شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر نے گجرات کے مادھو پور میلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے این ای سی کے 30 فی صد بجٹ کو نئے پروجیکٹوں کے لئے مخصوص کرنے کے مرکزی کابینہ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ یہ پروجیکٹ محروم علاقوں اور سماج کے نظر انداز کئے گئے طبقوں کی ترقی پر مرکوز ہوں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 JAN 2020 6:49PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 29 جنوری / شمال مشرقی علاقے کی ترقی کے مرکزی وزیرِ مملکت ( آزادانہ چارج ) ، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ، عملے ، عوامی شکایات اور پنشن نیز ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں حکومتِ گجرات کے سینئر افسران کی اعلیٰ سطح کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ، جس کامقصد گجرات کے آنے والے مادھو پور میلے کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا ۔ شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر اندر جیت سنگھ ، شمال مشرقی کونسل ( این ای سی ) کے سکریٹری جناب کے موزیز چلائی اور این ای سی کے سینئر افسران کے علاوہ ، اروناچل پردیش ، آسام اور منی پور کے ریزیڈنٹ کمشنروں / نمائندوں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے افسران کو ہدایت کی کہ کلچرل پرفارمننس ، کرافٹ ڈسپلے اور کھانوں کے تہوار ، جن کا تعلق شمال مشرقی خطے سے ہے ، انہیں گجرات کے بڑے شہروں میں ، جن میں احمد آباد بھی شامل ہے ، اجاگر کیا جانا چاہیئے تاکہ مقامی آبادی میں بڑے پیمانے پر دلچسپی پیدا ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اعلان کردہ ایک بھارت – شریشٹھ بھارت کے تحت مادھو پور میلہ گجرات کو شمال مشرق کے ساتھ ثقافتی طور پر متحد کرے گا ۔
مادھو پور گھید کا سالانہ میلہ پور بندر ضلعے میں ہوتا ہے اور اِس سال یہ میلہ رام نومی کے تہوار کے ایک دن بعد 2 اپریل کو منعقد ہو گا ۔ مادھو پور میلے میں شمال مشرقی خطے کی 8 ریاستیں بڑے پیمانے پر شرکت کریں گی ۔
مادھو پور گھید ، جو ایک چھوٹا لیکن ثقافتی طور پر اہم گاؤں ہے ، وہ جگہ ہے ، جہاں لوک کہانی کے مطابق بھگوان کرشن نے بھیشماکا بادشاہ کی بیٹی رکمنی سے شادی کی تھی ۔ مادھو پور ساحلِ سمندر پر واقع ہے ، جو پور بندر سے قریب ہے ۔ 15 ویں صدی کا مادھو رائے مندر بھی اسی جگہ موجود ہے ۔
اس میلے کو ثقافتی میلے کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ، جو ہر سال رام نومی کے آغاز سے شروع ہوتا ہے ۔ ایک رَتھ ، جو پھولوں سے بنا ہوا ہوتا ہے ، بھگوان کرشن کی مورتی کو لے کر گاؤں سے گزرتا ہے اور یہ تقریبات پانچ دن تک جاری رہتی ہیں ۔
بعد میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے شمال مشرقی خطے کی وزارت کی ایک جائزہ میٹنگ لی ۔ انہیں این ای سی اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کی مختلف اسکیموں کے تحت مختلف ریاستوں میں فنڈ کے استعمال کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ اس میں خاص توجہ منی پور پر دی گئی ۔ اس کے علاوہ ، آسام کے دیما ہساؤ ضلعے میں ایک بیمبو انڈسٹریل پارک کے قیام کا منصوبہ بھی ہے ۔
میٹنگ کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ، جو این ای سی کے نائب چیئرمین بھی ہیں ، مرکزی کابینہ کے آج کے اِس فیصلے کو سراہا کہ این ای سی کے لئے مختص رقم کا 30 فی صد حصہ محروم علاقوں ، سماج کے اب تک نظر انداز کئے گئے طبقوں اور ابھرنے والے ترجیحی سیکٹروں کی ترقی کے لئےمختص کیا جائے ۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی اورمرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کا شکریہ ادا کیا ، جو این ای سی کے چیئرمین بھی ہیں ۔
اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈیسائفر نارتھ ایسٹ کوئز مقابلہ جیتنے والوں کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعام بھی تقسیم کئے ۔
۔ ۔ ۔
U. No. 418
(ریلیز آئی ڈی: 1601056)
وزیٹر کاؤنٹر : 77