پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 AUG 2019 11:51AM by PIB Delhi
نئی دہلی،31 اگست / فٹ انڈیا تحریک کے ایک حصے کے طور پر وزیر مملکت برائے ثقافت اور سیاحت (آزادانہ چارج) جناب پرہلاد سنگھ پٹیل ، نے آج نئی دہلی میں ہمایوں کے مقبرے میں صبح کی سیر کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب پٹیل نےکہا کہ تندرستی کے تئیں بیداری ہندوستانی ثقافت اور ورثے کا ایک حصہ ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں بہتر صحت کے لیے یوگ، ورزش ، پیدل چلنا اور اس سے متعلق کام کرنے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ ‘صحت سب سے بڑی دولت ہے’ اور ایک صحتمند جسم سے ہی ہم اپنے دنیاوی اور روحانی اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔ جناب پٹیل نے تمام شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ‘فٹ انڈیاتحریک ’ میں حصہ لیں اور اس کو ایک عوامی تحریک بنائیں۔
جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے اپنے دورے کے دوران ہمایوں کے مقبرے کے احاطے میں نیلے گنبد کو عام لوگوں کے داخلے کے لئے کھولا۔ نیلے گنبد مغل دور کے قدیم ترین ڈھانچوں میں سے ایک ہے اور 1530 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ نیلے گنبد کو یمنا میں ایک ٹاپو پر تعمیر کیا گیا تھا ، اور بعد میں 70- 1569 میں جب ہمایوں کا مقبرہ تعمیر ہوا تھا تو یہ اور اس کے آس پاس کے دیگر ڈھانچوں کو کمپلیکس میں شامل کرلیا گیا تھا۔

نیلے رنگ کی ٹائلوں کی وجہ سے نیلے گنبد کو یہ نام دیا گیا تھا۔ عوام آج سے ہمایوں کے مقبرہ کے احاطہ کے اندر سے اس تک پہنچ سکیں گے۔
انیسویں صدی میں جب نیلا گنبد باغ کے شمالی حصہ کو ریلوے لائنوں کی تعمیر کے لئے قبضے میں لیا گیا اور نظام الدین ریلوے اسٹیشن تعمیر کیا گیاتو نیلے گنبد کی اہمیت کم ہونے لگی تھی۔ مقبرہ اس کے ساتھ ہی منسلک ہے۔ 1980 میں ، ہمایوں کے مقبرے سے نیلے گنبد کو علیحدہ کرنے والی ایک سڑک بنائی گئی اور بعد میں نیلے گنبد پرآباد کاروں نے قبضہ کر لیا ، جس پر 200 سے زیادہ جھگیاں بنائی گئی تھیں۔
اس کی چمک کو واپس لانے کے لئے ، ریلوے کے ساتھ معاہدے کے مطابق ، غیر قانونی بستی کے آبادکاروں کی 05-2004 میں بازآبادکاری کی گئی۔ اس کے بعد 2014 میں ریلوے کے ساتھ معاہدے کے مطابق اس یادگار کو ہمایوں کے مقبرے سے علیحدہ کرنے والی سڑک کو منتقل کر دیا گیا تاکہ ہمایوں کے مقبرے سے نیلے گنبد تک رسائی ہو سکے۔
گزشتہ 5 برسوں میں بہت محنت کے بعد ، اس کے آس پاس کا قدرتی منظر بحال ہوا اور متبادل سڑک تعمیر کی گئی۔ اس کے علاوہ اینٹ جیسی 15000 ٹائلوں کی گمشدگی سےگنبد کی شان و شوکت مکمل طور پر ختم ہوگئی تھی۔ مقبرے کی عظمت کو واپس لانے کے لئے ، ہمایوں کی قبر کے احاطے میں بھٹے بنائے گئے ، حضرت نظام الدین بستی کے جوانوں کو مقرر کیا گیا ، اور دستکاری کی کھوئی ہوئی روایت کو دوبارہ زندہ کیا گیا۔
چھت کی ہندسی اور فنی تخلیقات ، جو برسوں سے سفیدی اور سیمنٹ کی بہت سی تہوں کے نیچے چھپی ہوئی تھیں ، منظر عام پر آئیں اور گمشدہ سینڈ اسٹون کی جالیوں کو دوبارہ نصب کیا گیا۔
ریلوے سے حاصل شدہ اراضی کا ایک حصہ اس طرح دوبارہ تیار کیا گیا تھا کہ قبر کے آس پاس اصل پارک کے کچھ حصے کو پھر سے تیار کیا جاسکے۔
اس کے علاوہ ، تحفظاتی کام کے دوران ، ایک ڈھلان دار راہ (ریمپ) کی آثار قدیمہ کی باقیات بھی پائی گئیں۔ تصور کیا جاتا ہے کہ اس ڈھلان دار راستہ کا استعمال ہمایوں کے مقبرے کی تعمیر کے لئے کشتیوں سے یہاں پہنچنے والے پتھروں اور دیگر تعمیراتی سامان کو چڑھانے کے لیے کیا جاتا تھا۔ ہمایوں کے مقبرے کی مشرقی دیوار کے ساتھ دریا کی اصل حالت کو بحال کرنے کے لئے 10 فٹ سے زیادہ جمع گاد کو ہٹا یا گیا۔ اس سے نیلے گنبد کی شمالی محراب کا انکشاف ہوا - جسے بعد میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔
مقبرے کے تحفظ کا کام آغا خان ٹرسٹ نے ہندوستان کے آثار قدیمہ کے تعاون سے کیا ۔
سال 2017 میں ، یونیسکو نے ہمایوں کے مقبرے کی توسیع شدہ وراثت کےمقام کے حصے کے طور پر نیلے گنبد کو عالمی ورثہ قرار دیا تھا۔
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
(م ن ۔ رض۔ ت ح(
U-3972