وزارتِ تعلیم

فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نِشنک کی آج نئی دہلی میں او ای سی ڈی پروگرام فار انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ اسسمنٹ(پی آئی ایس اے) کے ڈویژن ہیڈ اور کوآڈینیٹر آندریاس  شلیچر کے ساتھ ملاقات


آندریاس شلیچر نے پی آئی ایس اے 2021 کی تیاریوں کے لئے ہندوستان کی کوششوں کو سراہا

فروغ انسانی وسائل کے وزیر نے افسران کو پی آئی ایس اے 2021 کی تیاریوں کے لئے وقفے وقفے سے جائزہ لینے کے لئے ہدایت دی

Posted On: 07 FEB 2020 3:04PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،07؍فروری: فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے آج نئی دہلی میں او ای سی ڈی پروگرام فار انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ اسسمنٹ(پی آئی ایس اے) کے ڈویژن اور کوآڈینیٹر آندریاس شلیچر کے ساتھ ملاقات کی۔پی آئی ایس اے 2021 کے لئے ہندوستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پی آئی ایس اے کے کوآرڈینیٹر کے ساتھ فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔اس میٹنگ کے دوران عالمی بینک کا ایک افسر اور فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

جناب آندریاس شلیچر نے پی آئی ایس اے 2021 کے لئے ہندوستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں کی جارہی ہندوستان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے پی آئی ایس اے امتحان کے لئے ہندوستان کے جوش و خروش اور لگن کے اوپر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے امتحان کے نظام میں اصلاحات کو متعارف کرانے اور صلاحیت پر مبنی لرننگ کی جانب آگے بڑھنے کے لئے سی بی ایس ای اور فروغ انسانی وسائل کی وزارت کے ذریعے کئے گئے مختلف اقدامات پربھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

جناب آندریاس شلیچر نے فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر سے پی آئی ایس اے مسابقے کی تیاریوں کے لئے ای ای سی ڈی تعاون فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تعلیم کی ترقی کے لئے بے حد اچھا ماحول ہے اور متعلقہ تمام فریق اس سمت میں بہترین کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس آئندہ پی آئی ایس اے 2021 امتحان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے بہترین صلاحیت ہے۔

 

IMG-20200207-WA0043.jpg

 

اس میٹنگ کے دوران جناب شلیچر نے  زور دے کر کہا کہ کسی بھی ملک میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اساتذہ، والدین اور میڈیا کو زیادہ بیدار اور ذمہ دار ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں گروپ کسی بھی ملک میں تعلیم کے منظر نامے کو تبدیل کرسکتے ہیں۔انہوں نے اساتذہ کی تربیت کے لئے اپنے تعاون کی پیشکش کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایسے مخصوص آلات فراہم کرنے کے لئے بھی تعاون کی پیشکش کی، جن سے اساتذہ کی قابلیت اور معیار تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے فروغ انسانی وسائل کے وزیر کو یہ پیشکش بھی کی کہ وہ پیرس ایک ٹیم روانہ کریں، جو پی آئی ایس اے کے امتحان کے پورے طریقہ کار کو سمجھے گی ۔ انہوں نے اس ٹیم کو او ای سی ڈی کے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔پی آئی ایس اے امتحان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں  اپنےامتحانات کے قدیم نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں رٹّا مار کر یاد کرنے اور سیکھنے کو فروغ دینے سے اجتناب کرنا چاہئے اور ہمیں امتحانات میں بالخصوص ریاضی اور سائنس کے مضامین میں مزید پریکٹکل سوالات کی مانگ کرنے کی ضرورت ہے۔

فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال نشنک نے  جناب آندریاس شلیچر کوخوش آمدید کہا اور ہندوستان کا دورہ کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ جناب نشنک نے کہا کہ پی آئی ایس اے 2021 امتحان کے لئے ہندوستان کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے پی آئی ایس اے کے ڈائریکٹر کو مطلع کیا کہ کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن ، نوودیہ ودیالیہ سمیتی اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ  چنڈی گڑھ کے طلباء اس امتحان میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان دنیا کی کل آبادی کی تقریباً 18 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔لہٰذا ہندوستان کے بغیر کسی بھی عالمی ہدف کو حاصل نہیں کیاجاسکتا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحان ہندوستان کے قابلیت اور صلاحیت کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کےلئے ایک بے حد اہم پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء میں مسابقت ، ڈسپلن اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ البتہ ضرورت ہے کہ انہیں صحیح رہنمائی  اور درست سمت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پی آئی ایس اے کی تیاریوں کے لئے او ای سی ڈی کے تعاون کےلئے اپنے تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نے پی آئی ایس اے کے ڈائریکٹر سے زور دے کر کہا کہ وہ اس امتحان کو دو زبانوں میں بنائیں، تاکہ دیگر ملکوں کے شریک طلباء بھی عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے۔

جناب نشنک نے کہا کہ پی آئی ایس اے امتحان میں اب بہت زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے، لہٰذا اس کی تیاری جنگی پیمانے پر کی جانی چاہئے۔ انہوں نے وزارت کے افسران کو ہدایت دی کی وہ پی آئی ایس اے کی تیاریوں کی کڑی نگرانی کے لئے اعلیٰ سطح پر وقفے وقفے سے جائزہ لیں،تاکہ ہندوستان اس مسابقے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے۔

 

*************

(U: 630)



(Release ID: 1602442) Visitor Counter : 78


Read this release in: English , Hindi