے اضافی اناج پیدا کرنا ممکن بنایا ہے اور کووڈ-19 کی وبا کے دوران وزیر اعظم کی غریب انّ کلیان یوجنا کی رہنمائی کی ہے“۔
مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ، ”'1976 سے اب تک 55 مورتیاں ہندوستان کو واپس کی گئی ہیں۔ جن مورتیوں کو واپس کیا گیا ہے ان میں سے 75 فیصد وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دور میں آئی ہیں۔ 55 نوادرات میں سے 42 کو 2014 کے بعد واپس کیا گیا جس میں اناپورنا دیوی آخری اضافہ تھا۔“ ”میں ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور ہمارے وزیر برائے امور خارجہ جناب ایس جے شنکر جی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے بیرون ملک سے ہمارے دیوتاؤں کو گھر لانے کی کوششیں کیں“۔ انھوں نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ سے مزید 157 نوادرات کی نشاندہی کی گئی ہے اور انھیں جلد ہی ہندوستان واپس بھیج دیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا، ”وزیراعظم ملک کے شاندار ورثے اور ثقافت کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔ جلد ہی، مختلف دیگر ریاستوں کے نوادرات متعلقہ ریاستی حکومتوں کو واپس کر دیے جائیں گے جس میں دو مجسمے تامل ناڈو اور ایک آندھرا پردیش اور ایک راجستھان کا ہے۔
ثقافت کی وزیر مملکت محترمہ میناکشی لیکھی نے اناپورنا دیوی کی مورتی کو کاشی وشوناتھ واپس لانے کی کوششوں کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ”وقت بدل گیا ہے، پہلے ہندوستان کی ثقافتی نشانیاں نکال لی جاتی تھیں لیکن اب اس نقصان کو پورا کیا جا رہا ہے اور جو خزانے کھو گئے تھے، انھیں اب ہندوستان واپس لایا جا رہا ہے۔“
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 29 نومبر 2020 کو اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کینیڈا سے اس مجسمے کی واپسی کا اعلان کیا تھا۔ 18ویں صدی کا یہ مجسمہ یونیورسٹی آف ریجینا کے میکنزی آرٹ گیلری کے مجموعے میں تھا جب اسے یونیورسٹی نے گزشتہ سال کینیڈا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر کے حوالے کیا تھا۔ مورتی کو اس کی صحیح جگہ کاشی وشوناتھ مندر وارانسی، اتر پردیش میں لایا جائے گا۔
مجسمے کو 11 نومبر کو دہلی سے علی گڑھ لے جایا جائے گا، وہاں سے 12 نومبر کو قنوج لے جایا جائے گا اور 14 نومبر کو ایودھیا پہنچے گا۔ آخر میں، یہ 15 نومبر کو وارانسی پہنچے گا جہاں مناسب رسومات کے بعد اسے کاشی وشوناتھ مندر وارانسی، اتر پردیش میں رکھا جائے گا۔
1976 سے اب تک 55 بت بھارت کو واپس کیے جا چکے ہیں۔ 55 نوادرات میں سے 42 کو 2014 کے بعد واپس کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، حال ہی میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران ہندو مذہب، بدھ مذہب اور جین مذہب سے متعلق 157 نوادرات اور مجسمے حکومت ہند کو امریکہ کی حکومت نے سونپے تھے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع- ف ک
U: 12762
(Release ID: 1771082)
Visitor Counter : 249