کامرس اور صنعت کی وزارتہ

اے پی ای ڈی اے نے ہندوستانی زرعی مصنوعات کے فروغ کیلئے درآمد کرنے والے ممکنہ ملکوں کے ساتھ خریداروں اور فروخت کنندگان کی ورچوول میٹنگ کا انعقاد کیا

Posted On: 21 NOV 2020 6:55PM by PIB Delhi

نئی دہلی:21 نومبر، 2020:تجارت اور صنعت کی وزارت کے تحت زرعی اور ڈبہ بند خوراک مصنوعات کی برآمدات کی ترقیاتی اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے)  برآمدات کو بڑھاوا دینے والی متعدد سرگرمیوں مثلاً بین الاقوامی خریداروں اور فروخت کنندگان کی میٹنگیں منعقد کرکے درآمد کرنے والے ممکنہ ملکوں میں ہونے والے سرکردہ تجارتی پروگراموں میں برآمدکاروں کی شراکت داری اور مخصوص بازاروں میں مصنوعات کی تشہیر کیلئے پروگراموں کے توسط سے اپنے درج فہرست مصنوعات کی برآمدات کو سہل بناتا ہے۔ اس طرح کے کئی اقدامات نے نہ صرف ہندوستانی زرعی مصنوعات کو عالمی سطح پر مقبول عام بنادیا بلکہ برآمد کاروں کو عالمی بازار تک رسائی میں مدد بھی کی ہے۔

کووڈ-19 وبا کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ ملکر میٹنگ کرنا اور بازارکی تشہیر سے منسلک پروگرام ممکن نہیں تھے۔ زرعی مصنوعات کی برآمدات کو بڑھاوا دینے کی اپنی کوششوں میں اے پی ای ڈی اے نے ورچوول طریقے کو اپنایا اور غیرملکوں میں بھارتی مشنوں کے ساتھ شراکت داری کرکے متعدد ورچوول خریدار اور فروخت کنندگان کی میٹنگیں (وی بی ایس ایم) منعقد کیں اور اس طرح برآمدات کو بڑھاوا دینے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھا۔

اپریل سے اکتوبر 2020 تک اے پی ای ڈی اے نے اپنی سبھی مصنوعات کی تشہیر کیلئے متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، کویت اور ایران جیسے ممکنہ درآمد کرنے والے ملکوں کے ساتھ کئی ورچوول خریدار- فروخت کنندگان کی میٹنگیں (وی بی ایس ایم) منعقد کیں۔

اس کے علاوہ سنگاپور، روس، بلجیم، سوئٹزرلینڈ، سویڈن اور لاتویہ جیسے ملکوں کے ساتھ مخصوص مصنوعات سے منسلک ورچوول نیٹ ورکنگ میٹنگیں بھی منعقد کی گئیں۔ ان زرعی پروڈکٹوں میں تازہ پھل اور سبزیاں شامل تھیں۔ کنیڈا کے ساتھ نامیاتی مصنوعات، جبکہ امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ جی آئی مصنوعات کو لیکر میٹنگیں ہوئیں۔

ان ورچوول میٹنگوں نے ہندوستان کے درآمدکاروں اور برآمدکاروں کو باسمتی چاول،غیرباسمتی چاول، انگور، آم، کیلا، انار، تازہ سبزیاں اور نامیاتی پروڈکٹس کی برآمدات میں ہندوستان کی طاقت سے واقف کرانے کیلئے بات چیت کا اسٹیج فراہم کیا۔

امید ہے کہ اس طرح کے انعقاد برآمدات کو آسان بنانے کے سلسلے میں ہندوستانی زرعی مصنوعات میں درآمدکاروں کے اعتماد کو مزیدبڑھائیں گے۔

-----------------------

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO:7449



(Release ID: 1674894) Visitor Counter : 132