امور داخلہ کی وزارت

قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس (این ڈی آر ایف) نے آج اپنا 16واں یوم تاسیس منایا


مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جناب نتیانند رائے نے فورس کے اہلکاروں اور افسران کو مبارکباد پیش کی

یہ دن اعلی سطح کی پیشہ ورانہ مہارت، مضبوط عزم اور محنت کے ذریعہ حاصل کردہ کامیابیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے

Posted On: 21 JAN 2021 10:58AM by PIB Delhi

نئی دہلی:20،جنوری، 2021: قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس (این ڈی آر ایف) نے آج اپنا 16واں یوم تاسیس منایا۔ اس موقع پر نئی دہلی میں ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جناب نتیانند رائے مہمان خصوصی تھے۔ جناب نتیانند رائے نے فورس کے اہلکاروں اور افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پیشہ ورانہ مہارت، مضبوط عزم اور محنت کے ذریعہ حاصل کی گئی کامیابیوں کو یاد رکھنے کا ایک موقع ہے۔

یہ اس فورس کے موثر انداز میں کام کرنے کا نتیجہ ہے کہ پچھلے سالوں میں مختلف آفات کے سبب جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم سطح پر لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے وژن کا ادراک کرتے ہوئے این ڈی آر ایف نے خواتین کو بھی شامل کیا ہے جو مرد ساتھیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ہر تباہی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی قدرتی آفات کے بندوبست کے بارے میں بیحد فکر مند ہیں اور وزیر اعظم نے گزشتہ برس بذات خود وزارت داخلہ اور متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ ملکر ملک میں طوفان اور سیلاب جیسے متعدد قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کی سطح کا جائزہ لیا اور  تباہی سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، جس سے ملک کو ان آفات پر قابو پانے میں مدد ملی۔

جناب نتیانند رائے نے کہا کہ وزیرداخلہ جناب امت شاہ نے بھی آفات کے بندوبست سے متعلق کاموں اور اسکیموں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا اور این ڈی آر ایف کو بیش قیمتی تجاویز دیے۔ وزیر داخلہ جناب امت شاہ کی رہنمائی میں این ڈی آر ایف نے ایس سی او مشترکہ مشق 2019 اور بمسٹیک 2020جیسے بین الاقوامی آفات بندوبست سے متعلق مشقوں کا انعقاد کیا،جس سے کسی بھی قدرتی آفت کی صورت حال سے آپسی تعاون کے ساتھ نمٹا جاسکے۔

جناب نتیا نند رائے نے اس موقع پر صدرکے میڈل اور دیگر پولیس میڈل سے نوازے گئے سبھی میڈل حاصل کرنے والوں کو اپنی جانب سے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت فخر کی بات ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس (این ڈی آر ایف) نے پہلی مرتبہ یوم جمہوریہ جھانکی 2020 میں حصہ لیا اور پہلا مقام حاصل کیا۔ پروگرام میں قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے رکن لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین اور این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹرجنرل جناب ستیہ نارائن پردھان  سمیت مرکزی حکومت اور قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس (این ڈی آر ایف) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

 

 

 

-----------

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO: 620



(Release ID: 1690696) Visitor Counter : 339


Read this release in: English