وزارات ثقافت
جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے ڈانڈی مارچ پد یاترا کے پہلے 75 کلو میٹر طے کئے
Posted On:
15 MAR 2021 8:11PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت(آزادانہ چارج) جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے آج نڈیاڈ پہنچ کر ڈانڈی یاترا کے 75 کلو میٹر مکمل کئے۔ ہزاروں لوگ گزشتہ چار دنوں میں ڈانڈی یاترا کا حصہ بنے اور انہوں نے پد یاترا میں شرکت کی۔ بہت سی معزز شخصیات نے بھی اس یاترا میں شرکت کی، جن میں مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ ، گجرات کے وزیراعلی وجئے روپانی، رکن پارلیمنٹ دیووسنگھ چوہان اور ایم ایل اے ارجن سنگھ چوہان شامل ہیں۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 12 مارچ کو سابرمتی آشرم سے پد یاترا کو روانہ کیا تھا جس کاانعقاد مہاتما گاندھی کی پیروی کے طور پر کیاگیا تھا۔ اس یاترا کاآغاز 75 ویں یوم آزادی کے نام وقف ‘‘ آزادی کا امرت مہوتسو’’ کے افتتاح کے موقع پر کیاگیا۔ جناب پٹیل کو نڈیا ڈ تک پہلے 75کلو میٹر کی پد یاترا کی قیادت کرنا تھی۔

پدیاترا کے چوتھے دن کے دوران، سوکھرا، سندھانا، پلانا، داودا، اور دبھان سے بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے یاتریوں کو جھلساتی ہوئی گرمی سے راحت پہنچانے کے لئے ان کا استقبال کرنے کے علاوہ پانی، شربت، ٹھنڈے مشروبات اور چائے وغیرہ سے ان کی تواضع کی۔
محترم مرکزی وزیر نے چوتھے دن کی یاترا ،17 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے دیگر یاتریوں کے ساتھ صبح ساڑھے سات بجے شروع کی۔ جناب پٹیل نے دبھان کے مقام پر پہنچ کر لنچ کے لئے وقفہ بھی دیا۔ میتھسٹ چرچ پہنچنے پر ان کاانتہائی گرمجوشانہ استقبال کیاگیا۔ اس کے بعد وزیر اعلی وجئے روپانی نے سردار پٹیل بھون میں ان کااستقبال کیا اور پدیاترا میں شریک ہو کر نڈیاڈ کے سنت رام مندر پہنچے۔ اس کے علاوہ انڈیا 75@ نمائش دیکھنے بھی گئے۔

یاترا کے پہلے دن، جناب پٹیل نے سابرمتی آشرم سے اسلالی تک 18 کلو میٹر کی یاترا انجام دی۔ پدیاترا کے دوران مقامی لوگوں نے مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا۔ رات کو انہو ں نے اسلالی کے مقام پر ہی ٹھہر کر آرام کیا، جہاں گاندھی جی سے متعلق ثقافتی پروگرام اور بھجن وغیرہ پیش کئے گئے۔
دوسرے دن وزیر موصوف نے صبح آٹھ بجے اسلالی سے سینکڑوں لوگوں کے ساتھ پد یاترا کاآغاز کیا۔ انہوں نے جیتال پور میں 200 سال پرانے سوامی نارائن مندر کے بھی درشن کئے۔18 کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد پدیاترا نواگم پہنچی، جہاں کالم بندھی اسکول کے بچوں نے یاترا میں شامل سب لوگوں کا استقبال کیا۔ اس اسکول کو اس بنا پر بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے کہ گاندھی جی نے بھی اپنی ڈانڈی یاترا کے دوران اس اسکول میں قیام کیا تھا۔ کھیڑا سے رکن پارلیمنٹ جناب دیوو سنگھ چوہان نے مرکزی وزیر کا استقبال کیا، جو گجراتی پگڑی لگائے ہوئے تھے۔جناب پٹیل نے گاندھی جی کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھائی۔لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے، جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے کہا کہ انہوں نے بہت سی پد یاتراؤں کی قیادت کی ہے لیکن ڈانڈی یاترا میں حصہ لینا ان کے لئے انتہائی فخر کی بات ہے۔

یاترا کے تیسرے دن، جناب پرہلاد سنگھ پٹیل کے ساتھ مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ کھیڑا کے ممبر پارلیمنٹ جناب دیوو سنگھ چوہان اور سینکڑوں دیگر یاتریوں کے ساتھ پد یاترا میں شامل ہوئے۔گووند پورا کے تاریخی پرائمری اسکول میں جہاں گاندھی جی بھی رات بھر کے لئے قیام پذیر ہوئے تھے، گرام پنچایت نے مرکزی وزیروں جناب پٹیل اور جناب گری راج سنگھ کے ساتھ ساتھ تمام یاتریوں کا استقبال کیا ۔یہاں اسکول کے طلباء نے سرودھرم اور کچھ گیتوں پر مبنی ڈرامہ اسٹیج کیا۔
وسانا بجرنگ میں ہزاروں لوگوں نے پیدل یاترا کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔راستے میں واقع برہما کماری آشرم میں مرکزی وزیر کا صندل کے تلک،گلدستوں اور شال سے استقبال کیا۔18 کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد جناب پٹیل اور دیگر پیدل یاتری متار پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ یہاں جناب پٹیل اور تمام یاتریوں نے تیسری رات گزاری۔
ملک بھر سے 17 ریاستوں کے لوگوں نے اس مارچ میں حصہ لیا۔ ان میں 44 لوگ مدھیہ پردیش سے،4 مہاراشٹر سے،1کیرالہ سے،1 تمل ناڈو سے، 2 منی پور سے،7 راجستھان سے،5 دہلی سے،4 اترپردیش سے،6 بہار سے اور ایک ایک آدمی اترا کھنڈ، پنجاب، مغربی بنگال، جھار کھنڈ، اڈیشہ، ہماچل پردیش اور ہریانہ سے اور 2 یاتری نیپال سے بھی آئے تھے۔
******
ش ح ۔س ب۔ ر ض
U-NO.2573
(Release ID: 1705044)
Visitor Counter : 275