ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت

بھارت نے اوزون کو ختم کرنے والے کیمیکلز میں سے ایک کیمیکل کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے

Posted On: 22 JAN 2020 6:06PM by PIB Delhi

 

نئیدہلی۔22؍جنوری۔بھارت نے کامیابی کے ساتھ  ہائیڈرو کلورو فلورو کاربن (ایچ سی ایف سی) -141 بی کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔ یہ کیمیکل فوم تیار کرنے والی کمپنیاں استعمال کرتی ہیں اور یہ کیمیکل کلوروفلوروکاربنس (سی ایف  سیز) کے بعد اوزون کو کم کرنے والا  سب سے خطرناک کیمیکل ہے۔  (ایچ سی ایف سی)-141 بی  عام طور پر  پولی ریتھین (پی یو) فوم کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بھارت نے اوزون کو ختم کرنے والے مادوں (او ڈی ایس ایس) کو رفتہ رفتہ  ختم کرتے ہوئے دانستہ طور پر  ماحول دوست اور کم خرچ توانائی سے متعلق ٹیکنالوجیوں کے  استعمال کواپنایا ہے۔  یہ بات بھی  بڑی اہم ہے کہ بھارت ان چند ملکوں میں شامل ہے اور بعض معاملات میں  ان پہلے ملکوں میں شامل ہے  جنہوں نے ایسی ٹیکنالوجیوں کا استعمال کیا ہے جو اوزون کو ختم نہ کرنے والی ہیں اور اس کا گلوبل وارمنگ پوٹینشن (جی ڈبلیو پی) کم ہے۔

بھارت نے ہائیڈرو کلوروفلورو کاربن (ایچ سی ایف سی)-141 بی کو مکمل طور پر کامیابی کے ساتھ یکم جنوری 2020 سے ختم کردیا ہے۔  31دسمبر 2019 کو ماحول دوست ٹیکنالوجیوں کے استعمال کی طرف بڑھنے کے حکومت کے عہد کے  ایک حصے کے طور پر ماحولیات ،جنگلات اور آب وہوا کی تبدیلی کی  وزارت نے  بھارت کے گزٹ میں ایک نوٹیفکیشن شائع کیا  جس کے ذریعے  ایچ سی ایف سی  -141 بی  کے  درآمدی لائسنس  کا اجراء یکم جنوری 2020 سے  ختم کردیا گیا۔ 

ایچ سی ایف سی-141 بی  ملک میں تیار نہیں کیا جاتا اور ملک کی تمام داخلی ضرورتیں درآمدات کے ذریعے پوری کی جاتی ہیں۔اس نوٹیفکیشن کے ذریعے حکومت نے اوزون کو نقصان پہنچانے والے  کیمیکل کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔  اس کے نتیجے میں فوم تیار کرنے والی  صنعتوں کے ذریعے  ایچ سی ایف سی -141 بی  کا استعمال یکم جنوری 2020 سے بند ہوگیا ہے۔

 

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

م ن۔ ج۔ع ن

U-331



(Release ID: 1600306) Visitor Counter : 252


Read this release in: English