پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 OCT 2019 4:58PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 22 اکتوبر 2019، محنت و روزگار کے وزیر مملکت جناب سنتوش کمار گنگوار نے کہا ہے کہ ‘لیبر’ کا معاملہ مشترکہ فہرست کے تحت آتا ہے اور مرکزی و ریاستی حکومتیں ورکروں کی فلاح وبہبود کے لئے آپسی تال میل کے ساتھ کوششیں کرتی ہیں۔ وہ آج بھوبنیشور میں علاقائی لیبر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ چھ ریاستوں اڈیشہ، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور انڈو مان و نکوبار کے وزرا محنت اور سینئر اہلکاروں نے محنت کی وزارت کے اہلکاروں کے ساتھ اس کانفرنس میں حصہ لیا۔ علاقائی کانفرنسوں سے مرکز و ریاستی حکومتوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مرکزی لیبر قوانین مرکزی حکومت کے ذریعہ بنائے جاتے ہیں لیکن ان کا نفاذ ریاستیں کرتی ہیں اور مرکز کے ساتھ صلاح و مشورہ کرنے کے بعد خصوصی جغرافیائی اور آبادی سے متعلق صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان میں تبدیلیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون مناسب طریقے سے نفاذ کے ذریعہ ہی اپنے مقاصد حاصل کرسکتا ہے اور یہ ریاستی حکومتیں ہیں جو ان قوانین کو زمینی طرح پر نافذ کررہی ہیں۔
جناب گنگوار نے کہا کہ حال ہی میں حکومت ہند نے ملک کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ مزدوری (ویج) سے متعلق کوڈ پارلیمنٹ نے اس سال اگست میں منظور کیا اور اب ریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ مزدوری سے متعلق کوڈ کے سلسلے میں ضابطے بنائیں، کم از کم مزدوری کا تعین کریں اور بیداری مہم کا اہتمام کریں تاکہ غیر منظم شعبے کے زیادہ سے زیادہ ورکروں کو اس سے فائدہ ہوسکے۔
پیشہ وارانہ تحفظ، صحت اور کام کرنے کے حالات سے متعلق کوڈ (قانون) کو لوک سبھا میں پیش کئے جانے کے بعد پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے پاس بھیجا گیا ہے۔ یہ بھی ایک اہم قانون سازی ہے جو 13 مرکزی قوانین کو آپس میں ضم کرتی ہے اور صحت، سکیورٹی اور ورکروں کے کام کرنے کے حالات جیسے امور کا احاطہ کرتی ہے۔
لیبر قوانین کو سہل بنانے کے علاوہ مرکزی حکومت نے غیر منظم شعبے کے ورکروں اور چھوٹے تاجروں اور اپنا روزگار خود کرنے والے افراد کے لئے پنشن کی اسکیم شروع کی ہے۔ غیر منظم شعبے کے تقریباً 33 لاکھ ورکروں نے خود کو پنشن اسکیم سے جوڑا ہے۔ لیکن غیر منظم شعبے کے تقریباً 40 کروڑ ورکروں کو اس اسکیم سے جوڑنے کےلئے سبھی ریاستی حکومتوں کے ساتھ تال میل قائم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ای پی ایف او اور ای ایس آئی سی کی خدمات کو بہتر بنانے اور ان کے اندر مزید شفافیت اور جوابدہی لانے کے لئے اطلاعاتی ٹکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس ریاستی حکومتوں کے ساتھ مزید بہتر تال میل قائم کرنے میں کامیاب رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
U- 4703