کوئلے کی وزارت
بھارت میں کانوں کی اسٹارریٹنگ کے لئے ویب پورٹل کا آغاز
یہ پورٹل سرسبز ، محفوظ اور ہمہ گیر کوئلہ کانکنی طریقہ ہائے کار کے ایک ذریعہ کے طور پر کام کرے گا
Posted On:
10 FEB 2020 8:02PM by PIB Delhi
نئی دہلی 11 فروری 2020 ۔ٹکنالوجی کو ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سرسبز ، محفوظ اور ہمہ گیر کانکنی کے طریقہ ہائے کار کو فروغ دینے کی غرض سے کوئلے کی وزارت نے کوئلہ کانوں کی اسٹارریٹنگ کے لئے ایک ویب پورٹل شروع کیا ہے ۔ کوئلہ اور کانکنی کے وزیر جناب پرہلادجوشی نے آج نئی دلی میں اس پورٹل کا آغاز کیا، جس کے توسط سے ملک بھر میں مصروف عمل کوئلہ کانوں کی اسٹارریٹنگ یا ستارہ حیثیت کا تعین کیا جاسکے گا ، مستقبل میں کوئلہ کنٹرولر تنظیموں کے ذریعہ انہیں اسنا د جاری کی جاسکیں گی ، ان کا تجزیہ کیا جاسکے گا اور حتمی طور پر انہیں اسٹار ریٹنگ یا ستارہ حیثیت سے نوازا جائے گا۔
اس ویب پورٹل پر ایک باقاعدہ میکانز م دستیاب ہےجس سے مذکورہ ستارہ حیثیت کا تعین کرنا ممکن ہوسکے گا اور اس طریقے سے جو بھی کوئلہ کان، ملک میں اسٹارریٹنگ کے معاملے میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرے گی ، اسے یہ ایوارڈ ایک سرکاری تقریب میں دیا جائے گا۔اس کے علاوہ تمام ترکوئلہ کانیں سی سی او کی جانب سے ایک سرکاری سند حاصل کریں گی اور اس سند میں ان کی ستارہ حثییت او ر کس سال میں یہ امتیاز انہیں حاصل ہوا ، اس کا ذکر ہوگا۔ایسی کوئلہ کانیں جو 95سے لے کر 100فیصد تک کا اسکور حاصل کریں گی ، انہیں پانچ ستارہ ، 81 سے 90فیصد تک اسکور حاصل کرنے والی کانوں کو 4ستارہ ، 71سے 80فیصد تک اسکورنگ والی کانوں کو 3ستارہ ، 61 سے 70 فیصد اسکورنگ والی کانوں کو 2ستارہ اور 41سے 60 فیصد والی کانوں کو ایک ستارہ حیثیت حاصل ہوگی ۔صفر سے 40 فیصد تک والی کانوں کو بھارت میں کوئلہ کانوں کے لئے اسٹارریٹنگ پالیسی کے تحت کوئی ستارہ حیثیت نہیں تفویض کی جائے گی۔
مذکورہ پورٹل ہر ایک کوئلہ کان کو اپنے ذاتی تجزیہ کے لئے ایک لاگ ان فراہم کرے گا۔ ساتھ ہی ساتھ ضروری دستاویز ات بھی جاری کی جائیں گی۔کوئلہ کنٹرول تنظیم یعنی سی سی او کے افسراس لاگ ان کے علاوہ پورٹل کے توسط سے ایک علیحدہ لاگ ان بھی فراہم کریں گے، جس کے توسط سے ازخود تجزیہ داخل کیا جاسکے گا۔ سی سی او کی جانب سے تشکیل کردہ اسناد سے متعلق کمیٹی طے شدہ پالیسی کے مطابق اپنی رائے کا حتمی اظہار کرے گی اور بعد ازاں پورٹل پر اسی لحاظ سے ستارہ حیثیت ریکارڈ کردی جائے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس کوئلے کی وزارت نے بھارت میں کوئلہ کانوں کے لئے ایک اسٹارریٹنگ پالیسی وضع کی تھی ۔اس پالیسی میں کھلی کوئلہ کانوں میں 50 تجزیہ جاتی کسوٹیوں کو جگہ دی گئی ہے ۔ساتھ ہی ساتھ زیر زمین کانوں کے لئے 47 اسٹارریٹنگ پیمانے وضع کئے گئے ہیں، جو 7وسیع ماڈیولز یعنی کانکنی آپریشن سے متعلق کسوٹیوں ، ماحولیات سے متعلق کسوٹیوں ، تکنالوجیاں اپنانے ، بہترین کانکنی طریقہ ہائے کار ، اقتصادی کارکردگی ، باز آبادکاری اور ازسرنو بسانے سے متعلق پیمانو ں ، کارکنان سے متعلق عمل آوریوں اور سلامتی اور تحفظ سے متعلق پیمانوں پر مشتمل ہیں۔ کوئلہ سکریٹری جناب انل کمار جین ، ایڈیشنل سکریٹری جناب انل کمار تیواری اور دیگر سینئیر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰
U-688
(Release ID: 1602744)
Visitor Counter : 134