وزارت دفاع

ڈی آر ڈی او  بھارت کی آزادی کے 75 برسوں کے مکمل ہونے کی یاد میں آزادی کا امرت مہوتسو شروع کر رہا ہے


اگلے 75 ہفتوں کے دوران قوم کی تعمیر  اور خود کفالت حاصل کرنے پر توجہ دینے والی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا

Posted On: 12 MAR 2021 5:17PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،12 مارچ ، 2021،    محکمہ دفاع کے تحقیق وترقی کے شعبے کے سکریٹری اور دفاعی تحقیق وترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے 12 مارچ 2021 کو ڈی آر ڈی او بھون میں آزادی امرت مہوتسو کی شروعات کی۔ ڈائرکٹر جنرل صاحبان،ڈی آر ڈی او سائنسدانوں اور دیگر افسران نے تمام بڑے مراکز سے جن  میں بینگلورو، حیدرآباد، پونے، تیج پور اور وشاکھاپٹنم کے مراکز شامل تھے، ورچوئل انداز سے اس تقریب میں شرکت کی۔

آزادی کا امرت مہوتسو بھارت کی آزادی کے 75 سال مکمل  ہونے کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے  اور اسے 12 مارچ 2021 سے 75 ہفتوں تک منعقد کیا جائے گا۔ جس کے مختلف موضوعات ہوں گے۔ ڈی آر ڈی او کی کوششیں ، بنیادی طو رپر ’’آتم نربھر بھارت ‘‘پر مرتکز رہیں گی اور جو اعلانات کئے جائیں گے وہ اس وژن کو حاصل کرنے  کی سمت میں رہنمائی کریں گے۔ ڈی آر ڈی او قومی تعمیر ، خود کفالت کے حصول،سائنسی اختراعات کی حوصلہ افزائی، انسانی وسائل کی ترقی اور دیگر متعلقہ موضوعات پر مختلف پروگرام کرکے 75 ہفتوں تک یہ مہوتسو منائے گا۔

ڈی آر ڈی او کا منصوبہ ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے انکیوبیشن  مراکز  کے ذریعے اسٹارٹ اپس کی معاونت میں اضافہ کریں۔ ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ فنڈ (ٹی ڈی ایف) اسکیم کے تحت بڑی تعداد میں مختلف صنعتوں کی ٹیکنالوجی تجاویز کو پروسیس کیا جائے گا۔ٹیکنالوجیز کی منتقلی کے لیے لائسنسنگ سمجھوتوں کی تعداد (ایل اے ٹی او ٹی ایس) بڑھا کر 100 سے زیادہ کی جائے گی۔

ماہرین تعلیم کے ساتھ زیادہ تال میل کو فروغ دینے کی خاطر بہت سی سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا گیاہے مثلاً تعلیمی اداروں کو نئے چیلنج فراہم کرنا،طلبا کی انٹرن شپ میں اضافہ کرنا اور ڈی آر ڈی او تجربےگاہوں / مراکز میں طلبا کو اپریٹنس شپ  دستیاب کرانا۔ اس کے علاوہ پی ایچ ڈی طلباکو  ڈی آر ڈی او تجربہ گاہوں میں دفاع سے متعلق مختلف موضوعات کے لیے داخل  کیا جائے گا۔  علاقائی زبانوں میں سائنسی تحقیقی مقالوں کی اشاعت  اور دفاع سے متعلق مضامین کی اشاعت  پر زیادہ زور دیا  جائے گا۔ یونیورسٹیوں / اداروں میں بڑے پیمانے پر  دفاعی شعبوں سے متعلق کورسوں اور سیمیناروں کے انعقاد  کابھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ہنرمندی کے فروغ کی حوصلہ  افزائی کے لیے جدید مستقبل کی ٹیکنالوجیوں مثلاً مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی میں طلبا کے لیے  بہت سے سرٹیفکیٹ کورسوں کامنصوبہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خصوصی سرگرمیوں مثلاً نمائشوں،مختصر فلموں، دستاویزی فلموں اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کے پروگرام بھی مرتب کیے گئے ہیں۔

*****

ش ح ۔اج۔را

U.No.2460



(Release ID: 1704516) Visitor Counter : 181


Read this release in: English , Hindi