وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نے ایودھیا سے متعلق فیصلہ آنے پر امن اور ہم آہنگی کی اپیل کی


انہوں نے کہا  اِس فیصلے کو جیت یا ہار کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے

Posted On: 09 NOV 2019 2:07PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،09 نومبر  / وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ایودھیا فیصلے کے بارے میں امن اور ہم آہنگی کی اپیل کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس فیصلے کو کسی کے لیے جیت یا ہار کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ چاہے رام بھکتی ہو یا رحیم بھکتی، ضروری ہے کہ ہم راشٹر بھکتی کے جذبے کو مضبوط کریں!

سپریم کورٹ کا ایودھیا فیصلہ اہم ہے کیونکہ یہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی تنازعہ کو قانون کے مناسب عمل کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ یہ ہماری عدلیہ کی آزادی ، شفافیت اور دور اندیشی کی بھی تصدیق کرتا ہے ۔ واضح طور پر یہ بھی دکھاتا ہے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔  عدلیہ نے اُس معاملے کو پُر امن طریقے سے ختم کیا جو کئی دہائیوں سے چلا آرہا تھا، ہر ایک فریق ، ہر ایک نقطۂ نظر کو کافی وقت اور موقع دیا گیا کہ وہ اپنے مختلف نظریے کا اظہار کریں۔ اس فیصلے سے عدالتی عمل میں لوگوں کے بھروسے میں مزید اضافہ ہوگا۔

آج کے فیصلے کے بعد 130 کروڑ ہندوستانیوں نے جس سکون اور امن کو برقرار رکھا ہے اُس سے پُرامن ، بقائے باہمی کے لیے  ہندوستان کی بنیادی عہدبندی کا اظہار ہوتا ہے۔ اتحاد اور میل جول کا یہی جذبہ ہمارے ملک کی ترقی کو تقویت دیتا رہے ، میری خواہش ہے کہ ہر ایک ہندوستانی بااختیار بنے۔

 

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(م ن ۔ ا گ ۔ م ت ح(

   U-5025                                                                                            

 



(Release ID: 1591121) Visitor Counter : 77