ریلوے کی وزارت

بھارت کا ریل محکمہ ملک میں ٹیکنالوجی کے بہترین طریقے اپناکر اور وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے خودکفیل ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دے رہا ہے


مسافروں کے اطمینان اور تجربے کو بڑھانے کے لئے نئی دہلی کے آنند وہار ٹرمینل اسٹیشن پر مسافروں کے لئے کئی نئی سہولتوں کا افتتاح کیا گیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 FEB 2020 5:55PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 21/فروری۔ بھارت کا ریل محکمہ ملک میں ریلوے اسٹیشنوں کو خودکفیل بنارہا ہے، جس میں حفاظت، آرام، مسافروں کی اچھی سہولتوں اور دیگر خدمات کے اعلیٰ معیار کے ساتھ ٹیکنالوجی کی بہترین سہولتوں کا استعمال کیا جارہا ہے اور وسائل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لایا جارہا ہے۔

مسافروں کے اطمینان اور تجربے کو بڑھانے کے مقصد سے ریلوے کے محکمہ نے نئی دہلی کے آنند وہار ٹرمینل اسٹیشن پر مسافروں کے لئے بہت سی سہولتوں کا اضافہ کیا ہے۔ یہ ریلوے اسٹیشن ایک ہمہ مقصدی ماڈل مرکز کے طور پر ابھرکر سامنے آرہا ہے، جس کے قریب میں دو میٹرو اسٹیشن اور بین ریاستی بس اڈہ واقع ہے۔ میرٹھ روٹ پر آر آر ٹی ایس اسٹیشن بھی جلد ہی قائم کردیا جائے گا۔

غیر اے سی ویٹنگ ہالوں کا درجہ بڑھا دیا گیا ہے اور وہاں ایل ای ڈی ٹی وی اور اسنیک بار فراہم کردیے گئے ہیں۔ ان ویٹنگ ہالوں میں کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ مسافر ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ ہالوں میں پہلے دو گھنٹوں کے 20 روپے اور اس کے بعد ہر گھنٹے کے 10 روپے کے حساب سے آرام کرسکتے ہیں۔ ویٹنگ ہال کو گدے والی کرسیوں، ایل ای ڈی ٹی وی اور اسنیک بار سے آراستہ کیا گیا ہے۔

اسٹیشن پر ایک کوئیک فوڈ ریستوراں شروع کیا گیا ہے، جہاں سے لوگ ڈبہ بند خوراک حاصل کرسکتے ہیں۔ فوڈ جوائنٹ  میں بھی مسافروں کے لئے اے سی کی سہولت موجود ہے۔ آنند وہار ٹرمینل ریلوے اسٹیشن پر نیو شاپ سے اب مسافر بے مثال مصنوعات خرید سکتے ہیں۔ یہ مصنوعات پورے بھارت کے اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز سے حاصل کی جاتی ہیں۔ ایک بک اسٹال اور ایک موبائل چارجنگ کیوسک کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔

مسافروں کو کفایتی شرح پر معیاری ادویات فراہم کرنے کی خاطر ایک جنیرک دواؤں کی دکان کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ریلوے میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔ اس کے علاوہ ورزش اور مساج وغیرہ صورتیں بھی فراہم کی گئی ہیں، جن کا مسافر بہت تھوڑے سے پیسے دے کر استعمال کرسکتے ہیں۔

پلیٹ فارموں پر اور اسٹیشن کے احاطے میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی خاطر گیلے اور خشک کچرے کو الگ الگ کرنے کے لئے این جی ٹی کے رہنما خطوط کے مطابق دو کوڑے دان لگائے گئے ہیں۔ این جی ٹی کے رہنما خطوط کے مطابق پینے کے پانی کی خالی بوتلوں کو مناسب طریقے پر ٹھکانے لگانے کی خاطر بوتلوں کو توڑنے والی مشین نصب کردی گئی ہے۔ سی ایس آر اسکیم کے تحت ریلوے اسٹیشن پر مختلف پودوں وغیرہ کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔

آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر جنوری 2020 میں ’اِیٹ رائٹ اسٹیشن‘ آڈٹ کرایا گیا تھا، جس میں اسے سب سے زیادہ 92 فیصد نمبر ملے۔

آنند وہار ریلوے اسٹیشن کو 27 ستمبر 2019 کو آئی ایس او 14001:2015 کا سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ اس اسٹیشن کو آئی جی بی سی (انڈین گرین بلڈنگ کونسل) کی طرف سے ’سلور‘ درجہ بندی میں رکھا گیا تھا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 

(م ن ۔ج ۔ م ر(

U-876


(ریلیز آئی ڈی: 1604005) وزیٹر کاؤنٹر : 141
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी