نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت

فٹ انڈیا پروگرام کی صورت حال

Posted On: 12 DEC 2019 3:04PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،12؍دسمبر،فٹ انڈیا تحریک کا آغاز 29 اگست 2019 کو کیا گیا تھا، جس کا مقصد  تمام شہریوں میں چست درست رہنے کی عادت  کو فروغ دینے  کی خاطر  سبھی کے لئے  جسمانی تندرستی  کو فروغ دینا ہے۔ فٹ انڈیا  ایک عوام پر مرکوز تحریک ہے جسے جتنی بھی زیادہ ممکن ہوسکے شہریوں کی شرکت کے ساتھ رضاکارانہ طور پر چلایا جارہا ہے۔ شہریوں کی ہمت افزائی کی جارہی ہے کہ وہ  کھیل کود ، چہل قدمی ، جوگنگ ، سائیکلنگ، ڈانسنگ ، یوگ آسن اور کسی بھی دوسری جسمانی  سرگرمیوں کے ذریعے  اپنا دن کا  کچھ  وقت  جسمانی سرگرمیوں میں صرف کریں۔

اسکول جانے والے بچوں میں  تندرستی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی خاطر  نومبر  2019 میں  ملک بھر کے اسکولوں میں فٹ انڈیا اسکول ہفتے منائے گئے  اور یہ  پروگرام دسمبر 2019  میں بھی جاری ہے۔ اب تک  فٹ انڈیا اسکول ہفتے  میں  15000  اسکول شرکت کرچکے ہیں۔

فٹ انڈیا تحریک کو آگے لے جانے کے لئے پورے ہندوستان میں 2 اکتوبر کو   پلاگ رن ( کوڑا چنتے ہوئے دوڑ)  کا انعقاد کیا گیا اور اب  بہت سے اضلاع میں   ماہانہ پلاگ رن کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ فٹ انڈیا اسکول سرٹیفکٹ درجہ بندی نظام کے ساتھ شروع کیا گیا ہے، جس میں ریاستوں  اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ  اپنے زیادہ سے زیادہ اسکولوں کو  فٹ انڈیا سرٹیفکٹ حاصل کرنے کی ہمت افزائی کریں۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت اگلے چند  ماہ میں  مختلف فریقوں کے ساتھ مل کر  فٹ انڈیا سائیکلوتھان ، واکا تھان اور فٹ انڈیا  روایتی کھیل کود کے مقابلوں کا انعقاد  کرنے پر کام کررہی ہے۔ مختلف شعبوں میں اسی طرح کی  منصوبہ بندی اور  دیگر سرگرمیوں کے لئے  منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے  فٹ انڈیا تحریک کی ہمت افزائی اور  اسے وسعت دینے کی خاطر مختلف متعلقہ ریاستوں کے لئے  امکانی سرگرمیوں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔ کوشش کی جارہی کہ  مشاورتی عمل کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔ البتہ فٹ انڈیا سرگرمیاں مشاورتی عمل کے دوران  بھی  شروع کی جاتی رہیں گی۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ  اپنے اپنے  دائرہ اختیار  والے علاقوں میں فٹ انڈیا تحریک  کے لئے سہولت پیدا کریں  اور ان کی ہمت افزائی کریں۔

مذکورہ بالا معلومات آج  نوجوانوں کے امور  اور کھیل کود کے مرکزی وزیر مملکت  (آزادانہ چارج)  جناب کرن رجیجو نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۰۰۰۰۰۰۰۰

(م ن-و ا- ق ر)

U-5801


(Release ID: 1596235) Visitor Counter : 80


Read this release in: English