پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 DEC 2019 4:31PM by PIB Delhi
نئیدہلی۔27؍دسمبر۔اڈیشہ کے بلانگیر میں بی پی سی ایل کے ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کو آج اڈیشہ کے گورنر پروفیسر گنیشی لال نے پٹرولیم اور قدرتی گیس اور اسٹیل کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان کی موجودگی میں قوم کے نام وقف کیا۔ زراعت اور کسانوں کو بااختیار بنانے سے متعلق اڈیشہ حکومت کے وزیر جناب ارون کمار ساہو ، بلانگیر کی ممبر پارلیمنٹ محترمہ سنگیتا کماری سنگھ دیو اور بلانگیر کے رکن اسمبلی جناب نرسنگھ مشرا اور ریاست کے عہدیدار اور بی پی سی ایل کے دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ابتدائی طور پر بی پی سی ایل کے ایسٹ ایل پی جی پلانٹ کو نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیانائیڈو قوم کے نام وقف کرنے والے تھے وہ رائے پور پہنچ چکے تھے لیکن آج خراب موسم کی وجہ سے وہ بلانگیر نہیں آسکے۔ اپنے آڈیو پیغام میں ، جو یہاں سنایا گیا ، نائب صدر جمہوریہ نے 19 مہینے کے ریکارڈ وقت میں مقررہ وقت سے تین ماہ پہلے ہی بلانگیر میں ایل پی جی کا جدید پلانٹ تیار کرنے کیلئے بھارت پٹرولیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بلانگیر میں ایل پی جی پلانٹ شروع ہونے سے خطے کے لوگوں کو اب کسی دقت کے بغیر سیلنڈر مل سکیں گے۔
بلانگیر ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کا سنگ بنیاد 21 مئی 2018 کو پٹرولیم اور قدرتی گیس اور ہنرمندی کے فروغ کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان ، حکومت ہند کے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت اور پٹناگڑھ کے ایم ایل اے جناب کے وی سنگھ دیو نے رکھا تھا۔ یہ پلانٹ 103 کروڑ روپئے کی لاگت سے 19 ماہ کے ریکارڈ عرصے میں تیار ہوگیا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب دھرمیندر پردھان نے کہا کہ 2014 تک ملک میں صرف 13.20 کروڑ ایل پی جی کے صارفین تھے جن کی تعداد اب 27 کروڑ سے آگے پہنچ گئی اور صرف اڈیشہ میں ان کی تعداد 80 لاکھ سے زیادہ ہے۔نئے پلانٹ سے ریاست کے مغربی علاقے کے 14 اضلاع کو فائدہ ہوگا۔ ایل پی جی سلینڈر سپلائی کرنے کے لئے 150 سے زیادہ ٹرک کام کریں گے اور اس طرح 500 سے زیادہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پلانٹ سے خطے میں اقتصادی خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بلانگیر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جو ایک امنگوں کا ضلع بھی ہے۔
بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹیڈ (بی پی سی ایل) ، پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کے تحت ایک مہارتن پی ایس یو ہے اور اس نے اڈیشہ کے بلانگیر ضلع میں برکانی گاؤں میں ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ قائم کیا ہے۔ بی پی سی ایل کا ایک ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ اڈیشہ کے خوردہ میں پہلے ہی موجود ہے۔ تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں کے بالاسور ، جھارسوگوڈا، خوردہ اور جٹنی میں ایل پی جی سلینڈر بھرنے کے پلانٹ موجود ہیں۔ بلانگیر میں ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ کے علاوہ تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں کا رائے گڑھ میں نیا پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔اڈیشہ میں کُل ملاکر سات نئے اور پرانے باٹلنگ پلانٹ ہیں۔ ان باٹلنگ پلانٹس کی صلاحیت سالانہ 4.06 کروڑ سلینڈر بھرنے کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
م ن۔و۔ع ن
U-6064