نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مابین اور زیادہ تبادلوں اور باہمی لین دین کے لئے کہا ہے


اتحاد کے مضبوط رشتے بھارت کی ناقابل یقین گوناگونیت کے خمیر کا لازمی جزو ہیں: نائب صدر جمہوریہ
ہمارے ثقافتی تنوع کو ہمیشہ اتحاد ، امن ، خوشحالی اور سرشاری کا ذریعہ ہونا چاہئے: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے کارپوریٹ کمپنیوں ، کاروباری اداروں ،انسان دوست افراد اور حکومت سے کہا ہے کہ وہ ثقافتی تنظیموں کی سرپرستی کریں اور ان کی مدد کریں
نائب صدر جمہوریہ نے اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ مختلف تبادلوں ، ثقافتی پروگراموں اور دوروں کے ذریعے بچوں کو مختلف کلچروں اور زندگی کے طریقوں کے بارے میں حساس بنائیں
نائب صدر جمہوریہ نے ’ہنس دھونی تیاگ راج ایوارڈ‘ وائلن نواز جناب ایم چندرشیکھرن کو پیش کیا

Posted On: 26 FEB 2020 7:31PM by PIB Delhi

 

نئیدہلی۔26؍فروری۔

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیانائیڈو نے آج مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے لوگوں کے مابین زیادہ رابطوں اور لین دین کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ہم آہنگی کا جذبہ پورے ملک میں پھیل جائے۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں علم کے اس احساس کی خاص طور پر اس زمانے میں ضرورت ہے جب بڑی تعداد میں اختلافات سے ہمارے اندر تقسیم اور ہمارے سماجی کلچرل  رشتوں کے اتحاد کے بکھرنے کا خطرہ ہے‘‘۔

وہ چنئی میں وائلن نواز جناب ایم چندرشیکھرن   کو ’’ہنس دھونی تیاگ راج ایوارڈ‘ ‘ پیش کرنے کے بعد وہاں موجود لوگوں سے خطاب کررہے تھے۔

’کالک شیتر‘ میں اپنی موجودگی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اسے بھارتی فنون لطیفہ کی مہارت مرکز قرار دیا اور کالک شیتر کی بانی اور راجیہ سبھا میں نامزد کی جانے والی پہلی خاتون محترمہ رُکمنی دیوی ارون دالے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فیضان بخش شخصیت نے ملک کے ثقافتی منظر نامے پر زبردست اثر مرتب کیا ہے۔

انہوں نے روایتی بھارتی موسیقی اور فن کاری کے تحفظ ، فروغ اور  تشہیر کی انتھک کوششوں کیلئے  ہنس دھونی  کی  تعریف کی۔

انہوں نے کارپوریٹ کمپنیوں ، کاروباری اداروں ،انسان دوست افراد اور سرکار سے کہا کہ وہ ہنس دھونی  جیسی  ثقافتی تنظیموں  کی سرپرستی اور مدد کریں تاکہ وہ بھارت کے ثقافتی ورثے کا تحفظ کرنے کے اپنے مشن میں اور اس ورثے کو دنیا تک پہنچانے کے اپنے مشن میں کامیاب ہوسکیں۔

عظیم موسیقی کار سد گرو تیار راج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ موسیقی کی دنیا میں عظیم ترین شخصیتوں میں ایک تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سنت تیار راج نے موسیقی کو غیر معمولی طریقے پر دین داری ، خوش آہنگی  اور معنیت کے ساتھ ملایا ‘‘۔ یہ شاندار ایوارڈ  حاصل کرنے پر جناب ایم چندر شیکھرن کو مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وائلن نواز نے  مہارت کی مثال پیش کی اور وہ  اپنے کام کیلئے بہت مشہور ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے تملناڈو کے عظیم شاعروں سبرامنیا بھارتی  اور کنّین پنگن درانار  کا حوالہ دیا  اور بھارت اور اس کے قیمتی ثقافتی ورثے اور زبردست گوناگونیت کی بات کی۔

جناب نائیڈو نے رائے ظاہر کی کہ اتحاد کے مضبوط رشتے بھارت کی ناقابل یقین  گوناگونیت  کا لازمی حصہ ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہماری  ثقافتی گوناگونیت کو ایک ایسا پلیٹ فارم بننا چاہئے جس پر ہم  اپنی قوم کامستقبل  تعمیر کریں اور  اس ملک کی  تیز رفتار ترقی اور پیش رفت کیلئے راہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا ’’ہماری ثقافتی گوناگونیت کو ہمیشہ ہی اتحاد ، امن ،خوشحالی اور  خوشی کا ذریعہ بننا چاہئے‘‘۔

انہوں نے ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ جیسے  انقلاب نوعیت کے پروگرام شروع کرنے کیلئے حکومت کی تعریف کی جہاں ریاستوں کا ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا ملا دیا جاتا ہے اور لوگوں کو  ایک دوسرے کی زبان ، ادب ،کھانا پکانے کے طریقے ، تہوار، ثقافتی  تقریبات  اور سیاحت  سیکھنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے باہمی مفاہمت اور اعتماد کی اہمیت کو اجاگر کیا جو ہمیشہ ہی  بھارت کے استحکام کی بنیاد رہی ہیں اور تمام شہریوں کو ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رہناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے شہریوں کو اپنے دروازوں اور اپنے دلوں کو تمام مظاہر ، کلچروں اور علاقوں کے لوگوں کیلئے کھول دینا چاہئے۔

ہماری تہذیب کے فلسفے ’وسودھیو کٹمبکم‘ اور ’سرو جن  سکھینو  بھونتو ‘ کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ہمیں اس قدیم کلچر اور لافانی انسانی اقدار کو محفوظ رکھنا چاہئے جو ہمارے ورثے کاحصہ ہے اور ہمیں ان ثقافتی خزانوں کو آئندہ نسلوں تک پہنچانا چاہئے۔

نائب صدر جمہوریہ نے اسکولوں سے کہا کہ وہ بچوں کو وقتاً فوقتاً تبادلوں ، کلچرل پروگراموں اور دوروں کے ذریعے مختلف ثقافتوں اور زندگی کے طریقوں کے بارے میں حساس بنائیں۔

اس موقع پر حکومت تملناڈو کے ماہی گیری کےمحکمے کے وزیر جناب ڈی جئے کمار،  ہنش دھونی کے  صدر جناب رام ناتھ منی ، ہنس دھونی کے سکریٹری  جناب آر سندر، کالک شیتر کی ڈائرکٹر محترمہ ریواتھی رام چندرن اور دیگر معزز افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

م ن۔ ج۔ع ن

U-944



(Release ID: 1604510) Visitor Counter : 94


Read this release in: English , Hindi