کابینہ

کابینہ نے سابق صدرجمہوریہ جناب پرنب مکھرجی کے انتقال پُر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا


جناب پرنب مکھرجی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

Posted On: 01 SEP 2020 12:15PM by PIB Delhi

 

نئیدہلی یکم ستمبر  2020۔مرکزی کابینہ نے سابق صدرجمہوریہ ہند جناب پرنب مکھرجی کے انتقال پُر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

          کابینہ نے جناب پرنب مکھرجی کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی بھی اختیار کی ۔

          کابینہ نے آج درج ذیل قرارداد منظورکیں:

          ’’ یہ کابینہ سابق  صدر جمہوریہ ہند جناب پرنب مکھرجی کے انتقال پر ملال پر گہرے غم کا اظہار کرتی ہے۔

          ان کے انتقال سے ملک نے ایک ممتاز رہنما اور ایک بہترین رکن پارلیمنٹ کھودیا ہے۔

          بھارت کے تیرہویں صدر جناب پرنب مکھرجی کو حکمرانی کا وسیع تجربہ تھا ۔ انہوں نے مرکزی وزارت خارجہ ،دفاع ، کامرس اور وزارت خزانہ میں  خدمات انجام دیں۔

          جناب پرنب مکھرجی کا جنم 11دسمبر 1935  کو مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع میں چھوٹے سے گاؤں  مراتی میں ہوا تھا۔ انہوں نے کلکتہ یونیورسٹی سے تاریخ  اور پولیٹکل سائنس  میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ۔ساتھ ہی قانون میں ڈگری حاصل  کی ۔اس کے بعد انہوں  نے  کالج کے ایک ٹیچر اور صحافی کے طور پر اپنی پروفیشنل زندگی کی شروعات کی ۔قومی تحریک میں  اپنے والد کی خدمات سے تحریک پاکر جناب مکھرجی نے  اپنی  کل وقتی عوامی زندگی کا آغاز کیا ۔جس کے نتیجے میں  1969  میں وہ راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے۔

          جناب پرنب مکھرجی نے نائب وزیر صنعت  ، جہاز رانی اور ٹرانسپورٹ ،فولاد اور صنعت اور 75-1973 کے دوران خزانے کے وزیر مملکت کے طور پر خدمات انجام دیں ۔پہلی بار 1982  میں  انہوں  نے بھارت کی وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالا اور 1980سے 1985 تک وہ راجیہ سبھا میں  ایوان کے لیڈر رہے۔ 1991سے 1996 تک وہ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئر مین رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 1993سے 1995 تک وہ کامرس کے وزیررہے۔1995سے 1996 تک امور خارجہ کے وزیر ، 2004سے 2006 تک وزیر دفاع رہے۔2006سے 2009 تک انہوں نے دوبارہ امور خارجہ کے وزیر کے طورپر اور 2009سے 2012 تک وزیر خزانہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔2004سے 2012  تک وہ لوک سبھا میں ایوان کے لیڈر رہے۔

          جناب پرنب مکھرجی نے 25 جولائی 2012  کو صدرجمہوریہ ہند کا عہدہ سنبھالا اور 5 سال کی پوری مدت تک خدمات انجام دیں۔جناب پرنب مکھرجی نے اس اعلیٰ عہدے کو وقار بخشا اور قومی اور بین الاقوامی  امور کے بارے میں  اپنے عالمانہ  اور انسانی نظرئیے  سے  سبھی کو متاثر کیا۔

          جناب پرنب مکھرجی کا مطالعہ بہت وسیع تھا اور انہوں نے بھارتی معیشت اور قوم کی تعمیر کے بارے میں کئی کتابیں  تحریر کیں  ۔ ان کو جو متعدد انعامات اور اعزازات حاصل ہوئے ان میں بہترین ممبر پارلیمنٹ کا ایوارڈ 1997 میں ، پدم وبھوشن 2008 میں  اور بھارت کا سب سے بڑا شہری اعزاز  بھارت رتن  2019  میں  ملا۔

          جناب پرنب مکھرجی نے ہماری قومی زندگی پراپنے  اثرات چھوڑے ہیں۔ا ن کے انتقال سے ملک نے ایک ممتاز قومی لیڈر ،شاندار رکن ممبر پارلیمنٹ اور ایک قدآور سیاستداں  کھودیا ہے۔

          کابینہ  قوم کے لئے جناب پرنب مکھرجی کی خدمات کی دل کی گہرائیوں سے ستائش کرتی ہے اور حکومت اور پورے ملک کی جانب سے  ان کے غمزدہ خاندان کے لئے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

 

۰۰۰۰۰۰۰۰

م ن ۔اگ۔رم

U-4988



(Release ID: 1650302) Visitor Counter : 137