بھارتی چناؤ کمیشن

بھارت کے انتخابی کمیشن نے قومی راجدھانی خطہ دلی میں اسمبلی انتخابات کیلئے پولیس ، اخراجات اور عام مشاہدین کی بریفنگ کیلئے میٹنگ کا انعقاد کیا

Posted On: 14 JAN 2020 4:50PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،14؍جنوری،بھارت کے انتخابی کمیشن نے قومی راجدھانی خطے دلی کے ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ، جس کا اعلان 6؍جنوری 2020 کو کیا گیا ہے، مشاہدین مقرر کرنے کی خاطر آج تفصیلات فراہم کرنے کے مقصد سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔ 8 فروری 2020 کو ایک مرحلے میں دلی کے 70 اسمبلی حلقوں کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی 11؍فروری 2020 کو ہوگی۔ آئی اے ایس ، آئی پی ایس اور انڈین ریوینیو سروس کے علاوہ دیگر مرکزی سروسیز کے 150 سے زیادہ افسران کو پولیس، اخراجات اور عام  مشاہدین کے طور پر تعیناتی کےمقصد سے بریفنگ کےلئے میٹنگ میں طلب کیا گیا تھا۔ انتخابات کے دورا ن عہدیداروں کی مناسب تعداد کو تعینات کیا جائے گا۔

مشاہدین سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ انتخابی کمشنر سنیل اروڑا نے اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ فیلڈ میں تعینات افسران کی ٹیموں کے ساتھ قریبی تال میل رکھیں اور ہر وقت رسائی کی حد میں رہیں۔ جناب اروڑا نے خاص طور پر ان سے کہا کہ وہ ای سی آئی کے رہنما خطوط پر عمل کریں اور پوری ایمانداری اور سنجیدگی کے ساتھ انتخابی ضابطوں اور روایات پر عمل درآمد کریں اور ان کو دیئے گئے کسی بھی کام کوانجام دینے میں کوئی لا پرواہی نہ برتیں۔ انہوں نے مشاہدین سے کہا کہ وہ تمام پولنگ مراکز  پر کم از کم سہولیات  کو یقینی بنائیں۔ اس حقیقت کے باوجود کہ قومی دارالحکومت میں بنیادی ڈھانچہ ملک کے دوردراز کے علاقوں کے مقابلے کافی بہتر ہے، انہوں نے مشاہدین سے کہا کہ وہ  بزرگ شہریوں، معذوری سے متاثرہ افراد اور خواتین ووٹروں   کی سہولیات  کا مشاہدہ کرنے کے لئے پولنگ مراکز کا دورہ کریں تاکہ سبھی کی شمولیت والے انتخابات کے اصول کے تئیں کمیشن کے عہد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کو دوہرایا کہ ای سی آئی جان بوجھ کر کی گئی کسی بھی خامی کو برداشت نہیں کرے گا۔

 

 

انتخابی کمشنر جناب اشوک لواسا نے  مشاہدین کے اہم رول پر زوردیا۔ جناب لواسا نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانے کےلئے کہ چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی نہ کی جائے، جس سے کہ انتخابی عمل میں رخنہ پڑتا ہو،اہم اقدامات کی ضرورت ہے۔ جناب لواسا نے کہا کہ افسران کو ایسے معاملوں پر فوری طور پر دھیان دینا چاہئے۔ دی گئی ہدایات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور دلی انتخابات میں اضافی سہولیات سے متعلق خصوصی تفصیلات جیسے غیر حاضر ووٹر کی سہولیت کے لئے ضروری خدمات کے زمرے ، 80 سال سے زیادہ عمر کے ووٹروں کے علاوہ معذوری سے متاثرہ افراد کے لئے   سہولت ، فوٹو ووٹر سلپ پر کیو آر کوڈ وغیرہ سے مشاہدین کو ان کی دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ شکایات کو سرگرمی سے دور کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے غیر جانبداری کو یقینی بنائیں۔

گروپ سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر سشیل چندر نے افسران کی توجہ اس طرف مبذول کرائی کہ مشاہدین کے طور پر انہیں  اپنے قانونی فرائض بھارت کے انتخابی کمیشن کےنمائندےکے طور پر ادا کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعینات کئے گئے افسران کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں پوری طرح غیر جانبدار ہونے کی ضرورت ہے اور انہیں بنیادی طورپر بھارت کے چناؤ کمیشن (ای سی آئی) کا حقیقی چہرہ بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مشاہدین کو چاہئے کہ وہ ای سی آئی کے ضابطوں اورپولنگ مراکز پر سہولیات ،  غیرضمانتی وارنٹ کی تعمیل، لائسنس والے ہتھیاروں کوجمع کرنے کے علاوہ اخراجات کے بندوبست کے ضابطوں کی سختی سے پابندی جیسے کارروائی کے  معیاری  ضابطوں (ایس او پی) پر پوری طرح عمل درآمد کریں۔

آھے دن تک جاری رہنے والا یہ اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں  ای سی آئی کے سکریٹری جنرل جناب اُمیش سنہا نے انتخابات کی منصوبہ بندی، سکیورٹی کے بندوبست اور ایس  وی ای ای پی  کے پہلوؤں پر جامع روشنی ڈالی، جبکہ ای سی آئی کے دلی اسٹیٹ انچارج اور سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر جناب  سندیپ سکسینہ نے  انتخابی فہرستوں کے معاملے، آئی ٹی کے استعمال سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر سدیپ جین نے ای وی ایم اور وی وی پیٹ کے بندوبست نظام پر، جبکہ ایک اور ڈپٹی الیکشن کمشنر چندر بھوشن کمار نے قانونی امور پر  تفصیلی روشنی ڈالی۔ اخراجات سے متعلق ڈائرکٹر جناب وکرم  بترا نے اخراجات کے بندوبست کے امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ مواصلات کے ڈی جی دھیریندر اوجھا نے افسران کو رقم کے بدلےخبروں کی اشاعت، میڈیا کا سرٹیفکیشن اور نگراں کمیٹیوں کے علاوہ سوشل میڈیا سے جڑے پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔

مشاہدین کے سامنے اس بات کو خاص طور پر اُجاگر کیا گیا کہ جھارکھنڈ کے حالیہ انتخابات میں ڈاک سے ووٹ دینے کی سہولت 80 سالہ بزرگوں اور معذوری سے متاثرہ ووٹروں کے لئے تجرباتی طور پر متعارف کرائی گئی تھی اور گھرسے ووٹ دینے کی سہولت کو 80 سال یا اس سے زیاد ہ عمر کے بزرگوں کےلئے ، معذوری سے متاثرہ افراد اور دلی میٹرو جیسی لازمی خدمات  میں ڈیوٹی پر موجود عملے کے لئے بھی یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بروقت مواصلات کے ماحول کو یقینی بنانے والا آئی ٹی حل، ای این سی او آر ای ، جو ایک مربوط پورٹل ہے، انتخابی افسران کے ذریعہ حلف نامے داخل کرنے، انتخابی نشان تفویض کرنے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ، امیدواروں کی اجازت سے متعلق جانچ پڑتال، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان وغیرہ کے لئے استعمال کیا جائے گا تاکہ کارکنوں کی مؤثر اور تیز تر کارکردگی کو آج یقینی بنایا جا سکے۔فوٹووالےووٹرسلپ کے لئے کیو آر کوڈ کی سہولت والی دیگر اپلی کیشنز کو کم از کم 11 اسمبلی حلقوں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ  آزادانہ ، منصفانہ، پُرامن، شمولیت والے ، قابل رسائی اور روایتی انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

۰۰۰۰۰

U-185


(Release ID: 1599386)
Read this release in: English